English   /   Kannada   /   Nawayathi

قرآن کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج : عراق میں سویڈن کا سفارتخانہ نذرآتش

share with us

بغداد،20جولائی :۔ سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف مظاہرہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ خاص طور پر مسلم ممالک میں عوام کے اندر سوئیڈش حکومت کے تئیں زبر دست ناراضگی نظر آ رہی ہے ۔ عراق میں آج صبح قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج میں مظاہرین نے سوئیڈش سفارت خانے کو آگ لگا دی۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق بغداد میں مظاہرین نے سوئیڈش سفارتخانے پر دھاوا بول دیا۔ دیواریں پھلانگ کر سفارت خانے کے اندر پہنچ گئے۔ مظاہرین نے توڑ پھوڑ کرنے کے بعد سوئیڈن کے سفارتخانے کو آگ لگا دی۔سویڈن کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ حملے سفارت خانے کا عملہ محفوظ رہا۔ بیان میں عراقی حکومت سے سفارتخانوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
یہ واضح نہیں ہوا کہ حملہ کے وقت سفارت خانے کے اندر کوئی موجود تھا یا نہیں۔ اپنی طرف سے، سویڈن کی وزارت خارجہ نے کہا کہ عراقی دارالحکومت بغداد میں اس کے سفارت خانے کا عملہ محفوظ ہے۔سویڈن کی وزارت خارجہ کے پریس آفس نے کہا کہ عراقی حکام سفارتی مشنوں اور عملے کی حفاظت کی ذمہ دار ہیں۔
عراقی وزارت خارجہ نے سویڈن کے سفارت خانے کو نذر آتش کرنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے متعلقہ حکام کو اس معاملے کی فوری تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی ہے اور زور دیا ہے کہ ملوث افراد کو پکڑنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں عید الاضحیٰ کے روز عراقی نژاد ملعون پناہ گزین نے مسجد کے سامنے قرآن پاک نذر آتش کردیا تھا جبکہ اسلاموفوبیا کا شکار دیگر افراد نے بھی سوئیڈن میں مزید قرآن پاک کے نسخے نذر آتش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا