English   /   Kannada   /   Nawayathi

ایٹہ میں بھیانک سڑک حادثہ، ٹرک-اسکول بس میں تصادم، 25 بچوں کی موت،30 سے زائد زخمی(مزید اہم ترین خبریں)

share with us

بتایا جا رہا ہے کہ سردی کی وجہ سے اسکول میں چھٹی کا حکم تھا۔ اس کے باوجود اسکول کھلا ہوا تھا۔یوپی کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے بھی بچوں کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے مفت علاج کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی نے حکم دیا کہ تمام زخمیوں کو بہتر سے بہتر سہولت مہیا کرائی جائے۔ اس درمیان ایٹہ کے ڈی ایم شمبھوناتھ سنگھ نے جے ایس پبلک اسکول کی منظوری منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے معاملہ میں ایف آئی آر درج کرانے کو کہا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ایٹہ میں ہوئے سڑک حادثے پر رنج وغم ظاہر کیا ہے۔ وزیر اعظم نے ٹویٹ کر کہا کہ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ اس حادثے میں زخمی ہوئے بچے جلد ٹھیک ہو جائیں۔ حادثے میں مارے گئے بچوں کے خاندان سے میں اظہار تعزیت کرتا ہوں۔مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ٹویٹ کیا، 'ایٹہ میں ہوئے سڑک حادثہ میں اتنی قیمتی زندگیاں کھونے سے مجھے بڑا دکھ پہنچا ہے۔یوپی کے ڈی جی پی جاويد نے خود ٹویٹ کر کہا، علی گڑھ کے ایٹہ میں سڑک حادثہ ہوا ہے۔ 15 سے زیادہ بچوں کی موت ہوئی ہے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

وزیر عظم نوٹوں کی منسوخی کے لئے اہل وطن سے معافی مانگیں ۔۔ کانگریس

نئی دہلی ۔19 جنوری:2017 (فکروخبر/ذرائع ) کانگریس نے نوٹوں کی منسوخی پر وزیر اعظم نریندر مودی اور ریزرو بینک آف انڈیا پر راست حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ یہ عوام مخالف اقدامات کرکے معیشت کو پٹری سے اتارنے کے لئے انہیں اہل وطن سے معافی مانگنی ہوگی ورنہ پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ پورے ملک میں ریزرو بینک کی 33 شاخوں کے گھیراؤ کے پارٹی کے پروگرام کے تحت یہاں جنتر منتر پر منعقددھرنے سے خطاب کرتے ہوئے راجیہ سبھا کے پارٹی کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما نے کہا کہ نوٹوں کی منسوخی کی وجہ سے ملک میں افراتفری کاماحول بنا ہوا ہے ۔ اس کی مار ملک کے ہر طبقے خاص طور پرکسان، نوجوان، مڈل کلاس، تاجر اور خواتین پر پڑی ہے ۔ اس لئے کانگریس کو سڑک پر اترنا پڑا ہے ۔ مسٹر مودی کونشانہ بناتے ہوئے مسٹر شرما نے کہا وہ خود کو فقیر بتاتے ہیں اور فقیر بن کر انہوں نے ملک کولوٹ لیا۔ یہ وزیر اعظم کا کام نہیں ہے کہ وہ پے ٹی یم کے برانڈ ابیسڈر بنیں۔ نوٹوں کی منسوخی کو صدی کا سب سے بڑا گھپلہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ لوگ اے ٹی ایم کے باہر لائن میں کھڑے تھے اور آر بی آئی سے نئے نوٹ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں کے گھر پہنچ رہے تھے .۔وزیر اعظم اور آر بی آئی نے پورے معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ اس کی جانچ ہونی چاہئے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ 98 فیصد پیسہ بینکوں میں واپس آ گیا ہے ۔ اب اسے یہ بتانا چاہئے کہ کیا وہ کالا دھن تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کا اہم حصہ کیش کو ختم کرکے مسٹر مودی نے ملک کو کیش لیس کر دیا۔ مسٹر شرما نے لوگوں کی پریشانیاں دور کرنے کے لئے روپے نکالنے پر عائد پابندی فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے سوالوں کا جواب نہیں دیا البتہ باہر جلسے کرکے غلط بیانی کی۔اس موقع پر کانگریس صدر سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل نے آر بی آئی کو ریورس بینک آف انڈیا قرار دیتے ہوئے اس کے گورنر اریجیت پٹیل کے استعفی کا مطالبہ کیا۔ آر بی آئی پر حکومت کے ہاتھوں میں کھیلنے کا الزام لگاتے ہوئے مسٹر پٹیل نے کہا کہ مودی حکومت نے اداروں کی ساکھ کو تہس نہس کر دیا ہے ۔

حکومت کا105 پرانے قوانین کو منسوخ کرنے کافیصلہ

نئی دہلی ۔19 جنوری:2017 (فکروخبر/ذرائع ) حکومت نے 105 پرانے اور ازکار رفتہ قوانین کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے تنسیخ اور ترمیمی بل 2017 پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں ہونے والی کابینہ کی میٹنگ میں اس فیصلے کو منظوری دی گئی۔ وزیر قانون روی شنکر پرساد نے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ وزیر اعظم کے دفتر، قانون کمیشن اور محکمہ قانون و طریق کار کی طرف سے قائم دو رکنی کمیٹی نے منسوخی کے لئے پرانے اور ازکار رفتہ 1824 قوانین کی نشاندہی کی تھی۔ اس کمیٹی کی سفارش اور مختلف وزارتوں کی طرف سے کی گئی تحقیقات کی بنیاد پر حکومت نے اب تک 1174 قوانین کو رد کیا ہے ۔ نشان زد ہ 1824 قوانین میں 227 ریاستی حکومتوں کو منسوخ کرنے ہوں گے اور اس کے لئے ریاستوں سے درخواست کی گئی ہے ۔ مرکزی حکومت نے باقی 422 مرکزی قوانین کو جانچ کے لئے مختلف وزارتوں اور محکموں کے پاس بھیجا تھا جن میں سے 105 کو منسوخ کرنے کے لئے تمام متعلقہ وزارتوں نے اپنی منظوری دے دی ہے ۔

بے قصوروں کو انصاف مل گیا: مولانا ارشد مدنی

نئی دہلی ۔ ۔19 جنوری:2017 (فکروخبر/ذرائع )جمعےۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے لکھنؤ ہائی کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دیر سے ہی لیکن بے قصور نوجوانوں کو انصاف مل گیا ہے لیکن اسی کے ساتھ یہ بات ایک بار پھر ثابت ہوگئی ہے کہ پولیس اور سیکوریٹی ایجنسیاں کسی طرح سے مسلم نوجوانوں کے مستقبل اور ان کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ پولیس کے متعصبانہ یا غیر ذمہ دارانہ رویہ کی وجہ سے ان دونوں نوجوانوں کو اپنی زندگی کے قیمتی15سال جیل کی نذر کردینے پڑے۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ ان بے قصور افراد کی زندگی برباد ہونے کیلئے کون ذمہ دار ہے؟ کیا یہ حکومت کا فرض نہیں بنتا ہے کہ جن پولیس افسران نے ان نوجوانوں کے خلاف فرضی معاملات تیار کئے اب ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے اور انہیں گرفتارکر کے جیل بھیجا جائے اور عدالت سے بری کئے گئے دونوں نوجوانوں کو معقول معاوضہ ادا کیا جائے ۔ مولانا مدنی نے امید ظاہر کی کہ یہ دونوں نوجوان باقی مقدمات سے بھی بری ہو جائیں گے ۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا