English   /   Kannada   /   Nawayathi

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے (قسط 15)

share with us
bhatkal, bhatkal media, bhatkal Fikrokhabar, Fikrokhabar, Fikrokhabar bhatkal, moulana ammar ahmed limbada nadwi, moulana hashim nadwi/ moulana abdul bari nadwi, moulana ilyas nadvi, moulnana,  moualan atiqur rahman nadwi, moulana rizwan nadwi, moulana syed ead ahmed nadwi, moulana mufti abdun noor nadwi, moulana azhar nadwi,

نوجوان اکابر

عمار عبد الحمید لمباڈا

مغرب سے قبل ہم لوگ فکر و خبر کے آفس میں تھے جو کسی کاروباری کمپنی کے آفس کے مشابہ ہے، یہاں تمام چیزیں باقاعدہ و باسلیقہ ہیں ، یہ ایک ادارہ ہے جو آن لائن خدمات انجام دیتا ہے ان کی ویب سائٹ پر علماء کی سرپرستی میں اردو انگریزی اور کنڑ زبانوں میں خبریں شائع ہوتی ہیں ، ان خبروں میں ملکی ،عالمی، خلیجی، ساحلی اور عالم اسلام کی تازہ ترین خبریں شائع ہوتی ہیں۔ نیز موجودہ حالات پر تازہ ترین تبصرے اور معلوماتی، فکری، اصلاحی، ادبی، اور تعمیری مضامین بھی شائع ہوتے ہیں۔

فکرو خبر کی بنیاد مولانا سید ہاشم نظام ندوی صاحب نے اپنے رفقاء کے ساتھ سن 2012 میں رکھی۔ جو ابھی ایڈیٹر ان چیف ہیں۔

اس کے پہلے صدر سابق مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور سابق امام و خطیب جامع مسجد بھٹکل حضرت مولانا عبد الباری ندوی رحمۃ اللہ علیہ تھے اور اس کے موجودہ صدر مولانا محمد الیاس ندوی ہیں۔

مقاصد

اس کا بنیادی مقصد صحافت کے ذریعہ سچا پیغام لوگوں تک پہنچانا ہے اور جدید سے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے دعوتی فرائض انجام دینا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ علماء کو صحافت سے جوڑنا بھی ہے۔

نیز لوگوں کی دینی ضروریات کے پیش نظر فقہی مسائل، آداب و فضائل ، درس قرآن اور ہفتہ واری خصوصی پروگرام سچی بات جیسے پروگرام لوگوں کے گھروں تک نہیں بلکہ ان کی چشم تک یعنی ان کی موبائل اسکرین تک یہ حضرات پہنچانے کا کام کررہے ہیں ۔ ان پروگراموں سے استفادہ کرنے کے لئے اس نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں 919108080800+

 

شعبہ فقہ شافعی

اس کا ایک شعبہ فقہ شافعی کا ہے جس کے ذمہ داران میں مولانا عبد النور ندوی صاحب ، مولانا مفتی فیاض برمارے حسینی اور مولانا سید ابراہیم اظہرندوی ہیں۔
مولانا عبد النور ندوی صاحب نوائطی زبان میں امچے مسائل (ہمارے مسائل) کے نام سے ایک پروگرام کی ہوسٹنگ کرتے ہیں۔ وہ جماعت المسلمین بھٹکل کے نائب قاضی (دوم ) بھی ہیں۔

 

FikrokhabarTV

اسی طرح ڈیلی ویڈیو نیوز کے نام سے یہ حضرات خود نیوز پڑھ کر یوٹیوب FikrokhabarTV چینل پر اپلوڈ کرتے ہیں یہ خبریں پڑھنے والے تقریبا علماء ہیں۔

مولانا عتیق الرحمن ندوی صاحب فکرو خبر سے اس کی ابتدا سے جڑے ہوئے ہیں اور نیوز شعبہ کے ذمہ دار ہیں اور رپورٹ تیار کرنے میں بڑی مہارت رکھتے ہیں۔

مولانا رضوان ندوی صاحب اپنی آواز سے مشہور ہیں۔ ان کے خبریں سنانے کا انداز اتنا نرالا اور پیارا ہے کہ سننے والا سنتے ہی رہ جائے۔ یہ ویڈیو سیٹنگ سافٹ وئیر کے استعمال میں بھی بڑے ماہر ہیں اور ڈیزائننگ میں بھی ید طولیٰ رکھتے ہیں۔

 

سیرت رسولؐ ویڈیو کی شکل میں

ایک پروگرام رحمت عالم کے نام سے ہر جمعہ کو نشر ہوتا ہے جس میں سیرت کو ویڈیو کی شکل میں پیش کیا جاتا ہے یہ سیرت کو ویڈیو کی شکل میں لوگوں کے سامنے لانے کی بہترین کوشش ہے اور مولانا سید ایاد احمد ندوی صاحب اس پروگرام کی ہوسٹنگ کرتے ہیں۔

 

islamiafkaar.com

یہ اس ادارہ کا ایک شعبہ ہے جس میں درس قران، درس حدیث، شہر بھٹکل کی جمعہ مساجد کے خطبے اور بیانات، دیگر اہم بیانات، حرمیں شریفین کے خطبے اور اس کا اردو ترجمہ، اسلامی افکار، فقہی مسائل، فقہی شافعی مسائل سوال جواب، اہم دینی موضوعات پر مختصر اوڈیو ، اللہ کی طرف متوجہ کرنے والا رمضان ایک منٹ كا سبق، مسنون دعائیں اور اوقات الصلاۃ جیسے اہم موضوعات پر مواد لوگوں کی رہنمائی کے لئے ہر وقت دستیاب ہے۔

اس ادارہ کے عملہ میں تقریبا سب ہی علماء ہیں اور وہ بھی تازہ دم، گرم خون چیتے کا جگر، شاہین کا تجسس رکھنے والے علماء ہیں ان کی پرواز بہت اونچی ہیں، جس مستعدی سے مولانا عتیق صاحب اور مولانا عبد النور صاحب اپنے کام کا تعارف اور آئندہ کے عزائم پر روشنی ڈال رہے تھے یہ احساس ہو رہا تھا کہ یہی وہ دور جدید کے اکابر ہیں جو ستاروں پہ کمندیں ڈالنے کی سعی کر رہے ہیں۔

یہ حضرات انگریزی زبان میں بھی خبریں سناتے ہیں لیکن ان کی زبان سے یہ اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے کہ یہ کسی مدرسہ کے فارغ ہیں یا کوئی مشاق نیوز انکر۔۔

پروفیشنل کورس کرکے اس میدان میں قدم رکھنے والے پروفیشنل ہی ہوتے ہیں یہ بے چارے کہاں پروفیشنل؟ یہ تو نان جوی سے زور حیدری پانے والی جماعت؍مخلصین کے افراد ہیں۔ لہذا ان کے پروگراموں میں لاکھوں کے کپڑے، بڑی لاگت سے درآمد مشروم ،اور آم کو کاٹ کر کھانے یا چوس کر کھانے جیسے موضوعات پر چلّانا اور ہنگامہ برپا کرنا نہیں ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ یہ چینل کے انفجار کا دور ہے جس میں لوگ اپنی آوازوں کو چلّا کر سنانے کی کوشش کرتے ہیں اور اس میں بھی دبے کچلے، کٹے پھٹے لوگ، مسخ شدہ زندہ لاشوں جن سے زندگی کی رمق چھین لی گئی ہو ان ستم نصیبوں کی آواز کون بلند کرے؟ جب سب ہی چاپلوسی کے مارے ہو۔ خود مسلمانوں کے زیادہ تر چینلوں کا وجود وقت سے پہلے پیدا ہونے والے بچوں کا سا ہے جنہیں کانچ کے بکس کی ضرورت ہے لیکن اسپتالوں کے خرچے اٹھانے کی سکت ان کے ماں باپ میں نہیں ہے ایسے وقت میں مولانا ہاشم صاحب اور ان کے معاونین کے یہ فکر خبر اور مولانا منیری کے بھٹکلیس جیسے اداروں کی وقعت بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔

مولانا منیری نے اکابر کو اردو آڈیو ڈاٹ کام پر زندہ رکھا ہے تو ان زندہ دل جوانوں نے اپنے حوصلوں سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اکابر اب بھی زندہ ہیں اور وہ نوجوان بھی ہیں، بوڑھے نہیں۔

06؍ جنوری 2022

 

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے قسط 1

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے قسط 2

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے (3)

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے(4)

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے قسط (5)

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے(6)

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے( 7 )

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے( 8 )

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے( 9 )

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے( 10 )

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے( 11 )

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے( 12 )

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے( 13 )

چلتے ہو تو بھٹکل چلیے( 14 )

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا