English   /   Kannada   /   Nawayathi

دلت آدیواسیوں کا بھارت بندسڑکوں سے لے کر ریلوے ٹریک پر بھی ہنگامہ ، کئی سیاسی جماعتیں بھی حمایت میں اتری

share with us

نئی دہلی :05؍مارچ2019(فکروخبر/ذرائع)لوک سبھا انتخابات سے قبل ایک بار پھر ملک کی کئی دلت اور قبائلی تنظیمیں مودی حکومت کے خلاف سڑکوں پر اتر گئی ہیں۔ پورے ملک میں بھارت بند کا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے اور کئی مقامات پر ٹرینوں کی آمد و رفت میں رخنہ پیدا کیے جانے کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔ کم و بیش 20 لاکھ قبائلی خاندانوں کو جنگلاتی زمینوں سے بے دخل کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم کو پوری طرح سے منسوخ کرنے کے لیے آرڈیننس لائے جانے کا مطالبہ قبائلی تنظیمیں کر رہی ہیں تو یونیورسٹیوں میں 200 پوائنٹ روسٹر کی جگہ 13 پوائنٹ روسٹر نافذ کیے جانے سے ناراض لوگ بھی سڑکوں پر اتر گئے ہیں۔سماجوادی پارٹی اور آر جے ڈی سمیت کئی پارٹیوں نے ’بھارت بند‘ کی حمایت کی ہے۔

راہل گاندھی نےدلت اور قبائلی تنظیموں کے ذریعہ آج ’بھارت بند‘ کیے جانے پر کانگریس صدر راہل گاندھی نے پی ایم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہمارے قبائلی اور دلت بھائی-بہن مشکل میں ہیں۔ پی ایم کی جھوٹی قسموں اور جھوٹے وعدوں نے آج انھیں سڑکوں پر اترنے کو مجبور کر دیا۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’جنگلاتی حقوق چھینے جانے اور آئینی ریزرویشن میں چھیڑ چھاڑ سے، ان کے جنگل اور زندگی کے حقوق پر لگاتار حملہ ہوا ہے۔ میں پوری طرح سے ان کے ساتھ ہوں۔‘‘

 ملک میں بند کا اثر صاف نظر آنے لگا ہے۔ پریاگ راج میں سماجوادی پارٹی کارکنان نے الٰہ آباد سے لکھنؤ جانے والی گنگا-گومتی ایکسپریس ٹرین کو روک دیا۔ اس دوران ٹریک پر اتر کر انھوں نے مظاہرہ بھی کیا۔ یہ ٹرین شہر کے بیرہنا علاقے میں روکی گئی۔ بہار کے جہان آباد میں آر جے ڈی طلبا کارکنان بھی احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ریلوے ٹریک پر اتر آئے۔ انھوں نے پٹنہ-گیا ریل ڈویژن ٹریک پر آگ زنی کی۔ اس دوران پٹنہ-رانچی جن شتابدی ٹرین کو روکا  اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

جہاں تک 13 پوائنٹ روسٹر کا سوال ہے، اس کے مطابق یونیورسٹیوں کے کسی بھی محکمہ میں جب تک 4 سیٹ نہیں ہوگی اس وقت تک پسماندہ ذات سے کوئی پروفیسر نہیں بن پائے گا۔ اسی طرح جب تک 7 سیٹوں کے لیے نوٹیفکیشن ایک ساتھ نہیں ہوگا تب تک کوئی دلت پروفیسر نہیں آ پائے گا اور 14 سیٹ کے لیے نوٹیفکیشن نہیں آیا تو کوئی قبائلی پروفیسر نہیں بن پائے گا۔ اس روسٹر کی پرزور الفاظ میں مخالفت ہو رہی ہے۔

بھارت بند کے دوران اہم مطالبات کچھ اس طرح ہیں...

  • اعلیٰ تعلیمی اداروں کی تقرریوں میں 13 پوائنٹ روسٹر کی جگہ 200 پوائنٹ روسٹر ہو۔
  • تعلیمی اور سماجی طور سے تفریق کا سامنا نہیں کرنے والے اعلیٰ ذات کو دی جانے والی 10 فیصد ریزرویشن کی سہولت ختم ہو۔
  • ملک بھر میں تقریباً 24 لاکھ خالی عہدوں کو پُر کیا جائے۔
  • 20 لاکھ قبائلی خاندانوں کو جنگلاتی زمین سے بے دخل کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم کو پوری طرح ختم کرنے کے لیے آرڈیننس لایا جائے۔
  • گزشتہ سال 2 اپریل کو ’بھارت بند‘ کے دوران بند حامیوں پر درج مقدمات واپس لیے جائیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا