English   /   Kannada   /   Nawayathi

توحید کے مرکز سے گونجیں اتحاد و اتفاق کی روح پرور صدائیں

share with us
suadi arab, hajj 2023, ittihaad, ittifaaq, masjide namira, sheikh yusuf, arfaat , arfaat ka maidaan, maidane arfaat, wuqoofe arfa,

پچیس لاکھ حجاجِ کرام نے شدید گرمی میں ادا کیا حج ، سعودی کی حکومت کی طرف سے غیر معمولی انتظامات

عالمِ اسلام میں امن و بھائی چارہ کے لیے جبل الرحمۃ سے پرسوز دعاؤں کی سوغات ، اتحاد باہمی کے ایمان افروز نظارے

مکۃ المکرمہ 27؍ جون 2023 : (فکروخبرنیوز/ایجنسیز) آج عرفات کے میدان میں لاکھوں حجاج نے حج کا اہم رکن وقوفِ عرفہ ادا کیا۔ اس دوران مسجدِ نمرہ میں خطبہ حج کے پیغام میں شیخ یوسف بن محمد سعید نے مسلمانوں سے متحد رہنے کی اپیل کرتے ہوئے تفرقہ سے بچنے کی تاکید کی۔

شیخ نے اپنے خطبہ میں قرآنِ مجید کے حوالہ سے کہا کہ اتحاد ہی نجات کی بنیاد ہے جبکہ تفرقہ اور دوریوں پر عذاب کی دھمکی دی گئی ہے۔ سیرتِ طیبہ کی روشنی میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ یوسف نے واضح کیا کہ اللہ نے اپنے رسول کے ذریعے دلوں کو جوڑا اور لوگوں کے احوال کو درست کیا ، ہر نبی نے آکر یہی دعوت دی کہ اللہ کی بندگی کی جائے ، اللہ ایک ہے اور صرف اسی کی عبادت کی جائے، نماز، روزہ، زکوۃ اور بیت اللہ کے حج کا اللہ نے حکم دیا ہے، اللہ تعالیٰ نے نبیؐ کو بھیج کر انسانیت کی اصلاح فرمائی، شیخ یوسف نے زوردے کر کہا کہ اللہ کی وحدانیت اور رسول اللہ صلی علیہ وسلم کی رسالت کی گواہی دینا ہی دراصل اسلام ہے۔ اتحاد کی اہمیت واضح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحاد ہی میں دین ودنیا کی فلاح مضمر ہے ، انہوں نے حجاج کرام کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائی کی کہ اختلاف کی صورت میں قرآن و سنت سے رجوع کیا جانا چاہیے۔

خطبۂ حجۃ الوداع کے حوالہ سے شیخ نے واضح کیا کہ کسی عربی کو عجمی، کسی گورے کو کسی کالے پر فضیلت حاصل نہیں، صرف تقویٰ کی بنیاد پر کسی کو فضیلت حاصل ہوسکتی ہے۔  انہوں نے مسلمانوں کو اچھے اخلاق سے متصف ہونے تقویٰ اختیار کرنے اور اصلاح ذات البین کی کوششوں پر زوردیا۔ انہوں نے پرزور لہجہ میں کہا کہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹہرایا جائے ، ساتھ ہی والدین کے ساتھ حسن سلوک کیا جائے اور میاں بیوی اور بچوں کے حقوق کو صحیح ڈھنگ سے ادا کیا جائے۔

انہوں نے حجاج کرام کی توجہ قیامت کے دن کی طرف مبذول کرتے ہوئے یاد دلایا کہ انسانوں کے سارے معاملات قیامت کے دن پیش ہوں گے، اسی لیے انہوں نے مسلمانوں سے خیر کے کاموں میں ایک دوسرے کا تعاون کرنے اور گناہ کے کاموں میں مدد کرنے سے بچنے کی تاکید کی ، شیخ نے اپنے خطبہ میں واضح کیا کہ شیطان انسانوں کے درمیان فساد پیدا کرتا ہے، اس لیے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ متحد ہوجائیں کیونکہ تمام مسلمان ایک جسم کے مانند ہیں۔ خیال رہے کہ حجاجِ کرام کل شب منیٰ میں گذارنے کے بعد آج صبح عرفات کے میدان میں پہنچ گئے تھے جہاں لاکھوں فرزندانِ توجید گڑگڑا کر اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی اور تمام انسانوں کی بھلائی اور خیر خواہی کے لیے دعائیں مانگیں۔ اس دوران جبلِ رحمت پر اور عرفات جانے کے راستوں پر حجاجِ کرام کی تڑپ اور ان کی جوش وجذبہ کی کئی تصویریں دیکھی گئیں۔ دنیا کے مذہبی اجتماعات میں حج کا یہی ایک منظر ایسا ہوتا ہے جہاں تمام انسان ایک لباس ، ایک صدا اور ایک ہی خدا کی بڑائی بیان کرتے ہوئے دیکھے جاتے ہیں۔ اتحاد واتفاق کا یہ منظر صرف مذہبِ اسلام ہی کا خاصا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وبا کے تقریباً چار سال بعد پہلی مرتبہ حجاج کرام بغیر کسی پابندیوں کے مناسکِ حج ادا کررہے ہیں۔

سعودی حکومت کے مطابق اس سال پچیس لاکھ فرزندانِ توحید فریضۂ حج ادا کررہے ہیں جس کے لیے حکومت نے منصوبہ بند طریقے سے حفظتی انتظامات کیے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا