English   /   Kannada   /   Nawayathi

ادارۂ ادب اسلامی ہند کرناٹک کے مجلس عاملہ کی روداد

share with us

نشست کا آغاز معروف بزرگ شاعر حیدر مظہری بلاری کی تلاوت آیات کریمہ سے ہوا۔ ادارہ کے سکریٹری محمد فاروق نشتر نے پچھلے دو سال کی کارروائیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اجمالی رپورٹ پیش کی۔ سال برائے اپریل 2017 ء تا مارچ 2018ء کے منصوبوں کو سامنے رکھا گیا۔ اگلے سال کا بجٹ پیش کیا گیا۔ ادارہ کی ترقی و ترویج کے تعلق سے بحث بھی ہوئی۔ چونکہ موجودہ کمیٹی کی معیاد ختم ہوچکی ہے اس لیے اس نشست میں اہم فیصلہ یہ لیا گیا کہ نئی کمیٹی قائم کرنے کے لیے انتخابات کرائے جائیں جس کے لیے 1-10-2017بروز اتوارکی تاریخ طیے کی گئی۔ ادارہ کے تمام اضلاع کے صدور اور معتمدوں کواس ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کی دعوت دی گئی ہے۔ اس کاروائی کے فوراً بعد ’’ یاران ادب ‘‘بیدر کی 29 ویں پیش کش جو کہ محمد یوسف رحیم بیدری کی تصنیف ’’تہذیب‘‘ ہے،ادارہ کے صدر اور مشہور افسانہ نگار فیاض قریشی کے ہاتھوں رسم رونمائی عمل میں آئی۔ اس کتاب میں مختلف زبانوں جیسے عربی ، انگریزی، ہندی، بنگلہ، مراٹھی، بھوجپوری اور دیگر زبانوں کی نظموں کے اردو میں تراجم شامل ہیں۔ اس مجموعہ کو گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ مشہور قومی کنڑ شاعر، ناول نگار، نقاد اور فلاسفرکوئمپو کی خدمات کے اعتراف میں اُن ہی کے نام منسوب کیا گیاہے۔ اس شاندار کوشش پر ریاستی ادارہ کے صدر فیاض قریشی، نائب صدر ضیاء کرناٹکی اور معتمدمحمد فاروق نشتر نے محمد یوسف رحیم بیدری کوبہت سراہا اور مبارک باد پیش کی۔ چونکہ اس میٹنگ میں مختلف اضلاع سے کئی شعراء کرام تشریف لائے ہوئے تھے اِ س لیے نمازِ ظہر کے بعدضیاء کرناٹکی کی صدارت میں ایک خصوصی مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی فیاض قریشی رہے۔ محمد فاروق نشتر نے نظامت کی ڈور سنبھالی۔ مشاعرہ کا آغاز ابرار احمد ابرارؔ کی نعت سے ہوا جس میں انہوں نے سرکار دو عالم ؐ کے حضور بہترین نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔اس کامیاب مشاعرہ میں حیدر مظہری ؔ بلاری ، ضیاءؔ کرناٹکی بنگلور، مشتاقؔ سعید میسور، محمد یوسف رحیمؔ بیدری، ریاض احمد خمارؔ بنگلور، رفعتؔ آصفی بنگلور اور ابرار احمد ابرارؔ بنگلور نے اپنے منجھے ہوئے کلام پر سامعین سے بہت داد پائی۔رفعت آصفی کے پیش کردہ دکنی زبان کے مزاحیہ کلام کو بہت پسند کیا گیا۔ ضیاء کرناٹکی نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ ادب اسلامی کرناٹک، ریاست کے مشہور شعراء اور ادباء کا گہوارہ بن چکا ہے۔ جس سے یہ اُمید کی جاسکتی ہے کہ مستقبل میں اِس ادارہ کی جانب سے اور بہتر ادبی پروگرام دئے جا سکتے ہیں۔ فیاض قریشی نے بتایا کہ شہر بیدر ادبی حلقوں میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھتا جارہا ہے۔ جہاں شعراء اور ادباء کو بہت سراہا جاتا ہے اور باقاعدگی سے مشاعرے اور ادبی محفلیں سجائی جاتی ہیں۔ محمد فاروق نشتر کے اظہار تشکر کے بعد یہ محفل سہ پہر قریباً ساڑھے تین بجے برخاست کر دی گئی۔یہ رپورٹ مشتاق سعید میسور نے روانہ کی ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا