English   /   Kannada   /   Nawayathi

یوکرین کی جنگ کو دیگر عالمی تنازعات پر ترجیح نہ دیں  : عرب لیگ کا اقوامِ متحدہ سے سیدھا مطالبہ

share with us

10/جون/2023(فکروخبر/ذرائع) عرب لیگ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرین کی جنگ کو دیگر عالمی تنازعات اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والے انسانی بحرانوں پر ترجیح نہ دے جیسا کہ عرب خطے میں یمن، شام، صومالیہ اور سوڈان پر بھی توجہ کی ضرورت ہے۔

عرب نیوز کے مطابق لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیث نے سلامتی کونسل کے ارکان سے کہا کہ دنیا ایک نہایت ’مشکل موڑ پر ہے‘ جہاں بڑی طاقتوں کے درمیان بڑھتے تناؤ کے اجتماعی اثرات ہوں گے جو ایٹمی تنازعے کی بنیاد بن سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تنازعات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے کوئی اجتماعی اقدام نظر نہیں آ رہا۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ جدید چلینجز جیسے کہ انسداد دہشت گردی، ماحولیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی میں پیش رفت سے پیدا مسائل اور بڑے پیمانے پر تباہی کے ہتھیاروں پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات نہیں کیے جا رہے۔

ابوالغیث کا یہ بیان سلامتی کونسل کے متحدہ عرب امارات کی جانب سے بلائے گئے اجلاس کے موقع پر آیا ہے۔

رواں ماہ جون میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت متحدہ عرب امارات کے پاس ہے، جس کے زیراہتمام اقوام متحدہ اور عرب لیگ علاقائی سکیورٹی اور انسانی امداد کے چیلنجز سمیت کئی مسائل پر مشترکہ اقدامات اور راستے تلاش کرنے پر گفتگو کر رہے ہیں۔

اس اجلاس میں متحدہ عرب امارات نے زور دیا ہے کہ لیبیا، شام، سوڈان، یمن اور اسرائیل فلسطین کی صورتحال جیسے تنازعات اور چیلنجز کو بھی دیکھا جائے جن کے باعث کروڑوں افراد ناقابل بیان مشکلات سے دوچار ہیں۔

’لبنان اور صومالیہ جیسے ملک سنگین معاشی بحران سے دوچار ہیں جہاں بہت زیادہ بے روزگاری اور بڑھتی مہنگائی سے مشکلات کے باعث انسانی امداد کی ضرورت ہے۔‘

اجلاس میں امارات کے نوٹ کے مطابق رواں سال کے آغاز پر شام اور ترکی میں زلزلے نے خطے میں مزید مسائل کا اضافہ کیا جہاں دسیوں لاکھ افراد بے گھر ہوئے۔

’ہرچند کہ انسانی امداد بہتر رہی تاہم اس میں مشکلات درپیش آئیں خاص طور پر مختلف ڈونرز کی جانب معاونت میں ہم آہنگی کا فقدان رہا۔‘

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے یوکرین کی حالیہ کشیدہ صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نے علاقائی مسائل کے حل کی طرف توجہ کم کی ہے اور انسانی امداد اور ریلیف کا کام متاثر ہوا ہے۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا