English   /   Kannada   /   Nawayathi

حیدرآباد میں موسلادھار بارش سے عام زندگی مفلوج

share with us

بارش کے سبب کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ پیدا ہوگئی جس کے بعد محکمہ بجلی کے اہل کاروں نے پہنچ کر بجلی کی سپلائی کوبحال کیا۔ بارش کے ساتھ ہی گریٹرحیدرآبادمیونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی )کے ایمرجنسی اسکواد کے ارکان متحرک ہوگئے جنہوں نے کئی مقامات پر پہنچ کر بارش کے پانی کی نکاسی کے کام کئے ۔بارش اتنی شدید تھی کہ کئی علاقوں میں گنیش منڈپوں میں بھی بارش کاپانی داخل ہوگیا۔گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں 18درخت سڑکوں پر گر گئے ۔گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ایمرجنسی کنٹرول روم کو 129شکایتیں موصول ہوئیں ۔ساتھ ہی کارپوریشن کے ایپ پر 100شکایات موصول ہوئیں۔
بارش کے ساتھ ہی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی 120ایمرجنسی ٹیمیں متحرک ہوگئیں۔گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کمشنر جناردھن ریڈی،ڈپٹی زونل کمشنر نے بارش سے متاثرہ علاقوں بنجاراہلز،لکڑی کا پل،مقطعہ مداراور دوسرے علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پرانی عمارتوں میں رہنے والے بارش کے سبب محفوظ عمارتوں میں منتقل ہوجائیں۔ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین نے معظم جاہی مارکٹ،بیگم بازار اور افضل گنج علاقوں کادورہ کرکے بارش سے پیداصورتحال کا جائزہ لیا۔ بارش کے ساتھ ہی کئی مقامات پر نالے اُبل پڑے۔بیگم بازار علاقہ میں جہاں زیادہ گنیش منڈپ لگائے گئے ہیں، میں پانی داخل ہوگیا ۔اس علاقہ میں جے سی بی مشین کی مددسے ڈیوائیڈر کو ہٹا کر بارش کے پانی کی نکاسی کی گئی۔خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباو کے سبب یہ بارش ہوئی جس کا آغاز آٹھ بجے شب سے ہوا ۔بارش کے سبب امیرپیٹ کی سری نگر کالونی میں ایک مکان کی دیوا ر گر گئی تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
بارش کا پانی خیریت آباد ریلوے اسٹیشن کے ٹکٹ ریزرویشن کاونٹر پرجمع ہوگیا۔ بارش کے سبب یوسف گوڑہ میں بھی عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑا کیونکہ بارش کا پانی بڑے پیمانہ پر گھروں میں داخل ہوگیا۔مادھا پور کے کلیان نگر کے دو اپارٹمنٹس کے سیلارس میں بارش کا پانی داخل ہوگیا ۔اُپل ، رامنتاپور،بوڈ اُپل اور گھٹکیسر کے علاقوں میں بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا۔بارش کے دوران درختوں کے گر پڑنے کے سبب دو کاروں کو بھی نقصان پہنچا۔ اسی دوران حیدرآباد کے محکمہ موسمیات کے دفتر نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران تلنگانہ اور اے پی میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے افسروں نے بتایاکہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران رائل سیما اور ساحلی آندھراپردیش میں بعض مقامات پرشدید بارش ہوسکتی ہے۔افسروں نے یہ بھی وارننگ دی ہے کہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں چند مقامات پر آئندہ دو دن کے دوران شدیدبارش کاامکان ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا