English   /   Kannada   /   Nawayathi

شمالی 24 پرگنہ : فرقہ وارانہ جھڑپ کے بعد مسلمان نقل مکانی پر مجبور ، 50 سے زیادہ زخمی ، 100 سے زائد دکانیں نذر آتش(مزید اہم ترین خبریں)

share with us

حاجی نگر کے رہنے والے جمشید نامی ایک شخص نے بتایا کہ گزشتہ تین دنوں سے ہم لوگ خو ف و ہراس کے ماحول میں ہیں ۔ہمارے گھروں پر حملے ہورہے ہیں مقامی تھانہ مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے ۔عوامی نمائندے بھی ہماری مدد نہیں کرپارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہماری مدد کرنے کو آئے میونسپلٹی کے چیر مین اشوک چٹرجی پر بھی حملہ کیا گیا ہے جس میں وہ زخمی ہوگئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج علاقے میں پولس فورسیس کے تعینات ہونے کے بعد حالات کنٹرول میں ہیں مگر اس کے باوجود پورے علاقے میں خو ف و ہراس کاماحول ہے۔ڈاکٹر شفیق انصاری کے دونوں پاؤں کاٹ دیئے اور انھیں نیم مردہ کرکے چھوڑ کر بلوائی فرار ہوگئے تھے۔ آج ان کی موت ہوگئی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس فساد کے پیچھے فارورڈ بلاک کے ایک لیڈر جن کے دونوں بیٹے اب آر ایس ایس اور بی جے پی سے وابستہ ہیں اور سیمنٹ و بالو کی سپلائی کام کرتے ہیں ان کا ہاتھ ہے۔ ملی اتحاد پریشد کے جنرل سکریٹری عبدالعزیز نے بتایا کہ محرم کی دسویں تاریخ کو بارکپور کے تحت حاجی نگر کے مارواڑی کل محلہ کے مسلمان محرم کا جلوس نکالنے پر فساد کے خدشہ کی وجہ سے راضی نہیں تھے مگر پولس کے زور دینے پر عاشورہ کے دن محرم کا جلوس نکلا جس پر بلوائیوں نے پولس کی موجودگی میں آٹھ بم پھینکے جس کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی اور تقریباً چالیس پچاس آدمی زخمی ہوگئے۔رات بھر فسادی مسلمانوں کے گھروں، دکانوں کو نذر آتش کرتے رہے۔ سکریٹری پریشد نے کہاہے کہ گزشتہ روز صبح کے وقت حاجی نگر، مارواڑی کل اور بارکپور سے لوگوں نے فون کرکے سارے حالات سے آگاہی دی۔ بتایا کہ رات بھر بم بازی ہوتی رہی۔ مسلمان خوف و ہراس کے سایہ میں رہے اور ادھر ادھر پناہ لینے کی کوششیں کرتے رہے۔اس وقت کھردا، کانکی نارہ، حاجی نگر، چندن نگر، بارکپور وغیرہ سے مسلمانوں کے لگاتار فون آرہے ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ لگ بھگ مسلمانوں کے سوسے زائد گھر جلا دیئے گئے اور دکانیں بھی تباہ و برباد کر دی گئیں۔ تقریباً پانچ سو بوڑھے مرد، عورت بچے اپنے اپنے گھروں سے کسی صورت میں نکل کر مسلمانوں کے اکثریتی علاقہ میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ بہت سے لوگ کلکتہ اپنے رشتہ داروں کے گھر آگئے ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ بند طریقے سے کیا جارہا ہے۔پوجا سے قبل مقامی افراد کی میٹنگ میں ہی اس تشویش ک اظہار کیا گیا تھا کہ کچھ لوگ یہاں فساد کرسکتے ہیں مگر اس وقت مقامی انتظامیہ نے اس پر سنجیدگی سے غور نہیں کیا ۔ مارواڑی کل علاقے سے آر ایس ایس سے تعلق رکھنے والے دوافراد بی جے پی کے ٹکٹ پر کونسلر ہیں اس کی وجہ سے اس علاقے میں آر ایس ایس کے اثرات ہیں ۔جمشید جوحاجی نگر میں تاجروں کے سمیتی کے جنرل سیکریٹری ہیں نے بتایا کہ مقامی سے زیادہ باہری لوگ یہاں آئے ہوئے ہیں اور ان کے ذریعہ حملہ کیاجارہا ہے۔واضح رہے کہ پوجاکی مورتیوں کے بھسان اور محرم کے جلوس کے درمیان مغربی بنگال کے کئی مقامات پر جھڑپ ہوئے ہیں ۔کل ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف مغربی بنگال پولس (لا اینڈ آرڈر)منوج شرما نے کہا تھا کہ یہ معمولی واقعات ہیں اس کو فساد کا نام دینا مناسب نہیں ہے۔اس طرح کے واقعات ہرسال رونما ہوتے ہیں اور حالات معمول پر آجاتے ہیں ۔جب کہ سی پی ایم کے ریاستی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سوریہ کانت مشرا نے ممتا بنرجی پر فرقہ وارانہ یکجہتی کا ماحول برقرار نہیں رکھنے کا الزام عاید کرتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہیں ۔انہوں نے بایاں محاذ کے دور میں بھی فرقہ واریت کو پھیلانے والوں کو برداشت نہیں کیا جا تا تھا۔


جہان آباد میں نوجوان لڑکی کا گلا کاٹ کر قتل

جہان آباد۔16اکتوبر(فکروخبر/ذرائع )بہار میں اس ضلع کے ڈیھٹا تھانہ علاقے میں کل دیر رات ایک نوجوان لڑکی کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ لڑکی کے گھروالوں اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے مٹور گاؤں کے باشندے نریش پرساد کے گھر سے اس کی بیٹی مینو کماری (18) کی لاش برآمد کی۔ پولیس کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ معاشقے کی وجہ سے لڑکی کا دھاردار ہتھیار سے قتل کیا گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ لاش پوسٹ مارٹم کے لئے جہان آباد صدر ہسپتال بھیج دی گئی ہے ۔ پولیس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے ۔


سمستی پور میں تاجر کے قتل کے خلاف احتجاج میں ہڑتال

سمستی پور۔16اکتوبر(فکروخبر/ذرائع)بہار میں اس ضلع کے دلسنگھ رائے تھانہ علاقے کے گھاٹ نوادہ بازار میں کل سونے کے ایک تاجر کے قتل کے خلاف احتجاج میں آج دلسنگھ رائے بازار پوری طرح بند ہے ۔سونے کے کاروبار کرنے والوں کی تنظیم کی اپیل پر تاجروں نے شہر میں احتجاجی مارچ نکالا اور بازار بند کرا دیا۔ تاجروں نے شہر کے کئی مقامات پراحتجاج کرکے ٹریفک نظام میں بھی رخنہ ڈالا۔ خیال رہے کہ کل جرائم پیشہ افراد نے دن دہاڑے دلسنگھ رائے کے گھاٹ نوادہ بازار میں سونے چاندی کے تاجررمیش پرساد کا موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔واردات کو انجام دے کر فرار ہونے والے بدمعاشوں نے قتل کی مزاحمت کرنے والے ٹھیلہ چلانے والے بھرت پاسوان کو بھی گولی مار کر بری طرح زخمی کر دیا تھا۔


وجے مالیا کے طیارے کی نیلامی کو دوبارہ مکمل کرنے کا حکم

ممبئی۔16اکتوبر(فکروخبر/ذرائع )بمبئی ہائی کورٹ نے سروس ٹیکس محکمہ کو شراب کاروباری وجے مالیا کے پرائیویٹ طیارے کو دوبارہ نیلام کرنے اور فروخت کے عمل کو 15 دسمبر تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔سروس ٹیکس محکمہ کے بقائے کی وجہ وجے مالیا کا ذاتی طیارہ یہاں ہوائی اڈے پر کھڑا ہے ۔جج ایس سی دھرمادھیکاري اور جج بی پی کولاباوالا کی بنچ نے کہا کہ 'مالیا کے ذاتی طیارے کو فروخت یا نیلام کرنے کے عمل کو سروس ٹیکس محکمہ جلد مکمل کرے '۔انہوں نے کہا کہ مالیا کا نجی طیارے ھوائی اڈہ پر کھڑا ہے لیکن آپ لوگ صرف وقت کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ڈویژن بنچ نے معاملے میں 15 دسمبر تک تمام کام مکمل کرنے کا حکم دینے کے ساتھ مالیا کے طیارے کو نیلام یا فروخت کرنے کا بھی حکم دیا۔مالیا کے طیارے کو نیلام کرنے کے سلسلے میں ایک مفاد عامہ کی عرضی پر کل عدالت میں سماعت چل رہی تھی۔محکمہ کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ مالیا کے نجی طیارے کی کُل قیمت کی صرف 80 فیصد تک بولی لگائی گئی۔عدالت نے اس معاملے میں اگلی سماعت 20 دسمبر طے کی ہے ۔


برکس سربراہ اجلاس گوا میں شروع ہونے جارہا ہے 

پنجی۔16اکتوبر(فکروخبر/ذرائع )برکس:برازیل، روس، انڈیا، چین اور ساوتھ افریقہ] کا سالانہ سربراہ اجلاس آج یہاں شروع ہورہا ہے ۔ہندستان اس چوٹی کانفرنس میں جو نہ صرف پانچ ممالک بلکہ دنیا کی تقریباً نصف آبادی کی نمائندگی کرتی ہے ، دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کو یکا وتنہا کرنے کی سفارتی کوشش کرے گا۔اجلاس کے شرکا بھی جو برکس ممالک کے سربراہ ہیں، تجارت اور سرمایہ کاری پر بات چیت کے ساتھ ان سرگرمیوں کو محفوظ اور مامون بنانے کے لئے دہشت گردی کے عالمی مسئلے پر بھی حسب توقع سیر حاصل بات چیت کریں گے ۔ برکس کا ایک اہم رکن ہونے کے ناتے ہندستان دہشت گردی پر ایک جامع بین اقوامی کنونشن کے لئے اقوام متحدہ کو عملاً متحرک کرنے کے لئے برکس ارکان میں فکری اور عملی اتحاد پر زور دینے کی کوشش کر سکتا ہے تاکہ اس عفریت سے اقوام عالم کو بچایا جا سکے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کل رات ہی یہاں پہنچ گئے ہیں۔ دیگر بین اقوامی رہنمایان نے پچھلے پہر پہنچنا شروع کیا۔


پوتن کی مودی سے ملاقات، محدود بات چیت

پنجی۔16اکتوبر(فکروخبر/ذرائع ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج برکس سربراہ کانفرنس سے پہلے روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے بات چیت کی۔وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ٹویٹر پر لکھا 'وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر پوتن نے محدود بات چیت کے ساتھ شروعات کی۔ اس سیشن کے بعد وفد کی سطح کی بات چیت ہوگی۔مذاکرات کے دوران پاکستان کے ساتھ روس کے دفاعی تعاون اور اہم دفاعی سودوں پر جاری بات چیت سمیت کئی دوطرفہ امور، دہشت گردی اور دیگر علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہونے کا امکان ہے ۔ اس دوران دفاع اور توانائی کے سیکٹر میں کئی سمجھوتے ہونے کی بھی امید ہے ۔


بیگو سرائے میں ٹیچر کا اغوا

بیگو سرائے۔16اکتوبر(فکروخبر/ذرائع )بہار میں بیگوسرائے ضلع کے سنگھولہ تھانہ علاقے میں کل رات بدمعاشوں نے زرفدیہ کے لئے نجی اسکول کے ایک استاد کو اغوا کر لیا۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ بگبارہ گاؤں کے رہنے والے راجیش کمار پڑوس کے ببھن گاما گاؤں گئے تھے جہاں سے رات لوٹنے کے دوران موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے ان کا اغوا کر لیا۔بعد میں ان کے گھروالوں کو فون کرکے اغواکاروں نے دو لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ۔ مسٹر کمار ایک پرائیویٹ اسکول میں پڑھاتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ اس ضمن میں متعلقہ تھانہ میں معاملہ درج کرادیا گیا ہے ۔ پولیس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے ۔


مظفر پور میں بڑی مقدار میں شراب کے ساتھ دو اسمگلر گرفتار

مظفر پور۔16اکتوبر(فکروخبر/ذرائع )بہارمیں مظفر پور ضلع کے گائے گھاٹ تھانہ علاقے سے آج صبح پولیس نے بڑی مقدار میں انگریزی شراب کے ساتھ دو اسمگلروں کو گرفتارکرلیاہے ۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ اطلاع کی بنیاد پر دبولی پنچایت گھر کے احاطے میں ٹرک سے اتار کر گاڑیوں پر لادے جارہے 286 کارٹن انگریزی شراب برآمد کی گئی۔اس دوران پولیس نے دواسمگلروں کو گرفتار کرکے ایک ٹرک اور چھ گاڑیاں ضبط کرلی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ گرفتار اسمگلروں میں ہتھوڑی تھانہ علاقے کا رہنے والا سنیل مہتو اور روشن مہتو شامل ہے ۔چھاپے کے دوران اس دھندے میں شامل دیگر اسمگلر فرارہوگئے ۔برآمد کی گئی شراب ہریانہ میں بننے والی مختلف برانڈ کی ہے ۔


گیا میں سابق نائب مکھیا کے قتل کے خلاف احتجاج میں سڑک جام

گیا ۔16اکتوبر(فکروخبر/ذرائع )بہار میں گیا ضلع کے مگدھ میڈیکل تھانہ علاقے میں آج صبح ایک سابق نائب مکھیا کی لاش ملنے کے بعد مشتعل لوگوں نے سڑک جام کر دیا۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ کٹیہاري گاؤں کے باشندہ اور اورما پنچایت کے سابق نائب مکھیا راجندر یادو (50) کی آج صبح لاش ملنے کے بعد یادو کے گھر والے اور گاؤں والے مشتعل ہو گئے اور ان لوگوں نے لاش کے ساتھ مظاہرہ کر کے ہسپتال موڑ کو جام کر دیا ہے ۔سابق نائب مکھیا کل رات اپنے گھر سے نکلے تھے اور غالباً دیر رات ان گلا دبا کر قتل کر دیا گیا۔ قتل کے بعد جرائم پیشہ افراد نے ان کی دونوں آنکھیں بھی پھوڑ ڈالی تھیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مشتعل گاؤں والے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ کر لوگوں کو سمجھانے بجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔


ویشالی میں زمین کے تنازعہ میں تصادم کے دوران آٹھ افراد زخمی

حاجی پور۔16اکتوبر(فکروخبر/ذرائع ) بہار میں ویشالی ضلع کے سھدءي تھانہ کے تحت آٹھ پوسٹ علاقے میں زمین کے تنازعہ میں آج صبح دو گروپوں کے درمیان ہونے والے تصادم میں تین خواتین سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ وکرم پور گاؤں کے باشندہ سنجے کمار جھا اور رویندر ساہ کے درمیان زمین کے معاملے پر کافی دنوں سے تنازعہ چل رہا تھا۔ اسی معاملے پر آج صبح رویندر نے اپنے چند حامیوں کے ساتھ سنجے کے گھر پر حملہ کر کے مار پیٹ کی جس میں تین خواتین سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے ۔ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں سنجے کے بیان پر چھ افراد کے خلاف متعلقہ تھانہ میں معاملہ درج کرایا گیاہے ۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہیں جن کی گرفتاری کے لئے پولیس چھاپے مار رہی ہے ۔زخمیوں کو مقامی سرکاری ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔


آر ایل ایس پی کے سابق ریاستی جنرل سکریٹری جے ڈی یو میں شامل

پٹنہ۔16اکتوبر(فکروخبر/ذرائع ):راشٹریہ لوک سمتا پارٹی(آر ایل ایس پی)کے سابق ریاستی جنرل سکریٹری ناگیشور سنگھ سوراج سمیت کئی رہنما آج جنتا دل یونائیٹیڈ (جے ڈی یو)میں شامل ہوگئے ۔جے ڈی یو کے ریاستی جنرل سکریٹری نوین کمار آریہ نے یہاں بتایا کہ مسٹر سوراج نے پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقد ایک تقریب میں جے ڈی یو میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔انہوں نے بتایا کہ جے ڈی یو کے ریاستی صدر وششٹھ ناراین سنگھ نے انہیں باقاعدہ پارٹی کی رکنیت دلائی۔مسٹر سوراج نے دو اکتوبر کو گاندھی جینتی کے موقع پر آرایل ایس پی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔اس موقع پر قانون ساز کونسل میں چیف وہپ سنجے کمار سنگھ ،قانون ساز کونسل کے رکن سی پی سنہا ،چندیشور پرساد چندرونشی سمیت کئی رہنما موجود تھے ۔جے ڈی یو کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد مسٹر سوراج نے بتایا کہ وہ مکمل طور پر پارٹی کی پالیسیوں اور اصولوں پر چل کر وزیراعلی نتیش کمار کی قیادت میں چلائے جارہے سات عزائم پروگرام کو پورا کرنے میں اپنا تعاون دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی شراب پر پابندی کے لئے چلائی جارہی عوامی بیداری مہم میں بھی وہ فعال کردار ادا کریں گے ۔مسٹر سوراج کے ساتھ مسٹر وکاس کمار گپتا،مسٹر پروین کمار شریواستو،مسٹر سشانت کمار،مسٹر رنجیت گپتا،مسٹر منوج کمار سنگھ،مسٹر وکاس کمار سنگھ،مسٹر پریم پاسوان،مسٹر متھلیش یادو سمیت سیکڑوں کارکنان نے جے ڈی یو کی رکنیت حاصل کی ۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا