English   /   Kannada   /   Nawayathi

گوری لنکیش کے بعد پرکاش رائے کا نمبر تھا ، گوری لنکیش کے قتل کے ملزمین نے ایس آئی ٹی کی تحقیقات میں کیا انکشاف 

share with us

بنگلورو 26؍ جون 2018(فکروخبر نیوز) گوری لنکیش کے قاتلوں نے نیشنل ایوارڈ یافتہ پرکاش رائے کو بھی قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس بات کا انکشاف ایس آئی ٹی کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے دوران ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پرکاش رائے کو قتل کرنے کا منصوبہ اس وقت بنایا گیا تھا جب انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کو عوامی جلسوں میں نشانہ بنانا شروع کیا۔ قاتلوں نے گریش کرناڈ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور اس منصوبہ کا نام انہوں نے آپریشن کاکا رکھا تھا ، پرشورام واگھمارے جس پر گوری لنکیش کو قتل کرنے کا الزام ہے اس نے تحقیقات کے دوران انکشاف کیا ہے کہ پرکاش رائے نے گوری کے قاتلوں کے خلاف کھلم کھلا اپنی بات کا اظہار کرنا شروع کیا ، اس نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ ہندو مخالف کہنے پر بھی وہ اس سے متفق نہیں تھے۔ یاد رہے کہ پرشورام کے ساتھ سجیت کمار ، امول ککالے ، امت دیگویکر ، منوہر ڈنڈپا اور منوج کو بھی گوری لنکیش قتل معاملہ میں حراست میں لیاجاچکا ہے۔ اس خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے پرکاش رائے نے کہا کہ فکر سے اختلاف کا حل اس آدمی کا قتل نہیں ہے۔ یہ بڑی دکھ کی بات ہے کہ ہمارے ملک کے لوگوں میں اس بات کا زہر گھولا گیا ہے کہ جو رائے سے اختلاف کرے اس کو راستے سے ہٹایا جائے۔ میں اس بات کو لے کر بھی دکھی ہوں کہ ہمارے نوجوانوں میں بھی یہ زہر گھولاگیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں ہندو مخالف ہوں لیکن میں نے کبھی مذہب کے خلاف بات نہیں کی بلکہ ان لوگوں کی مخالفت میں نے ضرور کی ہے کہ جو مذہب پر سیاست کرتے ہیں اور نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھول دیتے ہیں۔ میں سوالات کرنے سے باز نہیں آؤں گا اور میری یہ لڑائی اس وقت تک چلتی رہے گی جب تک مجھ پر لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہوتے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا