English   /   Kannada   /   Nawayathi

عالمی صوفی کانفرنس اور صوفیاء کی روش

share with us

تاریخ کا نادر واقعہ:
ہم نے کہیں سے جانا نہیں کہ گزشتہ 15صدی کی اسلامی تاریخ میں ، جب کہ عرب تاعجم اولیاء، اتقیاء اورصوفیاء کی ذات بابرکات کا فیض عام تھا، کبھی ارباب تصوف نے کسی کانفرنس کا اہتمام کیا ہو اور ارباب اقتدار سے قرب چاہا ہو، خود اپنے یا اپنے متوسلین کے لئے جاہ ومراعات کی گزارشات بھی کی ہوں۔اس کے برعکس تاریخ میں ایسے ایک دونہیں متعدد واقعات درج ہیں کہ ارباب اقتدار نے کسی صوفی عالم کو نوازنا چاہا اوراس نے انکارکردیا۔ شاہ ملاقات کا خواہش مند ہوا ہو اورصوفی صاحبان جوق درشوق باریاب ہونے دوڑ پڑے ہوں۔وہ صوفیائے باصفا ارباب اقتدار کو خاطر میں نہیں لاتے تھے۔اس اعتبار سے دہلی کی یہ کانفرنس ایک نئی چیز نظرآتی ہے جو یقیناًصوفیاء کرام کی روایات سے میل نہیں کھاتی۔یہاں بس ایک واقعہ 16صدی کے مشہورصوفی بزرگ میاں میرعلیہ رحمۃ کا سن لیجئے۔ ایک مرتبہ بادشاہ جہانگیر لاؤ لشکرکے ساتھ لاہور میاں صاحب ؒ کی قیام گاہ پر پہنچا۔خدام نے بادشاہ کو دروازے پر ہی روک دیا۔حضرتؓ سے اجازت مل گئی تو بادشاہ اندرداخل ہوا۔شکایتاً کہا:’’ بادر درویش دربانِ نا باید‘‘ یعنی درویش کے دروازے پر دربان نہیں ہونا چاہئے‘۔ حضرت ؒ نے بے خوف و خطر فرما دیا:’’ بباید کہ سگ دنیا نا آید‘‘ یعنی یہ اس لئے کہ دنیا کا کتا اندرنہ آئے۔‘معلوم ہوا کہ سچے صوفیاء کو تو یہ بھی پسند نہ تھا کہ دنیا کا کوئی طالب ان کی مجلس میں آئے، کجا کہ وہ خود دنیا کا طالب بن کر اقتدار کے در پر جائے۔
صوفیائے اسلام کا کلمہ استقبالیہ ’’السلام علیکم ‘‘ہے۔ ان کا نعرہ ’’اللہ اکبر‘‘ اورورد ’’لاالہ الا اللہ‘‘ ہے۔ ان کا مقصد حیات اپنے رب کی خوشنودی ہے۔ ساری دنیا کے انسان ان کا خاندان اورپورا کرہ ارض ان کا وطن ہے۔ان کا وطیرہ خدمت خلق ہے۔ وہ معمولی لباس زیب تن کرتے ہیں اورزمین پر سوجاتے ہیں۔ اس کانفرنس میں ہرمنظر مختلف نظرآیا ۔وزیراعظم تشریف لائے تو نعرہ ’’بھارت ماتا کی جئے ‘‘ کا گونجا۔شرکاء کاقیام عالی شان ہوٹلوں میں رہا۔بعض مقررین زرق وبرق لباس زیب تن فرماکرآئے۔ افتتاح کے لئے وزیراعظم نریندرمودی کا انتخاب ہوا، جو کم سنی سے آرایس ایس کے کارکن اورکئی دہائیوں تک اس کے مبلغ رہے۔ انہوں نے اسلام کے جو محاسن یہاں گنوائے ،ان سے بھلا کس کو انکار ہوسکتا ہے؟ بیشک اسلام امن و آتشی اورروحانی بالیدگی کا مذہب ہے۔صوفیاء کرام خلق خدا کی فلاح واصلاح کے لئے زندگی کو وقف کردیتے ہیں۔ وہ دنیاسے رغبت نہیں فرماتے۔ یہ بھی سچ ہے کہ جوان کی راہ پر چلتا ہے،وہ مخدوم نہیں خلق کا خادم ہوتا ہے۔ وہ طالب دنیا نہیں ہوتا، دکھی انسانیت کے غم گسار ہوتا ہے۔ دعاؤ ں کے عوض دنیا طلب نہیں کرتا۔کانفرنس میں وزیراعظم نے جو کہا، ان کے منھ سے جوالفاظ نکلے ، یقیناًقابل تحسین ہیں۔ لیکن وہ چندسوال بھی غورطلب چھوڑ گئے۔
چند سوال:
جلسہ گاہ میں جو حضرات تشریف فرما تھے، کیا ان میں کوئی ایسا تھا جس کو اسلام صوفیائے اسلام کے ان محاسن کا علم نہ رہا ہو؟ ہرگز نہیں۔ شرکائے جلسہ کا دن رات کا سبق یہی ہے۔اس لئے ان باتوں کے کہنے کا مقصد حق کے اعلان نہیں، وہاں تشریف فرما حضرات سے واہ واہی حاصل کرنا اوران داغوں کوچھپانا ہوسکتا ہے جو ان کے دامن پر سنہ 2002سے اوران کے نظریاتی پریوار پر گزشتہ نوے سال سے لگتے رہے ہیں اورجن میں روز اضافہ ہوتا ہے۔ 
وزیراعظم کو اگران باتوں کی سچائی پر یقین ہے (اگرنہیں ہے تو خدا کرے ہوجائے ) تو ان کو یہ باتیں ہم سے نہیں،اپنے پریوار اورپارٹی کے ان لوگوں سے کہنی چاہئیں جورات دن عوام کو اسلام اور مسلمانوں کے خلاف بھڑکاتے رہتے ہیں ۔ جو اس ملک سے ان کے وجود کو مٹادینے کی قسمیں کھاتے ہیں۔ جو ان کی مساجد ، مدارس، خانقاہوں اورزیارت گاہوں کو شک کی نظرسے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم ان کو بتائیں کہ اسلام اوراہل اسلام امن واتشی کے علم بردار ہیں۔ ان کے پیچھے مت پڑو۔
اس کانفرنس میں تو ان کو یہ بتانا چاہئے تھا امن و اتشی کے علم برداراہل اسلام کو اس ملک میں امن و چین سے رہنے دینے کے لئے وہ کیا اقدام کررہے ہیں؟ان پر ساٹھ ستردہائیوں سے جاری ناانصافیوں کے ازالہ کے لئے کیا ہورہا ہے؟دوسروں پرالزام دھرنے کے بجائے وہ بتاتے کہ فتنہ و فساد پھیلاکر ان کو جھلسانے، زندہ جلانے،ان کی املاک کو تباہ کرنے، آبائی وطن چھوڑ نے کے لئے مجبور کرنے کے واقعات کوروکنے کے لئے وہ کیا قدم اٹھارہے ہیں؟ افسوس کہ جس دوران یہ کانفرنس ہو رہی تھی، ان کی کابینہ کے ایک وزیرآگرہ میں اور دوسرے مظفرنگر میں فرقہ ورانہ منافرت پھیلانے والے بیانات دے رہے تھے۔ 
افسوس یہ بھی ہے کہ اس کانفرنس کے دوران سرکارکی توجہ جن مسائل کی طرف دلائی گئی، ان میں بھی تمام اہل اسلام کی نمائندگی سے گزیرکیا گیا۔ صوفیاء کاطریقہ عقیدہ اورعمل کی بنیاد پر کسی سے تفریق و تعصب کا نہیں ہوتا۔ صوفی مسلک یہ نہیں کہ ایک کے گناہ کے لئے دوسرے کو خاطی قراردیا جائے اور منافرت بین المسلمین کو ہو ا دی جائے ، جیسا کہ اس کانفرنس میں ہوا۔ صوفیوں کے ان نام لیواؤں کے قول وعمل میں کچھ جھلک ان صفات عالیہ کی بھی ہونی چاہئے جن کی بدولت صوفیاء کرام اپنی زندگی میں مرجع خلائق بنے ۔ ان کی مجلسوں میں کھلے کافراور مشرک بھی آتے اورفیض پاتے۔ وہ کسی کودھتکارتے نہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ وصال کے بعدبھی خلق خدا ان کو یاد کرتی ہے۔ پھر کیا وجہ ہے کہ اس دورمیں جو حضرات مسلک صوفیاء سے وابستگی ظاہر کرتے ہیں،وہ اس کے خلاف عمل کرتے ہوئے نہیں جھجکتے؟
بین اقوامی دہشت گردی
اس کانفرنس کامدعا اس بین اقوامی دہشت گردی کی مذمت بھی تھاجس کی تخم ریزی تو امریکا اور اس کے دوست یورپی ممالک نے کی لیکن جس کو ایک سازش کے تحت اسلام اورمسلمانوں سے وابستہ کردیا گیا۔یہ بات جگ ظاہر ہے کہ القاعدہ، طالبان اورداعش و آئی ایس وغیرہ ان استعماری طاقتوں کے ہی پیدا کردہ ہیں۔ان کے پاس جو جنگی ساز وسامان ہے ،وہ کہیں پرچون کی دوکان پر نہیں ملتا ۔ یہ استعماری طاقتیں ہی فراہم کرتی ہیں۔ اورپھران کوبہانہ بناکرعالم اسلام کو تباہ کرتی ہیں۔ موجودہ کانفرنس کی شان نزول 13/11کا پیرس واقعہ ہے جس کے فوراً بعد ہمارے وزیراعظم نے اس کے خلاف محاذ میں شرکت کا اعلان کیا تھا۔بیشک ہرظلم اور دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھائی جانی چاہئے، چاہے وہ آئی ایس کی ہو یا اسرائیل اوربرما کی۔ خود وزیراعظم اورمرکزی وزیر داخلہ اعتراف کرچکے ہیں کہ ہندستان آئی ایس سے محفوظ ہے، اس لئے آئی ایس ہمارا مسئلہ نہیں ہے۔جہاں تک ہم مسلمانوں کا تعلق ہے، ہم مکرر کہہ چکے ہیں کہ میڈیا میں جوکچھ بتایا دکھایا جاتا ہے، اس میں چاہے مبالغہ اورغلط بیانی ہی کیوں نہ ہو ، یہ قتل وخون اوربردہ فروشی اسلام کی روح کے سراسر خلاف اورلائق مذمت ہے۔ گزشتہ دہائی میں مسلمانان ہند کو دہشت گردی سے وابستہ کرکے ملک کی فضا کومسموم کرنے کا سلسلہ جب شروع ہوا،تبھی ہمارے ارباب علم ودانش اوربہی خواہان ملک و ملت نے ملک بھر میں مذمتی جلسے اورکانفرسیں کیں ۔مضامین لکھے۔ بیان دئے۔کانفرنسوں کی پہل اگرچہ جمعیۃ علماء ہند نے کی، لیکن ان میں غیر ملکی بھی آئے اورسبھی مکاتب فکر کی نمائندگی ہوئی۔دیکھنا یہ چاہئے کہ اس وقت ہندستانی عوام اور مسلمانان ہند کوکن سنگین مسائل کا سامنا ہے؟مصنوعی مسائل کو اچھالنے سے توجہ اصل عوامی مسائل سے ہٹ جاتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں اس کانفرنس نے اتنا ہی نہیں کیا کہ ان مسائل سے توجہ بٹ گئی، بلکہ مسلکی تفرقہ کی ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے، جو باعث خیر ہرگز نہیں۔یہ تفرقہ صرف بریلوی اورغیربریلوی کا نہیں،کیونکہ خود بریلوی مسلک کے علماء کرام اوراہم تنظیموں نے بھی اس کانفرنس کے بارے میں اشکال کا اظہار کیا اورشرکت سے انکار کیا۔ 
خانہ زاد شدت پسندی:
بیشک شدت پسندی بڑی مہلک بیماری ہے۔ اس کانفرنس کے ظاہری داعیان کوفکر سات سمندر پار کی ہی نہیں، اس شدت پسندی کی ہونی چاہئے جس کے مظاہر ہماری مساجد میں، قبرستانوں میں ، بیاہ شادی کی تقریبات میں اورجلسہ جلوسوں کے دوران نظرآتی ہے۔ کہیں امامت کا جھگڑا کھڑا کیا جا رہا ہے،مساجد میں تالے ڈلوائے جارہے ہیں، کہیں کسی کے مسجد میں آجانے اور شریک نماز ہوجانے پرفتنہ کھڑا کیا جارہا ہے۔ کہیں نماز جنازہ اداکرنے ، جنازہ اٹھانے اورمردے کو دفنانے پر جھگڑا ہوتا ہے۔اللہ کے رسول ﷺ کے دورمبارک میں تو مشرکین عرب اوراہل اسلام مشترکہ آبائی قبرستانوں میں دفن ہوتے تھے۔ جنگ میں مارے گئے مخالفین ومعاندین اسلام کی لاشوں کی بھی بے حرمتی منع تھی۔ اہل اسلام ہی ان کو کفنا کر مشترکہ قبرستانوں میں دفناتے تھے۔ اللہ کے رسول ﷺ نے کھلے منافقین اور معاندین کی نماز جنازہ سے بھی صحابہ کرامؓ کو نہیں روکا۔ہماراحال کیا ہے؟ عشق نبوی ؐکا دعوا تو ہے مگر عمل سنت نبویؐ کے خلاف ہے۔ محض جزوی مسلکی اختلاف پر نماز جنازہ سے انکار ، تدفین سے فرار ،یہاں تک کہ قبر سے مردے کو نکال پھینکنے تک کی خبریں آرہی ہیں۔کیا یہ شدت پسندی ان حضرات کے نزدیک توجہ طلب نہیں؟ افسوس کہ صوفیاء کے نام کا دم بھرنے والے خاموش ہیں اوران کے متعلقین یہ سب کررہے ہیں ۔اپنی گھرپڑوس اوراپنی بستیوں سے بے خبر، ہر دم نئے نئے فتنوں کو ہوا دینے والے ہاتھ سات سمندرپار کی دہشت گردی کے خاتمہ میں کس طرح کارگر ہوسکیں گے؟
اس کانفرنس میں پروفیسر ڈاکٹرطاہرالقادری ، ایڈوکیٹ نے تصوف اورصوفیاء کے مذہب کی وضاحت بڑے ہی عالمانہ انداز میں کی۔اپنی طویل تقریرمیں انہوں نے مراجعت الی اللہ کے گیارہ مراحل تو گنوادئے، مگر خوداحتسابی کا کوئی ذکر سنائی نہیں دیا۔حالانکہ اصلاح کا عمل خود اپنی ذات کے احتساب سے شروع ہوتا ہے۔ جب تک اپنے قول وفعل کی دوئی کو مٹایا نہیں جاتا، جب تک اپنے فکر وذہن اوراعمال کو شرک سے پاک نہیں کیا جاتا، جب تک سگ دنیا کو قلب سے نکال کر باہر نہیں کیا جاتا اورخالص رضائے الٰہی کو منشاء و مقصود نہیں بنایا جاتا، انسان قرب الٰہی کے ان گیارہ مراحل میں سے ایک مرحلہ میں بھی داخل نہیں ہوسکتا۔ کوئی ذکروفکر، جبہ سائی،قدم بوسی، مرشدنوازی اور کوئی فعل کوئی کلمہ کام آنے والا نہیں۔اللہ ہمیں نیک قول اورنیک عمل کی توفیق دے۔ آمین۔ (ختم)

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا