English   /   Kannada   /   Nawayathi

اماراتی حکومت نے غیر مُلکیوں کی وطن واپسی میں تعاون کرنے والے ممالک کی فہرست جاری کر دی

share with us

دُبئی: 20 اپریل 2020(فکروخبر/ذرائع )امارات کی وزارت برائے خارجہ امور و بین الاقوامی تعاون کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دِنوں میں اب تک 22,900 غیر مُلکیوں کو زمینی راستوں اور پروازوں کے ذریعے اُن کے وطن بھجوایا جا چکا ہے۔ جبکہ اگلے چند روز میں مزید 27آپریشنز کے ذریعے ہزاروں تارکین کو ان کے وطن بھیج دیا جائے گا۔

وزارت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایمریٹس ایئر لائنز کے ذریعے اب تک 5,185 غیر مُلکیوں کو ان کے وطن بھیج دیا گیا ہے۔ اس صورتِ حال میں 14ممالک نے اماراتی حکومت کے تارکین کے وطن واپسی کے منصوبے میں بھرپور تعاون کیا ہے، اُن میں کینیڈا، امریکا، کولمبیا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، الجیریا، فلپائن، رُوس، افغانستان، سُوڈان، یوکرائن، بوسنیا ہرزیگوینااور انڈونیشیا شامل ہیں۔

اپنے شہریوں کی وطن واپسی کے فوری انتظامات کرنے والوں کی اس فہرست میں بھارت پاکستان اور بنگلہ دیش جیسے ممالک شامل نہیں ہیں، حالانکہ ان ممالک کے مجموعی طور پر بیس لاکھ سے زائد افراد امارات میں مقیم ہیں۔ گزشتہ ہفتے گلف نیوز نے وزارت انسانی وسائل و اماریتائزیشن کے حوالے سے خبر دی تھی کہ جن ممالک نے کورونا وائرس کی وبا کے بعد امارات میں مقیم اپنے شہریوں کو واپس بُلانے سے انکار کر دیا تھا، ان کے لیے مستقبل میں سخت پالیسی ترتیب دی جائے گی۔

تعاون نہ کرنے والے ممالک پر کوٹہ سسٹم بھی لاگو کیا جا سکتا ہے، جس کے بعد ان ممالک کے شہریوں کو کم تعداد میں ملازمتوں اور روزگار کے حصول کے لیے امارات آنے کی اجازت دی جائے گی۔اگر خدانخواستہ ایسا ہوا تو ہندوستان سمیت کئی ممالک کی بڑی افرادی قوت پر اماراتی ریاستوں کے دروازے بند ہو سکتے ہیں۔اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق 43 ممالک میں پھنسے 2,286اماراتیوں کو وطن واپس لانے کے لیے 86 فضائی اور زمینی آپریشنز بھی انجام دیئے گئے ہیں۔

جلد ہی مزید پروازوں کے ذریعے بیرون ملک مقیم ہزاروں اماراتیوں کو واپس بُلا لیا جائے گا۔ امارات سے 9,098تارکین کو اُن کے مغربی و مشرقی ایشیائی ممالک میں واپس بھجوا دیا گیا ہے، یورپ اور یورپی ممالک کے 8,710 باشندے بھی امارات سے اپنے آبائی وطن لوٹ گئے ہیں۔ افریقہ کے 1,009باشندوں کے علاوہ شمالی و جنوبی امریکا اور وسطی امریکا سے تعلق رکھنے والے 962افراد کو بھی خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس بھیجا گیا ہے۔جبکہ اماراتی ویزہ رکھنے والے جو غیر مُلکی ان دِنوں دیگر ممالک میں قیام پذیر ہیں، اور وہ کسی ایمرجنسی کے باعث فوراً امارات واپس آنے چاہتے ہیں، تووہ ’توجدی‘ سروس کے ذریعے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا