English   /   Kannada   /   Nawayathi

امارات میں رمضان کے دوران اشیائے ضروریہ و خور ونوش کی قیمتوں میں 50فیصد تک کمی کر دی گئی

share with us

دُبئی: 20 اپریل 2020(فکروخبر/ذرائع ) اگلے چند روز میں رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ شروع ہونے والا ہے۔ امارات بھر کے معروف سُپر سٹورز نے صارفین کو اس موقع پر بڑا ریلیف دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اشیائے خوردنی اور دیگر ضروری سامان کی قیمتوں میں 20 فیصد سے 50فیصد تک کمی کر دی گئی ہے۔ معروف سُپر مارکیٹس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران کھانے پینے کی چیزیں اور اشیائے صرف کی قیمتیں 20 سے 50 فیصد تک کم نرخوں پر فروخت ہوں گی۔

یہ رعایتی رمضان پیشکش عید تک جاری رہے گی۔ معروف سُپر سٹورز تعاونیہ کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل البستقی نے بتایا کہ ان کے تجارتی ادارے کی جانب سے رمضان شروع ہونے سے قبل ہی صارفین کی رمضان ضروریات پوری کرنے کے لیے اشیائے ضروریہ اور خور و نوش میں پچاس فیصد تک رعایت کر دی گئی ہے۔

التعاونیہ کی جانب سے رمضان المبارک میں صارفین کو سپلائی کرنے لیے 450 ملین درہم مالیت کا سامان درآمد کر لیا ہے۔

جبکہ اسواق گروپ کی جانب سے بھی ریٹیل شاپس پر مختلف اشیاء پر 20 سے 50 فیصد تک رعایت دی جا رہی ہے۔ تمام اسٹورز پر اشیاء وافر مقدار میں بھجوا دی گئی ہیں۔ کارفور کی جانب سے بھی رمضان المبارک کے دوران صارفین کو اشیاء کی قیمتوں میں زبردست رعایت دی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران اور رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کو مدنظر رکھتے ہوئے اشیاء کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے، تاکہ کم آمدنی والے طبقے کو بھی اشیاء خریدتے وقت پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے وفاقی ادارہ برائے سرکاری افرادی قوت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران تمام سرکاری دفاتر و محکموں میں پانچ گھنٹے کام ہو گا۔ اتوار کے روز جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ تمام وزارتوں اور وفاقی محکموں میں اوقات کار صبح 9 بجے سے لے کر دوپہر 2 بجے تک ہوں گے۔ حکومت کی جانب سے ابھی نجی شعبے کے لیے اوقاتِ کار کا اعلان نہیں کیا گیا، جو آج یا کل تک کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مملکت میں بیشتر سرکاری ملازمین کو کورونا وائرس کی وبا کے باعث گھروں سے کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ کچھ وفاقی ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ رخصت پر بھیج دیا گیا ہے تاکہ اس موذی وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ کم سے کم ہو سکے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا