English   /   Kannada   /   Nawayathi

لینڈنگ کے دوران جرمنی کا مسافر بردار طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا ، کل 345 افراد تھے سوار

share with us

کیلیفورنیا17؍اپریل2024 : جرمنی کا مسافر بردار طیارہ رن وے پر لینڈنگ کے دوران خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا، پائلٹ نے کمال مہارت اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر اگلا لائحہ عمل اختیار کیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کی لفتھانزا ایئر لائنز کے طیارے میں سوار مسافروں کو لینڈنگ کے وقت ایک انتہائی ڈراؤنی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

لفتھانزا ائیر لائن کی پرواز جو جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے کیلیفورنیا کے لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ آرہی تھی کہ رن وے پر اترتے ہوئے بڑے حادثے کا شکار ہوتے ہوتے رہ گئی۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ رن وے پر اترتے ہوئے معمول کے مطابق دکھائی دے رہا تھا، جیسے ہی طیارے کے پہیوں نے زمین کو چھوا تو زور دار جھٹکا لگا اور ان سے دھواں اٹھنے لگا۔

پائلٹ نے اسے دوبارہ لینڈ کرنے کوشش کی لیکن اس بار بھی ایسا ہی ہوا اس بار پائلٹ نے پوری کوشش کے بعد لینڈنگ روک دی اور فوری طور پر فیصلہ کرتے ہوئے طیارے کو دوبارہ فضا میں بلند کردیا۔

رپورٹ کے مطابق بعد ازاں ایئر لائن کا یہ 9سال پرانا طیارہ کچھ دیر ایئر پورٹ کے چاروں طرف چکر لگاتا رہا اور پھر بغیر کسی مسئلے کے باآسانی لینڈ کرگیا، فوری طور پر یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ پہلی بار لینڈنگ آسانی سے کیوں نہیں ہوسکی اور کیا یہ واقعہ کسی گیئر یا آلات کی خرابی کی وجہ سے پیش آیا؟۔

لفتھانزا ائیر لائن کے ترجمان نے کہا کہ یہ ایک خراب لینڈنگ تھی تاہم کسی سے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے، پرواز میں 326 مسافر اور عملے کے 19 ارکان سوار تھے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا