English   /   Kannada   /   Nawayathi

امریکا کا افغان عوام کیلیے مزید 14 کروڑ 40 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان ،اور اس پر طالبان کا جواب

share with us

واشنگٹن: 30 اکتوبر2021(فکروخبر/ذرائع)امریکا نے جنگ سے زخم خوردہ افغان عوام کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 144 ملین ڈالر مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے انسانی بحران سے دوچار افغانستان کے لیے رواں برس مزید 14 کروڑ اور 40 لاکھ  ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس طرح شورش زدہ ملک کے لیے امریکا کی رواں برس مجموعی مالی امداد 474 ملین ڈالر ہوجائے گی۔

اضافی مالی امداد کا اعلان امریکا کے وزیر خارجہ اینتھونی بلنکن نے کیا تاہم ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ مالی امداد کی رقم طالبان حکومت کے ذریعے نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے مختلف اداروں، عالمی ادارہ صحت اور انسانی ہمدردی کے لیے کام کرنے والی این جی اوز کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔

امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایک سال میں 474 ملین ڈالر کی مالی امداد سے امریکا دنیا کا واحد ملک بن گیا ہے جس نے افغان عوام کے لیے اتنی بھاری مالی امداد کی ہو۔ اس رقم سے افغان شہریوں اور دیگر ممالک میں پناہ لینے والے ایک کروڑ 80 لاکھ افغانیوں کی مدد کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے خبردار کیا تھا کہ افغانستان میں لاکھوں بچوں کے غذائی قلت سے ہلاک ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں جب کہ اس وقت آدھی سے زیادہ آبادی کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے۔

 

 

وہی دوسری جانب امارت اسلامیہ افغانستان نے اپنے مرکزی بینک کے اربوں ڈالر کے ذخائر کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قحط زدہ ملک کو نقدی کی کمی، غذائی قلت اور نقل مکانی کے بحرانوں کا سامنا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے افغانستان کے 10 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے فوری جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر افغانستان کے مرکزی بینک کے منجمد اثاثوں کو بحال کردیا جائے تو کسی اور مالی امداد کی ضرورت نہیں رہے گی۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں افغان شہریوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مالی امداد کی فوری ضرورت ہے اس لیے جی 20 اجلاس میں منظور کی گئی ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی امداد فوری تقسیم ہونی چاہیے۔

دوسری جانب وزارت خزانہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ حکومت نے بشمول خواتین کی تعلیم کے انسانی حقوق کے احترام کی یقین دہانی کراتے ہوئے مزید مالی امداد مانگی ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان کی مرکزی بینک ’’یو ایس فیڈرل ریزرو‘‘ اور یورپ کے دیگر مرکزی بینکوں میں اربوں ڈالر کے اثاثے رکھے ہیں لیکن اگست کے وسط میں طالبان کی جانب سے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے یہ رقم منجمد ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا