English   /   Kannada   /   Nawayathi

چھتیس گڑھ کے بیجاپور میں نکسلیوں کا انکاؤنٹر، کئی ڈھیر(مزید اہم ترین خبریں)

share with us

جنگل میں تین دنوں سے اینٹی نکسل آپریشن چلایا جا رہا تھا۔غور طلب ہے کہ حال ہی میں مرکزی وزارت داخلہ نے ریاستی حکومت سے کہا تھا کہ بستر میں ماؤنوازوں کے خلاف اب نیم فوجی دستے خاص طور پر سی آر پی ایف اکیلے سرچنگ پر نہیں جائے گی۔ سرچنگ تبھی ہوگی، جب مقامی پولیس کا تعاون ملے گا۔ 8 مئی کو دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ میں بھی اس بات پر رائے شماری ہوئی تھی۔ اس کے بعد یہ پہلی مشترکہ کارروائی ہے۔

کونسل کی سرگرمیاں کئی جہات کو محیط ہیں : پروفیسر ارتضیٰ کریم

نئی دہلی۔ 17 ؍مئی(فکروخبر/ذرائع) فی الوقت قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان میں 24 پینل ہیں۔ ان میں بالخصوص اردو ادب پینل کی کارکردگی کا محاسبہ کریں تو اسے اطمینان بخش کہا جا سکتا ہے۔ اگر اشاعتی پہلو سے جائزہ لیں تو مالی سال مارچ2017 تک کونسل 107نئی کتابیں مختلف موضوعات پر شائع کر چکی ہے جب کہ دو سو کے لگ بھگ ایسی کتابیں ہیں جن کا دوسرا ایڈیشن بھی منظر عام پر آچکا ہے۔ اس حوالے سے یہ بات کہی جا سکتی ہے کہ کونسل کی سرگرمیاں کئی جہات کو محیط ہیں۔ یہ باتیں کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر ارتضیٰ کریم نے صدر دفتر میں منعقدہ اردو ادب پینل کی میٹنگ میں کہی۔ انھوں نے کہا کہ اس رفتار کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی ایسی نادر و نایاب کتابیں جو اردو قارئین سے دور ہوتی جا رہی ہیں اسے بھی دوبارہ منظر عام پر لانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ متن سے قاری کا رشتہ تبھی استوار ہو سکتا ہے جب کتابیں موجود ہوں۔ کتابوں کی عدم موجودگی میں یہ ممکن نہیں۔ پینل کی صدارت معروف تنقید نگار مولانا مظہر الحق عربی فارسی یونیورسٹی کے سابق شیخ الجامعہ پروفیسر اعجاز علی ارشد نے کی۔ انھوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کونسل اس سلسلے میں کئی سطحوں پر کام کر رہی ہے۔ اس کے اشاعتی کام کی پیش رفت تشفی بخش ہے ، جس کی تائید ، پینل کے تمام ممبران نے بھی کی ۔ جس میں قدیم متن کی بازیافت اور غیر شائع شدہ متن کی اشاعت شامل ہے۔ اس موقع پر بہار اردو اکادمی کے سکریٹری جناب مشتاق احمد نوری نے کہا کہ فیصلے تیزی سے اور تشفی بخش لیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ دوسرے ممبران نے بھی کئی اہم تجاویز پیش کی جن پر سنجیدگی کے ساتھ غورو خوض کیا گیا۔ میٹنگ میں پروفیسر وہاج الدین علوی ، پروفیسر رئیس انور، پروفیسر مہ جبیں نجم غزال ، پروفیسر شبنم حمید، ڈاکٹر نریش ، ڈاکٹر سلیمہ بی کولور، کونسل کے پرنسپل پبلی کیشن آفیسر ڈاکٹر شمس اقبال، محترمہ شمع کوثر یزدانی (اسسٹنٹ ڈائرکٹر، اکیڈمک)، محمد انصر (ریسرچ اسسٹنٹ)، محمد شہاب الدین (ریسرچ اسسٹنٹ) اور ڈاکٹر شاہد اختر نے بھی شرکت کی۔ 

فوج کے جوان کے ساتھ لوٹ مار

الور۔17 ؍مئی(فکروخبر/ذرائع)راجستھان کے الور شہر میں گزشتہ رات فوج سے چھٹی لے کر اپنے گھر جارہے ایک جوان پر بدمعاشوں نے چاقوؤں سے حملہ کر کے لوٹ لیا لیکن زخمی حالت میں بھی جوان نے ایک بدمعاش کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس کے مطابق شہر کے این ای بی تھانہ علاقے میں رات کو اپنے گھر جارہے فوج کے جوان پر منڈی موڑ پر بائک پر آئے تین سے چار لوگوں نے چاقو سے وار کرکے لوٹ لیا۔گووندگڑھ کے رہنے زخمی فوج صدام حصین کو سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ریل گاڑی سے اترنے کے بعد صدام حصین اپنے گھر جانے کے لئے منڈی موڑ آیا اور بس کا انتظار کررہا تھا کہ بائک پر آئے بدمعاشوں نے حملہ کردیا اور 17ہزار روپے نقد سمیت اس کے کاغذات چھین کر لے گئے ۔صدام نے ایک ملزم کو دبوچ لیا۔بعد میں موقع پر پہنچی پولیس نے اسے سرکاری اسپتال پہنچایا جہاں اس کا علاج چل رہا ہے ۔

عصمت دری کے بعد چار سال کی معصوم بچی کے قتل کے الزام میں نوجوان گرفتار

شہڈول۔17 ؍مئی(فکروخبر/ذرائع)مدھیہ پردیش کے ضلع شہڈول ہیڈکوارٹر میں چار سال کی ایک معصوم بچی کی عصمت دری اور اس کے قتل کے الزام میں پولیس نے ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے ۔بچی سنیچر سے غائب تھی۔ کل صبح اس کی لاش برآمد ہوئی تھی۔شہڈول کوتوالی پولیس ذرائع نے بتایا کہ وارڈ نمبر 18 کے رہنے والے راہل چوہتھا (22) کو چار سال کی ایک بچی کی عصمت دری اور اسے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق کیٹرنگ کا کام کرنے والے بچی کے باپ نے سنیچر کو بچی کے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کرائی تھی۔ کل صبح بس اسٹینڈ کے نزدیک جھاڑیوں میں بچی کی لاش ملی۔ ابتدائی جانچ میں بچی کو آخری بار ملزم کے ساتھ دیکھا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے قتل کا الزام درج کرکے ملزم کو شبہ کی بنیاد پر گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ملزم پر دفعات بڑھ سکتی ہیں۔

دو معصوموں سمیت کنبہ کے 4 افراد کی خودکشی

جے پور۔17 ؍مئی(فکروخبر/ذرائع)راجستھان کے ضلع بیکانیر کے شری ڈونگر گڑھ تحصیل کے دھنیرو گاؤں میں کل دو معصوموں سمیت چار افراد نے پانی کی ڈگّی میں کود کر خودکشی کرلی۔پولیس کے مطابق خودکشی کرنے والے کھیت میں رہتے تھے ۔ انہوں نے وہاں بنی پانی کی ڈگی میں کود کر خودکشی کرلی۔ ہلاک شدگان کے نام مہیندر (28)، نرما (26)، درشنا (4) اور بابو (2) بتائے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق کل دن کے وقت کسی سبب سے انہوں نے کھیت میں بنی پانی کی ڈگی میں کود کر خودکشی کرلی۔ کل شام گئے ہلاک شدہ کا بھائی کالو رام کھیت پر پہنچا تو ڈگی کے پاس چپلیں پڑی دیکھ کر ڈگی میں جھانکا تو چاروں کی لاشیں تیرتی ہوئی ملیں۔ بعد ازاں انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔موقع پر پہنچی پولیس نے چاروں کی لاشیں باہر نکالیں۔ آج سویرے مقامی اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں گھر والوں کو سونپ دیں۔پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔

بنا پانی کی مچھلی کی طرح تڑپ رہے ہیں کیجریوال:مشرا

نئی دہلی۔17 ؍مئی(فکروخبر/ذرائع)دہلی کے سابق وزیر کپِل مشرا نے اروند کیجریوال پر الزامات کی فہرست جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی بغیر پانی کی مچھلی کی طرح تڑپ رہے ہیں۔مسٹر کیجریوال پر بدعنوانی کے الزامات کی جانچ اور عام آدمی پارٹی (آپ)کے رہنماؤں کے غیر ملکی سفر کی تفصیل عام کئے جانے کے مطالبے کے سلسلے میں چھ دن تک بھوک ہڑتال کرنے والے مسٹر مشرا آج مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی)کے سامنے اپنی شکایت درج کرائیں گے ۔مسٹر مشرا نے کل اپنی بھوک ہڑتال ختم کی تھی۔کراول نگر سے ممبراسمبلی مسٹر مشرا نے ٹویٹر پر لکھاہے ''کیجریوال بنا پانی کی مچھلی کی طرح تڑپ رہے ہیں۔کبھی رکن اسمبلی تو کبھی اپنی اہلیہ کو آگے کرکے مجھ سے تمام تفصیلات چاہتے ہیں۔ان کا یہ کھیل پرانا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ کل ٹویٹر پر مسٹر مشرا اور مسٹر کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال کے درمیان جم کر ایک دوسرے پر الزام تراشی کی گئی۔سابق وزیر نے خودکو آپ پارٹی کے ذریعہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کا ایجنٹ بتائے جانے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے ساتھ فوٹو آنے سے کوئی اس کا ایجنٹ بن جاتا ہے تو مسٹر کیجریوال کس کے ایجنٹ ہیں۔انہوں نے چار تصویریں ٹویٹر پوسٹ کی ہیں،جن میں ایک میں تصویر میں کیجریوال کو پاکستان کے لیڈر کے ساتھ،دوسری تصویر میں لالو یادو،تیسری میں سابق وزیراعظم من موہن سنگھ اورکانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے ساتھ اور چوتھی تصویر میں مسٹر مودی کے ساتھ دکھایا گیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر کیجریوال پر بدعنوانی کے الزام لگانے کے بعد آپ پارٹی کے رہنماؤں نے ٹویٹر پر فوٹو جاری کی تھی جس میں مسٹر مشرا بی جے پی کے رہنماؤں کے ساتھ بیٹھے نظر آرہے ہیں۔آپ پارٹی کے لیڈران نے ان تصویروں کی بنیاد پر سابق وزیرکو بی جے پی کا ایجنٹ قرار دیا تھا۔

سابق وزیر خزانہ پی چدم برم کے گھر پر پولیس کی چھاپہ مار کارروائی

نئی دہلی ۔ 17 مئی (فکروخبر/ذرائع) مرکزی تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی نے مالیاتی سکینڈل کی زد میں آئے ہوئے سابق وزیر خزانہ اور اپوزیشن کانگریس پارٹی کے اعلی رہنما ء پی چدم برم کے گھر کی تلاشی لی ہے۔منگل کو سی بی آئی کے مطابق پی چدم برم اور ان کے بیٹے ٹیلی کام سیکٹر کے غیر ملکی سرمایہ کاری کے معاہدوں میں مالی بے ضابطگیوں میں ملوث پائے گئے ہیں اور اسی سلسلے میں ان کے اور ان کے بیٹے کریتی کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق انھوں نے سکینڈل کی چھان بین کے لئے ممبئی کے علاوہ دہلی،چنائی اور گروگرام میں کارروائیاں کی ہیں۔پی چدم برم نے مالیاتی بدعنوانی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے اپنے دور وزارت میں تمام تر سرمایہ کاری کے معاہدوں کی منظوری بورڈز کی منظوری سے دی تھیں۔انھوں نے کہا کہ مودی حکومت،سی بی آئی اور دوسری ایجنسیاں ان کو ،ان کے خاندان اور دوستوں کو ہراساں کر رہی ہے۔ 71سالہ پی چدم برم 2004-08کے دوران اور بعد میں 2012 تک وزیر خزانہ رہے۔ 2006میں انڈین ٹیلی کام فرم ائر سیل کے سو فیصد حصص ملائشین کمپنی میکسس کو بیچے گئے جو ان کے خلاف تحقیقات کی وجہ ہے۔

سپریم کورٹ سے توہین عدالت کے الزام میں سزاء یافتہ کلکتہ ہائیکورٹ کے جج کی تلاش جاری 

نئی دہلی ۔ 17 مئی (فکروخبر/ذرائع) سپریم کورٹ سے توہین عدالت کے الزام میں سزاء یافتہ کلکتہ ہائیکورٹ کے جج جسٹس سی ایس کرنن کی تلاش جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق پولیس ابھی تک جسٹس کرنن کو تلاش نہیں کرسکی ہے ۔ قیاس کیا جا رہا ہے کہ سپریم کورٹ سے ٹکراؤ کی راہ اختیار کرنے والے جسٹس کرنن شائد ملک سے فرار ہوگئے ہیں۔ 61 سالہ جج کو آحری مرتبہ منگل کے دن چینائی میں دیکھا گیا تھا جبکہ اس سے چند ہی گھنٹے قبل سپریم کورٹ نے توہین عدالت سے متعلق ایک مقدمہ میں ان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ جسٹس کرنن کا تعلق تامل ناڈوسے ہے سپریم کورٹ نے جسٹس کرنن کو توہین ر عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے اسے 6 ماہ قید کی سزا سنائی تھی اور انہیں فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔ 

بھارت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی 

نئی دہلی ۔ 17 مئی (فکروخبر/ذرائع) حکومت نے پیٹرولئیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیاہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 2 رو پے 16 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 10 پیسے فی لیٹر کمی کردی ہے ۔ 

اترپردیش کی ریاستی حکومت کمزور طبقات کے حق میں نہیں: آل انڈیا ملی کونسل

نئی دہلی 17 مئی (فکروخبر/ذرائع)اترپردیش کی یوگی حکومت میں نظم ونسق کی خراب ہوتی صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل نے کہا کہ ایسا تب ہو رہا ہے جب یہ حکومت غنڈہ راج ختم کرنے اور ریاست میں نظم ونسق کو بحال کرنے اور قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے نام پر اقتدار میں آئی ہے۔ملی کونسل جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اپنے پریس بیان میں کہا کہ یوپی حکومت کو اقتدار میں آئے تقریباً دو ماہ ہو رہے ہیں لیکن اس دوران سب سے خراب صورتحال ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی رہی ہے، جہاں ایک طرف ایک مخصوص کمیونٹی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، انہیں کبھی بیف کے نام پر ستایا جا رہا ہے تو کبھی مساجد سے لاؤڈ اسپیکر اتارنے کی دھمکی دی جارہی ہے حتی کہ دیواروں پر کھلے عام چسپاں پوسٹروں کے ذریعہ وارننگ دی جارہی ہے کہ دسمبر 2017 تک مسلمان اس گاؤں کو خالی کر دیں، وہاں دوسری طرف چھوٹی ذاتوں کو بھی نشانہ پر لیا جا رہا ہے۔ بلندشہر، سنبھل اور سہارنپور وغیرہ میں اعلیٰ ذاتوں کے ذریعہ چھوٹی ذاتوں کے گھروں پر حملہ کیا گیا، مکانوں کو نذرآتش کیا گیا اور انہیں مارا پیٹا گیا، پولیس اس پورے معاملے میں جس طرح خاموش تماشائی رہی اس سے بہت سے سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ڈاکٹر عالم نے کہا کہ کہنے کو تو یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ہندو یوا واہنی کے کارکنوں سے کہتے ہیں کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں لیکن دیکھا جا رہا ہے کہ ان کی اس اپیل پر ان کارکنوں پر کوئی اثر نہیں ہو رہا ہے، بلکہ واقعات یہ ثابت کر رہے ہیں کہ وہ پہلے سے زیادہ دلیر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بنیادی وجہ ان کارکنوں کو آر ایس ایس کی پشت پناہی حاصل ہے کہ تم جو چاہو کرو، ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ریاست کے حالات سدھرنے کے بجارے مزید بگڑ رہے ہیں، کچھ ایسا ہی معاملہ پولیس کا ہے۔ پولیس کے ذریعہ لاء اینڈ آرڈر کو کنٹرول نہ کرپانے سے بھی یہ بات صاف ہو جاتی ہے کہ موجودہ یوگی حکومت سرکار چلانے کی اہل نہیں ہے اور نہ ہی وہ کمزور طبقات کے حق میں ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ریاست کو فرقہ وارانہ اور طبقاتی جنون کی جانب ڈھکیلا جا رہا ہے۔

جے ڈی (ایس ) مینارٹی ونگ کا ایک اہم اجلاس 19؍مئی کو 

بیدر۔ 17 مئی (فکروخبر/ذرائع)کرناٹک پردیش جنتادل (ایس) مینارٹی ونگ کے ریاستی نائب صدر جناب محمداسدالدین کی اطلاع کے بموجب 19؍مئی بروز جمعہ 3بجے دوپہر ، پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر موقوعہ جے پی بھون ، بنگلور میں مینارٹی قائدین، دفتری عہدیداران اور پارٹی کارکنان کاایک اجلاس منعقد کیاگیاہے۔ جہاں جے ڈی (ایس) پارٹی کے شعبۂ اقلیت کاآئندہ کالائحہ عمل تیار کیاجائے گا۔ کس طرح مینارٹی ونگ کو مضبوط اور مستحکم کیاجائے روڈ میپ تیار ہوگا۔ اس اجلاس میں اقلیتی قائدین کے علاوہ سابق وزیر اعظم اور پارٹی کے قومی صدر جناب ایچ ڈی دیوے گوڈا ، سابق چیف منسٹر اور ریاستی صدرکمارسوامی ، سابق ریاستی وزیر بنڈپا قاسمپور ، بسواراج ہورٹی ایم ایل سی ، مدیر آغاز ایم ایل سی ، بی ایم فاروق ریاستی سکریڑی جنرل، ظفراللہ خان ریاستی جنرل سکریٹری، صدر یوواجنتادل (ایس) مسٹر مدھوبنگارپا وغیرہ حصہ لیں گے ۔جے ڈی (ایس) اقلیتی قائدین اورکارکنان سے اس اجلاس میں شرکت کی اپیل جناب محمداسدالدین ریاستی نائب صدر جے ڈی (ایس ) مینارٹی ونگ نے کی ہے۔ 

ایس ایس ایل سی امتحانات میں انگریزی میڈیم کی طالبہ کماری نیلامبیکا تڑکل نے ضلع میں امتیازی نشانات حاصل کئے

بیدر۔ 17 مئی (فکروخبر/ذرائع)مسٹر اویناش پرنسپل نہیمیا میموریل اسکول بیدر نے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ اطلاع دی ہے کہ بیدر ضلع کے معروف انگریزی اسکول شریمتی لوسی اندریہ نہیمیا سمستھے کے تحت شہر کے نہیمیا میموریل ہائی اسکول کی طالبہ کماری نیلامبیکا گنگادھر تڑکل نے مارچ اور اپریل 2017میں منعقدہ ایس ایس ایل سی امتحان میں 625نشانات میں سے 607نشان لے کر امتیازی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ضلع اور اسکول کانام روشن کیاہے۔طالبہ کے اس ریاض پر انتظامیہ ، اساتذہ اور اسٹاف کے علاوہ اس کے گھروالوں نے اپنی مسرت کااظہار کیاہے۔ نیلامبیکا گنگادھر تڑکل کا فیصد97.12 ہے۔ انگریزی میں 125میں سے 121، کنڑا میں 99، ہندی میں 93، حساب میں 97، سائنس میں 99، اور سماجی سائنس میں 98نشانات طالبہ نے حاصل کئے ہیں۔ صدر معلم نے طالبہ کے بہتر مستقبل کے لئے دعا کی ہے۔ کسی بھی قسم کی تفصیلات کے لئے 9343296420پر رابطہ کیاجاسکتاہے۔ 

لالو پرساد یادوکی مبینہ بے نامی جائیداد کے سلسلے میں محکمہ انکم ٹیکس کے دہلی اور گروگرام میں چھاپے 

نئی دہلی ۔ 17 مئی (فکروخبر/ذرائع)محکمہ انکم ٹیکس نے سیاسی جماعت راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو سے منسلک مبینہ بے نامی جائیداد کے سلسلے میں دہلی اور گروگرام میں 22 ٹھکانوں پر چھاپے مارے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس نے پولیس کی معاونت میں منگل کی صبح قریب آٹھ بجے سے ہی یہ کارروائی شروع کی۔یہ چھاپے ایک ہزار کروڑ روپے کی مبینہ بے نامی جائیداد کی خرید و فروخت کے سلسلے میں مارے گئے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا