English   /   Kannada   /   Nawayathi

ایران کے ساتھ جنگ سے فائدہ عسکریت پسندوں کو ہو گا، برطانیہ

share with us

:07جنوری 2020(فکروخبر/ذرائع)برطانیہ نے امریکا اور ایران کے مابین تازہ شدید کشیدگی کے تناظر میں تحمل اور برداشت کی اپیل کی ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈومینیک راب کے مطابق ایران کے ساتھ کسی بھی جنگ کا فائدہ صرف مشرق وسطیٰ میں عسکریت پسندوں کو پہنچے گا۔

لندن سے منگل سات جنوری کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق عراق میں گزشتہ جمعے کے روز ایک امریکی فضائی حملے میں ایران کے پاسداران انقلاب کے سپاہ قدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد واشنگٹن اور تہران کے مابین ایک بار پھر انتہائی شدید ہو جانے والی کشیدگی کے پس منظر میں برطانوی وزیر خارجہ راب نے کہا کہ ہر کسی کو اس لیے تحمل سے کام لینا ہو گا کہ حالات مزید نہ بگڑیں۔

ڈومینیک راب نے کہا، ''ہم جو کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ یہ ہے کہ ایران کے ساتھ کشیدگی میں کمی لائی جائے اور عراق کے حوالے سے اس کشیدگی کے باعث صورت حال اس قدر خراب نہ ہو کہ عراق میں دہشت گرد تنظیم 'اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے خلاف بڑی محنت سے حاصل کی گئی کامیابیاں ضائع ہو جائیں۔‘‘

برطانوی وزیر خارجہ کے مطابق، ''ہمیں تشویش یہ ہے کہ اگر کوئی نئی بھرپور جنگ شروع ہو گئی، تو وہ نہ صرف انتہائی نقصان دہ ہو گی بلکہ اس سے فائدہ مشرق وسطیٰ میں صرف دہشت گردوں، خاص کر داعش کو ہی پہنچے گا۔‘‘

ایران اور امریکا کے مابین اسی تازہ کشیدگی کے سلسلے میں آج منگل کو برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا ایک اجلاس بھی ہو رہا ہے۔

اس سلسلے میں برطانوی وزیر خارجہ راب نے کہا، ''ہم اپنے امریکی ساتھیوں اور یورپی یونین میں اپنے پارٹنر ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ اسی لیے میں بھی آج برسلز جا رہا ہوں۔ تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ واضح پیغام صرف یہ ہے کہ سفارتی راستہ اختیار کرتے ہوئے اس کشیدگی میں ہر حال میں کمی لائی جائے۔‘‘

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا