English   /   Kannada   /   Nawayathi

کیلیفورنیا اور نیواڈا: برفانی طوفان اور شدید برفباری کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم

share with us

کیلیفورنیا: 05/مارچ/2024(فکروخبر/ذرائع)امریکی ریاستوں کیلیفورنیا اور نیواڈا میں برفانی طوفان اور شدید برفباری کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے، کیلیفورنیا کے کچھ علاقوں میں 8 فٹ تک برفباری ہوئی ہے، اور سیکڑوں گاڑیاں جان لیوا حالات میں پھنس گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہفتے کے آخر میں آنے والے برفانی طوفان نے کیلیفورنیا اور نیواڈا کے کچھ حصوں کو شدید متاثر کیا ہے، یہ طوفان کم از کم منگل تک جاری رہنے کی توقع ہے، جب کہ مزید برفباری کی بھی پیشگوئی ہے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں شدید برف باری سے ہر شے پر سفیدی چھا گئی ہے، 6 فٹ تک برف پڑ چکی ہے، اور کہیں کہیں آٹھ فٹ تک برف گری، جس کی وجہ سے دونوں ریاستوں میں بڑی سڑکیں بند ہیں، ڈونر پاس پر ٹریفک جام ہو گیا، اور سیکڑوں گاڑیاں جان لیوا حالات میں پھنس کر رہ گئی ہیں۔

برفباری کی وجہ سے لوگ بھی گھروں میں محصور ہو گئے ہیں، ریاست بھر میں خراب موسم کے باعث بجلی کی فراہمی بھی تعطل کا شکار ہے، اور ہزاروں افراد کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ پیر کو چار ریاستوں میں موسم سرما کے طوفان کی وارننگ جاری کی گئی تھی، جن میں کیلیفورنیا، اوریگون، آئیڈاہو اور کولوراڈو شامل تھیں۔

 

اسکائی نیوز کے مطابق برفانی طوفان نے مغربی امریکا میں بڑے پیمانے پر مشکلات پیدا کی ہیں، کئی ریاستیں موسلا دھار بارش اور 100 میل فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے متاثر ہوئی ہیں، کیلیفورنیا کی میڈیرا کاؤنٹی میں برفانی طوفان کے ایک خوف ناک بگولے نے ایک پرائمری اسکول پر بھی ملبہ گرایا جس سے اسکول کو کافی نقصان پہنچا۔

 

برفباری اور برفانی طوفان سے پیدا ہونے والے حالات کی وجہ سے رینو اور سیکرامنٹو کے درمیان انٹراسٹیٹ 80 ہائی وے پر سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جس کی وجہ سے حکام کو 100 میل تک یہ مصروف سڑک بند کرنی پڑی، حکام کے مطابق کئی حادثات کی اطلاعات ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا