English   /   Kannada   /   Nawayathi

سری نگر میں پیلٹ گن سے 12 سالہ نو عمر کی موت، صورت حال کشیدہ، ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 90 ہوگئی(مزید اہم ترین خبریں )

share with us

کمسن جنید کی ہلاکت کے ساتھ وادی میں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے ساتھ شروع ہونے والی آزادی حامی احتجاجی مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والی شہریوں کی تعداد بڑھ کر 90 ہوگئی ہے۔ہلاک شدگان میں نو عمر لڑکوں اور جواں سال نوجوانوں کی تعداد قریب 70 ہے۔ گزشتہ 92 روز کے دوران زخمی ہونے والے شہریوں کی تعداد 14 ہزار ہے۔حالانکہ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ستمبر کے اوائل میں یہ اعلان کیا تھا کہ اب کشمیر میں چھرے والی بندوق کی جگہ پاوا شیلوں کا استعمال ہوگاجس سے کسی کی موت نہیں ہوگی، لیکن باوجود اُس اعلان کے وادی میں احتجاجی مظاہرین کے خلاف چھرے والی بندوق کا استعمال جاری ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق وادی میں گذشتہ تین ماہ کے دوران قریب ایک ہزار شہری جن میں زیادہ تعداد کم عمر نوجوانوں کی ہے، آنکھوں میں چھرے لگنے سے اپنی ایک یا دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ کم از کم ایک درجن شہری چھرے لگنے سے ہلاک ہوگئے ہیں۔ جنید کی ہلاکت کے پیش نظر پائین شہر اور سیول لائنز میں کرفیو کا نفاذ آج مسلسل دوسرے روز بھی جاری رکھا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ احتیاطی اقدامات کے طور پر سری نگر کے سات پولیس تھانوں صفا کدل، نوہٹہ، خانیار، مہاراج گنج ، رعناواری، مائسمہ اور بتہ مالو میں کرفیو کا نفاذ جاری رکھا گیا ہے۔دریں اثنا 12 سالہ جنید کو مزار شہداء عیدگاہ میں سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں سپرد لحد کردیا گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جنید کے جلوس جنازہ پر عالی مسجد کے نزدیک آنسو گیس کے شیل چلایے۔ ان اطلاعات کے مطابق جنید کی میت کو مزار شہداء لے جارہے لوگوں پر چلایے گیے شیلوں کی وجہ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔عینی شاہدین نے بتایا کہ پائین شہر کے مختلف علاقوں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کرفیو توڑتے ہوئے سعیدپورہ پہنچی۔ تاہم جب لوگ جنید کی میت کو جلوس کی صورت میں مزار شہداء عیدگاہ لے جارہے تھے تو سیکورٹی فورسز نے عالی مسجد کے قریب ان پر آنسو گیس کے شیل برسایے جس کے نتیجے میں متعدد لوگ زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ کچھ منٹوں کے لئے منتشر ہونے کے بعد لوگ ایک بار پھر جمع ہوئے اور جنید کی میت کو مزار شہداء پہنچایا جہاں اسے پرنم آنکھوں کے ساتھ سپرد لحد کیا گیا۔ 12 سالہ جنید کی ہلاکت کے بعد پیدا شدہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پائین شہر کے پانچ پولیس تھانوں اور سیول لائنز کے بتہ مالو اور مائسمہ میں کرفیو کا نفاذ آج مسلسل دوسرے دن بھی جاری رکھا گیا۔


بی جے پی فوج کی مبینہ توہین پرمعافی مانگے :عآپ

نئی دہلی۔08اکتوبر(فکروخبر/ذرائع ) عام آدمی پارٹی (آپ) نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا ہے کہ اس نے فوج کو ذلیل کیا ہے اور کہا ہے کہ بی جے پی کو ذرا بھی اخلاقیات کا پاس ہے تو اسے ملک سے معافی مانگنی چاہیے ۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے پاکستان کے مقبوضہ کشمیر میں محدود فوجی کارروائی کی ویڈیو عام کرنے کے مطالبے پر آپ لیڈر سنجے سنگھ نے آج یہاں کہاکہ"ہم نے کارروائی ویڈیوز عام کرنے کا مطالبہ کبھی نہیں کیا۔ نفرت کی سیاست کی وجہ سے ہماری باتوں کو غلط طریقے سے پیش کیاجا رہا ہے ۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ ان کی پارٹی پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کے حق میں ہے اور اس کا جواب کس طرح دیا جانا چاہیے اس کو وزیر اعظم نریندر مودی طے کریں. انہوں نے کہا کہ بی جے پی فوجیوں کی توہین کر رہی ہے اور اس میں ذرا بھی اخلاقیات کا پاس ہے تو اسے ملک سے معافی مانگنی چاہیے ۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر کو نشانہ بناتے کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ انہوں نے فوج کو ذلیل کرنے کا کام کیا ہے اور 70 سالوں میں ایسا پہلی بار ہوا ہے ۔مسٹر پاریکر اور بی جے پی لیڈر جي بي ایل نرسمھا کے خلاف وہ پولس میں شکایت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ "کشمیر میں حالات خراب ہیں اور بی جے پی اترپردیش انتخابات کی تیاریوں میں جٹ گئی ہے ۔


چھترپتی شیواجی ایشیائی ترقیاتی بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر

نئی دہلی۔08اکتوبر(فکروخبر/ذرائع ) انڈین ایڈمنسٹرٹیو سروس کے سینئر افسر چھترپتی شیواجی کو ایشین ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے ۔ایک سرکاری ریلیز کے مطابق، کابینہ کی تقرری کمیٹی نے مہاراشٹر کیڈر کے 1986 بیچ کے افسر مسٹر شیواجی کی تقرری کو منظوری دے دی ہے ۔ وہ بینک کے منیلا میں واقع ہیڈ کوارٹر میں امیش کمار کی جگہ لیں گے ۔ان کی تقرری عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے تین سال یا اس سلسلے میں اگلے حکم تک رہے گی۔


صنعتکار سستے اور معیاری سامان بنائیں: پاسوان

نئی دہلی۔08اکتوبر(فکروخبر/ذرائع ) فوڈ سپلائی اور صارفین کے امور کے وزیر رام ولاس پاسوان نے صنعتکاروں سے اپنی معتبریت قائم کرنے اور عالمی سطح پر معیاری سستے سامان تیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے آج کہاکہ وہ منافع کمائیں، لیکن اپنی ساکھ بھی بچائیں۔مسٹر پاسوان نے یہاں ایسوچیم کی جانب سے منعقدہ ایف ایم سی جی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صنعتکاروں کے تئیں لوگوں کا نظریہ تبدیل ہوا ہے اور صنعتکاروں میں بھی نئی سوچ آئی ہے لیکن اچھے اور برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں۔ ایک دو بُرے لوگوں کی وجہ سے صنعتکاروں کی بدنامی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا منافع ایسے کمائیں جیسے دال میں نمک ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ صنعتکاروں کو ملاوٹ کو سختی سے روکنا چاہئے اور اسے صارفین دوست اور محنت کشوں کا ہمدرد بھی ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مزدوری سستی ہے اور یہاں کے لوگ محنتی ہیں۔ اگر معیاری سامان بنائے جاتے ہیں تو ملک میں اس کی بڑی کھپت ہے جس سے صنعتکاروں کو ہی فائدہ ہوگا۔ ملک میں ملاوٹی سامان کا بول بالا ہے ۔ دواؤں تک میں لوگ ملاوٹ کر رہے ہیں۔ کھانے کی چیزوں میں بھی یہ صورت حال ہے ۔مسٹر پاسوان نے کہاکہ صنعتکاروں کو پیداوار کی لاگت کم کرنے ، مال ڈھونے کا خرچ کم کرنے اور کچھ ایسے راستے اختیار کرنے چاہئیں جس سے معیاری سستے سامان تیار کئے جاسکیں۔ حکومت نے کم پیسوں میں مال ڈھونے کیلئے آبی نقل و حمل کا راستہ کھولا ہے ، صنعتکاروں کو اس کا فائدہ اٹھانا چاہئے ۔ اشیاء اور خدمت ٹیکس کا ایک نیا راستہ بھی کھولا گیا ہے جس سے کاروبار کرنا آسان ہوگا۔انہوں نے سرکاری کارروائی کا بازار پر اثر کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ملک میں دالوں کی کوئی فصل کی پیداوار نہیں ہوئی ہے پھر بھی اس کی قیمتیں کم ہونے لگی ہیں اور صورتحال یہ ہوگئی ہے کہ مونگ کی قیمت کم از کم سہارا قیمت سے نیچے چلی گئی ہے جس کے سبب سرکاری ایجنسیاں اس کی خرید کر رہی ہے ۔انہوں نے سوال کیا کہ آخر دالوں کی قیمت کیوں بڑھ رہی تھی، انہوں نے کہاکہ حکومت نے دالوں کا بفر اسٹاک 20 لاکھ ٹن کا بننے اور دال درآمد کرنے والوں کو شفاف طریقے سے تجارت کرنے کی ہدایت دی تو دالوں کی قیمتیں کم ہونے لگیں۔ انہوں نے کہا 'کاروباریوں کو ڈر ہی نہیں ہوتا ہے '۔


آٹھ فیصد کی شرح نمو ممکن: سیتا رمن

نئی دہلی۔08اکتوبر(فکروخبر/ذرائع ) کامرس اینڈ انڈسٹری کے مرکزی وزیر نرملا سیتا رمن نے آج کہا کہ کاروبار دوستانہ ماحول، مسابقتی پیداوار اور کام کاج میں رکاوٹوں کو دور کرنے سے ہندوستانی معیشت آٹھ فیصد کی شرح نمو کے اعداد و شمار کو حاصل کر سکتی ہے ۔مسٹرسیتا رمن نے یہاں ہندوستان اقتصادی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کام کاج کو بہتر بنانے کے لئے متعلقہ ریگولیٹریز کو ریاستوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔اس سے صنعتوں کے سامنے آ رہی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس سمت میں سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے ۔میونسپلٹی اور پنچایت سطح تک کئی ریگولیٹری ہیں جو صنعتوں کی توسیع اور ان کی ترقی کو متاثر کرتی ہیں۔ کاروبار آسان بنانے کے لئے ان رکاوٹوں کو ہٹانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومتیں مل کر کام کاج میں رکاوٹوں کو ہٹانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ریاستوں سے کاروبار دوستانہ ماحول پیدا کرنے کے لئے ریگولیٹری سطح پر کام کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ عالمی معیشت میں کساد بازاری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا عالمی اقتصادی شرح نمو کے انجن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا وسیع سطح پر استعمال کرتے ہوئے ہندوستانی معیشت شفافیت اور بدعنوانی سے پاک طریقہ کار کی سمت میں آگے بڑھ رہی ہے ۔
گڈس اینڈ سروس ٹیکس نظام کا ذکر کرتے ہوئے مسز سیتا رمن نے کہا کہ اس سے قومی مارکیٹ کی تعمیرہوگی اور کاروبار میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جن دھن یوجنا، آدھار اور موبائل فون سے بینکنگ خدمات کی توسیع میں رفتار ملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے ۔حکومت کی کوششوں سے ملک میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے جس سے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔


روہتاس میں سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت کے بعد آتش زدگی

سہسرام۔08اکتوبر(فکروخبر/ذرائع )بہار میں ضلع روہتاس کے مفصل تھانہ علاقے میں آج سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت کے بعد مشتقل لوگوں نے دو ڈمپروں میں آگ لگا دی اور سڑک جام کردی۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ کربندیا گاؤں کا رہنے والا راجیش(40)صبح چہل قدمی کرنے نکلا تھا اسی وقت سہسرام ۔ڈیہری سڑک پر گٹی لدے ڈمپر نے اسے کچل دیا۔حادثے میں مسٹر پرساد کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ذرائع نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مشتعل لوگوں نے دو ڈمپروں کو جلا دیا اور سڑک جام کرکے ٹریفک روک دیا ہے ۔پولیس اور انتظامیہ کے افسرلوگوں کو سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔


بیگو سرائے میں گنگا ندی میں ڈوبنے سے دو افراد کی موت

بیگوسرائے۔08اکتوبر(فکروخبر/ذرائع )بہارمیں بیگوسرائے ضلع کے بلیا تھانہ علاقے میں آج گنگا ندی میں ڈوب جانے سے ایک نوجوان اور نابالغ کی موت ہوگئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جیٹیاہی گھاٹ پر نہاتے وقت ایک نوجوان اور ایک نابالغ کی ندی میں ڈوبنے سے موت ہوگئی۔ہلاک شدگان کی شناخت میر علی پور گاؤ ں کے رہنے والے سوم ناتھ مشرا کے بیٹے رادھے شیام مشرا(20)اور شمبھو جھا کے بیٹے روہت کمار جھا (15)کے طور پر کی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ غوطہ خوروں کی مدد سے لاشوں کو ندی سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے بیگو سرائے صدر اسپتال بھیج دیا گیا ہے ۔


مسلم فورم نے حکومت کے ذریعہ سرجیکل اسٹرائک کو عام نہ کئے جانے کا خیر مقدم کیا

سیاسی جماعتیں اور دانشور سرجیکل اسٹرائک پر سیاست نہ کریں : ڈاکٹر جسیم محمد

علی گڑھ08اکتوبر(فکروخبر/ذرائع )ملک میں سرجیکل اسٹرائک پر پیدا ہونے والا تنازعہ اور بحث ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ حکومت اور فوج ملک کے تحفظ کے تعلق سے کیا اقدامات کرتی ہیں وہ صرف ان پر چھوڑ دینا چاہئے اور اس کو عام کئے جانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایف ایم ایس اے کے ڈائرکٹرڈاکٹر جسیم محمدنے مزمل منزل کامپلیکس میں واقع میڈیا سینٹر پرفورم فار مسلم اسٹڈیز اینڈ اینالائسس(ایف ایم ایس سے) کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک اہم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی افواج ملک کے تحفظ کے تئیں پُر عزم ہیں اور پوری جانفشانی کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو انجام دے رہی ہیں اور ملک وخصوصی طور پرکشمیر سرحدپر سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے اس نے جو بھی کارروائی کی ہے اس پر وضاحت طلب کرنا مناسب نہیں ہے۔ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ ہمارے قومی حفاظتی صلاح کار مسٹر اجیت ڈوبھال وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں نہ صرف ملک میں دہشت گردی کو ختم کرنے بلکہ ملک کی سرحدوں کے تحفظ کے لئے پُرعزم اور کوشاں ہیں اور وہ اپنی کوششوں میں کامیاب بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک امن پسند ملک ہے اور وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی نے پاکستان کے ساتھ بہتر روابط بنائے رکھنے کی کئی بار پہل کی لیکن پاکستان سرحد پار سے دہشت گردی کو فروغ دیتا رہتا ہے لہٰذا فوج نے اپنا کام کیا اور اب یہ ضروری نہیں ہے کہ اسے عام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں سرجیکل اسٹرائک پر بے بنیاد اور ناپاک سیاست کر رہی ہیں جس کی بڑے پیمانے پر مذمت کی جانی چاہئے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ کسی بھی ملک کی فوجی کارروائی یا ملک کی حفاظت کے تعلق سے کئے جانے والے اقدامات ایک عظیم راز ہوتے ہیں جنہیں عام کیا جانا ملک کے مفاد میں کسی بھی حالت میں نہیں ہوسکتا کیونکہ ملک دشمن طاقتیں ان کے عام ہونے کا ناجائز فائدہ اٹھاکر ملک و قوم کو نقصان پہنچاسکتی ہیں۔پروفیسر ہمایوں مراد نے کہا کہ سیاسی اور فوجی کارروائی پر وزیرِ اعظم کو عالمی سطح پرمرتب ہونے والے اثرات کو بھی پیشِ نظر رکھنا ہوتاہے اس لئے حکومت اور فوج کے ہر کام کو عام نہیں کیا جاسکتا۔پروفیسر محمد شبیر نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ فوج نے خود دو درجن سے زائد ویڈیو فوٹیج جاری کئے ہیں اور اگر کسی کو ان پر اعتماد نہیں ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اس سیاسی جماعت یا سیاستداں کو فوج پر بھی اعتماد نہیں ہے جبکہ یہ صورتِ حال ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ڈاکٹر آفتاب عالم نے کہا کہ سرجیکل ا سٹرائک یا کسی بھی فوجی کارروائی پر نہ تو سیاست ہونی چاہئے اور نہ ہی بحث کیونکہ اس سے ایک جانب ملک کی شبیہہ اثر انداز ہوتی ہے اور دوسری جانب فوج کا حوصلہ پست ہوتا ہے۔میٹنگ کے آخر میں فورم فار مسلم اسٹڈیز اینڈ اینالائسس نے وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی اور قومی حفاظتی صلاح کار مسٹر اجیت ڈوبھال کو کامیاب سرجیکل اسٹرائک پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے حکومت کے سرجیکل اسٹرائک کو عام نہ کئے جانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی تبصروں کی پرواہ نہ کرے۔ مسلم فورم نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ سرجیکل اسٹرائک پر سیاست نہ کریں اور وزیرِ اعظم کے ہاتھ مضبوط کرتے ہوئے فوج کی حوصلہ افزائی کریں۔میٹنگ میں بڑی تعداد میں اساتذہ، دانشوروں اور سماجی کارکنان کے علاوہ خصوصی طور پر ڈاکٹر محمد فاروق، ڈاکٹر شیریں مسرور، ڈاکٹر دولت رام، ڈاکٹر کپل کمار راگھو، دیبا ابرار بھی موجود تھیں

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا