English   /   Kannada   /   Nawayathi

ایمریٹس اور اتحاد ایئر ویز نے ملازمین کی تنخواہیں50 فیصد تک گھٹا دیں

share with us

دُبئی09 جون2020(فکروخبر/ذرائع) ایمریٹس اور اتحاد ایئر لائنز نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کر دی۔ جس کی وجہ دونوں اماراتی ایئر لائنز کو کورونا وبا کے باعث پیش آنے والا مالی خسارہ بتائی گئی ہے۔ دونوں ایئر لائنز کی جانب سے اپنے ملازمین کو ستمبر 2020ء تک کم تنخواہ دی جائے گی۔ اُردو نیوز کے مطابق وبا کے دوران دنیا بھر میں پروازیں معطل ہونے کی وجہ سے ہوابازی کی صنعت کو بہت نقصان پہنچا ہے۔
ایمریٹس اور اتحاد نے اپنے فضائی آپریشنز محدود کر رکھے ہیں۔ جس میں زیادہ تر متحدہ عرب امارات سے باہر جانے والی پروازیں ہیں۔امارات نے گذشتہ ہفتے وہاں کے ہوائی اڈے پر مسافروں کے رکنے پر سے پابندی ہٹائی ہے جس کے بعد اب یہ دونوں ائیرلائنز متصل پروازیں دوبارہ شروع کریں گی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایمریٹس نے اپنے ملازمین کو ایک آفیشل ای میل بھیجی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایمریٹس نے تین ماہ کے لیے جو تنخواہوں میں کٹوتی کا اعلان کیا تھا اس کی مُدت بڑھا کر30 ستمبر 2020ء تک کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل تنخواہوں میں کٹوتی کا یہ دورانیہ اس مہینے جون میں ختم ہونا تھا۔ای میل کے مطابق کچھ کیسز میں تنخواہوں میں زیادہ کٹوتی ہوگی، جو کہ پچاس فیصد تک ہو سکتی ہے۔ ای میل میں یہ بھی لکھا تھا کہ یہ فیصلہ کمپنی کی کیش کی صورتحال کو بچانے کے لیے تمام آپشنز کا جائزہ لینے کے بعد کیا جارہا ہے۔امارات کی حکومت کا ایمریٹس گروپ نے اس بارے میں کوئی بیان دینے روئٹرز کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ اپریل سے ایمریٹس نے بنیادی تنخواہیں تین ماہ کے لیے 25 سے 50 فیصد تک کم کی تھیں، تاہم یہ کٹوتی کم درجے والے ملازمین پر لاگو نہیں کی گئی تھی۔ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ابوظبی کی اتحاد ائیرویز نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 سے 50 فیصد تک کی کٹوتی کے دورانیے کو ستمبر تک بڑھا دیا ہے۔ گزشتہ ماہ ایمریٹس کے علاوہ اتحاد ایئر ویز نے بھی مختلف شعبوں سے سینکڑوں ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔
اتحاد ایئر ویز کے ترجمان نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے ”ہمیں اپنی ورلڈ کلاس ورک فورس پر بے انتہا فخر ہے، تاہم موجودہ کاروباری صورت حال کے پیش نظر مختلف شعبوں میں ملازمین کی تعداد گھٹائی جا رہی ہے۔کورونا کی وبا کے باعث جہاں ہر کاروباری شعبہ متاثر ہوا ہے، وہیں اتحاد ایئر ویز بھی اس بحران سے محفوظ نہیں رہا ہے۔ موجودہ حالات سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ مستقبل قریب میں بھی فضائی سفر محدود رہے گا، جس کی وجہ سے اتحاد ایئرلائنز کو مجبوراً مشکل فیصلے لیتے ہوئے ملازمین کی تعداد میں کمی کرنی پڑ رہی ہے۔
“ دیگر فضائی کمپنیوں کی طرح اتحاد ایئر ویز کے طیارے بھی کئی ہفتو ں تک گراؤنڈ رہے ہیں۔ تاہم کچھ دنوں سے اس ایئر لائن کی جانب سے ابو ظبی ایئرپورٹ سے مسافروں کے لیے خصوصی پروازیں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی اتحاد کی پروازیں مسافروں کو ابو ظبی لا رہی ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق گزشتہ سال اتحاد ایئر لائنز کے ملازمین کی گنتی 20,500 تک پہنچ گئی تھی، مگر اب یہ فضائی کمپنی کورونا کے باعث کاروباری مشکلات کا شکار ہو گئی ہے، اسی وجہ سے فضائی عملے سمیت دیگر شعبوں سے بھی سینکڑوں ملازمین کی نوکریاں ختم کر دی گئی ہیں۔
جس کا مقصد اخراجات میں کمی لا کر تجارتی خسارے پر قابو پانا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مستقبل قریب میں مزید ملازمین کی نوکریاں ختم کی جائیں گی۔ 2016ء سے لے کر اب تک اتحاد ایئر ویز کو 20.5 ارب درہم کا بڑا معاشی خسارہ ہو چکا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا