English   /   Kannada   /   Nawayathi

پاش کالونی میں چل رہا تھا سیکس ریکٹ، افسروں کو سپلائی کی جاتی تھیں غیر ملکی لڑکیاں(مزید اہم ترین خبریں )

share with us

کرفیو زدہ سری نگر کے اسپتالوں میں سینکڑوں رضاکار دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف

سری نگر ۔ وادی کشمیر میں جہاں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد بھڑک اٹھنے والی احتجاجی لہر تاحال تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے اور گذشتہ 13 روز کے دوران 46 افراد ہلاک جبکہ قریب 4 ہزار دیگر زخمی ہوگئے ہیں، وہیں غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) اور سماجی و مذہبی تنظیموں سے وابستہ سینکڑوں رضاکار گرمائی دارالحکومت سری نگر کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں، طبی امداد کے لئے لائے جانے والے نئے زخمیوں اور کرفیو کے باعث اسپتالوں میں پھنسے مریضوں اور اُن کے تیمارداروں کی چوبیسوں گھنٹے خدمت میں لگے ہوئے ہیں۔ اِن این جی اوز اور سماجی و مذہبی تنظیموں نے سری نگر کے تقریباً تمام اسپتالوں کے احاطوں میں کمیونٹی کچن اور طبی کیمپ قائم کئے ہیں جن میں زخمیوں اور تیمار داروں کی چوبیسوں گھنٹے خدمت انجام دی جارہی ہے۔ سری نگر کے تمام سرکاری اسپتالوں بشمول ایس ایم ایچ ایس (صدر اسپتال)، ہڈیوں اور جوڑوں کے اسپتال، جی بی پنت چیلڈرن اسپتال، شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے احاطے مفت کھانے اور میڈیکل کیمپوں کے باعث تنگ پڑگئے ہیں جن کی بدولت ہزاروں کی تعداد میں بیماروں (خاص طور پر زخمیوں) اور اِن کے تیمارداروں کو راحت مل رہی ہے۔
یہ رضاکار نہ صرف بیماروں اور تیمارداروں کو مفت کھانا اور ادویات فراہم کررہے ہیں بلکہ اسپتال انتظامیہ کو مریضوں کے بہاؤ کو منضبط کرنے اور اسپتالوں کو صاف رکھنے میں بھی پیش پیش رہتے ہیں۔ یو این آئی کے ایک نامہ نگار جس نے سری نگر کے مختلف اسپتالوں کا دورہ کیا، نے ایس ایم ایچ ایس اسپتال (صدر اسپتال) کے احاطے میں مفت کھانے اور ادویات کے کم از کم 15 کیمپ لگے ہوئے دیکھے۔ شبیر احمد نامی ایک رضاکار نے بتایا 146میں اپنے دوستوں کے ہمراہ یہاں (صدر اسپتال) 9 جولائی سے لگاتار آرہا ہوں۔ ہم ہر روز علی الصبح یہاں پہنچتے ہیں اور رات دیر گئے اپنے گھروں کو واپس چلے جاتے ہیں۔ ہم نے یہاں اپنی این جی او دارالعطاء کے بینر تلے ایک فری میڈیکل کیمپ قائم کیا ہے جس میں ہم بیماروں کو ادویات فراہم کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہمارے رضاکار کیزولٹی میں مریضوں کے بہاؤ کو منضبط کرنے میں عملے کی مدد کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا تاحال ہم نے چار لاکھ روپے سے زائد کی ادویات مریضوں میں تقسیم کی ہے۔ شبیر نے کہاکہ اینٹی بائیوٹک اور درد کش ادویات کی مانگ زیادہ ہے۔ اسی طرح دوسری این جی اوز اور سماجی و مذہبی تنظیموں کی جانب سے قائم کئے گئے کیمپوں میں مریضوں اور تیمارداروں کو چوبیسوں گھنٹے مفت کھانا اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ طارق احمد نامی ایک رضاکار نے بتایا اسپتال (ایس ایم ایچ ایس اسپتال) کے احاطے میں قائم کیمپوں کی بدولت ایک ہزار سے زائد افراد بشمول ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی غذائی اور دیگر ضروریات پوری ہورہی ہیں۔ رضاکار اپنے متعلقہ علاقوں میں کھانا تیار اور پھر اسے پیکٹوں میں پیک کرکے اسپتال میں موجود لوگوں میں تقسیم کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں زیر علاج زخمیوں میں سے بیشتر کا تعلق جاری احتجاجی لہر میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے جنوبی کشمیر سے ہے۔ طاہر حسین جو پیشے سے ایک ہینڈی کرافٹ تاجر ہے، نے بتایا کہ وہ اور اُس کے دیگر ساتھی شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز)میں زیر علاج بیماریوں اور اُن کے تیمارداروں کے لئے کھانے پکانے کے لئے دن رات کام کررہے ہیں۔ طاہر نے بتایا کہ وہ اور اُس کے دیگر ساتھی گذشتہ 13 روز سے مسلسل زیر علاج بیماروں اور اُن کے تیمار داروں کوکھانا فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا بیماروں اور تیمارداروں کے لئے کھانے کا انتظام کرنے کے لئے ابتدائی طور پر ہم نے سارے اخراجات خود ہی برداشت کئے، لیکن پھر چند دنوں کے بعد نزدیکی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں نے اس کام میں ہمیں اپنا بھرپور تعاون دینا شروع کردیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم اپنی خدمات حالات کے معمول پر آنے تک جاری رکھنے کی سکت رکھتے ہیں145۔ سکمز میں زیر علاج بیماروں اور اِن کے تیمارداروں کو کھانا فراہم کرنے کے لئے علاقہ میں اس کے علاوہ کئی دیگر کیمونٹی کچن قائم کئے گئے ہیں۔ طاہر نے بتایا اِن کیمونٹی کچنزمیں قریب 1200 لوگوں کو دوپہر اور رات کا کھانا کھاتے ہیں145۔ اسی طرح سری نگر کے برزلہ میں واقع ہڈیوں اور جوڑوں کے اسپتال میں قائم کئے گئے کمیونٹی کچنز میں 1600 سے زائد افراد بشمول ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کے لئے کھانا پکایا جاتا ہے۔ مختلف این جی اوز اور سماجی و مذہبی تنظیموں نے اس اسپتال میں بھی مفت میڈیکل کیمپ قائم کئے ہیں۔ حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق کی قیادت والے رفاہی ادارے دارالخیر میرواعظ منزل کی طرف سے سری نگر کے صدر اسپتال اور سکمز کے باہر امدادی کیمپ قائم کر رکھے ہیں جن میں زخمیوں ، بیماروں، تیمار داروں اور ضرورت مندوں میں ادویات اور کھانے پینے کی اشیا فراہم کی جارہی ہیں۔
دارالخیر نے اپنے ایک بیان میں کہا پورے کشمیر میں لگاتار 13ویں دن بھی شدید کرفیو ، سرکاری بندشوں اور قدغنوں کے سبب اہلیان کشمیر جن گونا گوں مشکلات اور مصیبتوں سے دوچار کئے گئے ہیں وہ بے حد تکلیف دہ اور ناقابل بیان ہیں ۔ خاص طور پر سیکورٹی فورسز اور پولیس کی اندھادند اور راست فائرنگ ، ٹیر گیس شلنگ اور پیلٹ کے بے تحاشہ استعمال سے اب تک پچاس سے زیادہ نہتے شہری ہلاک اور سینکڑوں کی تعداد میں شدید طور پر زخمی افراد مختلف اسپتالوں میں مو ت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔


عازمین حج کو ٹیکہ لگانے اور پولیو ڈراپ پلانے کا عمل شروع

عازمین حج کو جدید اور بہتر سہولیات مہیا کرائی جائیں گی۔ حاجی محمد اشراق

نئی دہلی:20؍جولائی (فکروخبر/ذرائع)دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے آئندہ 04؍اگست سے حج2016 ؁ء کے مبارک سفر پر روانہ ہونے والے لیے عازمین حج کو ٹیکہ لگانے اور پولیو ڈراپ پلانے کے کیمپ کا آج آغاز ہوا، یہ اطلاع دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے دی۔عازمیں حج کے ٹیکہ لگانے اور پولیو ڈراپ پلانے کے کیمپ کے افتتاح کے موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین جناب حاجی محمد اشراق خان (ایم ایل اے سیلم پور)، ممبران جناب فیروز احمد، جناب نصرالدین سیفی اور حج این جی اوز کے اراکین نیز دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے تمام عملہ موجود تھے۔
اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ آج سے شروع ہونے والا ٹیکہ کاری کا یہ عمل صبح 10بجے سے شام 4بجے تک آخری فلائٹ کی روانگی 20؍اگست2016تک چلتا رہے گا۔واضح ہوکہ اس سال حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے تمام عازمین کو حج گائیڈ اور صحب سے متلعق کتا بچہ بذریعہ ڈاک روانہ کیا جا رہا ہے۔ جس سے عازمین اپنے ہمراہ لے کر ٹیکہ کاری کیمپ، حج منزل آصف علی روڈ، نئی دہلی آنا ہے۔عازمین کے لیے ضروری ہے کہ ٹیکہ لگوانے اور پولیو ڈراپ پلانے کے بعد انہیں دیا جانے ولا سرٹیکفت اپنے ہمراہ لے کر سفر حج پر روانہ ہونا ہے تاکہ یہ سرٹیفکٹ سعودی حکام کے ذریعے طلب کیے جانے پر انہیں دکھایا جاسکے۔آج پہلے دن کل 201عازمین نے حج منزل آکر ٹیکہ لگوائے۔
حاجی محمد اشراق خان نے اس موقع پر سبھی عازمین حج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کی سہولیات کا پورا دھیان رکھا جا رہا ہے اور عازمین حج کو سابقہ سالوں سے کہیں زیادہ بہتر سہولیات مہیا کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے تمام عازمین سے کہا کہ سفر حج کا وقت قریب آتا جا رہا ہے سبھی عازمین حج کمیٹی کے ذریعے طے شدہ قواعدو ضوابط کے مطابق اپنے سفر حج کی تیاری کریں اپنی صحت کا بطور خاص خیال رکھیں۔


ہاشم انصاری کے انتقال پر اعظم خاں نے کیا رنج و غم کا اظہار

لکھنؤ۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع)ریاست کے وزیر پارلیمانی امور اور اقلیتی بہبود جناب محمد اعظم خاں نے بابری مسجد تحریک سے وابستہ جناب ہاشم انصاری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جناب انصاری کے انتقال سے بابری مسجد کی تحریک کوبہت بڑا نقصان ہوا ہے۔آج یہاں جاری ایک تعزیتی پیغام میں جناب اعظم خاں نے مرحوم انصاری کی مغفرت کی دعا کی اور ایک غمگین اہل کنبہ کے تئیں اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔ جناب اعظم خاں مرحوم انصاری کے غمزدہ اہل کنبہ کو ازخود دلاسہ دینے اور مرحوم انصاری کی آخری رسومات میں شرکت کرنے کیلئے فیض آبادجا رہے ہیں۔


لکھنؤ ۔وارانسی سڑک سدھار کیلئے ۹۰ء۸؍کروڑ روپئے کی رقم منظور

لکھنؤ۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع)اترپردیش حکومت نے لکھنؤ۔وارانسی سڑک کے این.ایچ.۔۲۴بی کی کشادہ کاری اور مرمت کیلئے تیسری قسط کے طور پر ۸؍کروڑ ۹۰؍لاکھ۵؍ہزار ۸۰۰؍ روپئے کی رقم منظور کی ہے۔ محکمۂ رہائش اور شہری منصوبہ بندی کے ذریعہ جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالیاتی سال میں این.ایچ.۔۲۴بی ۱۱؍سے ۱۳؍کلومیٹرتک کی سڑک کی کشادہ کاری اور مرمت اس رقم سے کی جائیگی۔ واضح ہو کہ لکھنؤ۔وارانسی سڑک کی کشادہ کاری اور سدھار کیلئے نظرثانی شدہ تخمینہ لاگت ۶۸ء۳۳۳۰؍لاکھ روپئے مقرر کی گئی ہے، جس میں سے دوسری قسط قبل میں ہی جاری کی جاچکی ہے۔ اب تیسری قسط کے طور پر مذکورہ بالا رقم منظور کی گئی ہے۔


تین قیدیوں کو پیرول منظور

لکھنؤ۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع)اترپردیش حکومت نے ضلع جیل بستی میں بند قیدی بلی رام چودھری ولد جناب رام بہال، سہارنپور میں بند قیدی مکیش کمار تیواری ولد جناب رام پرویش تیواری اور مرکزی جیل وارانسی میں قید قیدی دُساتھ ولد جناب رام لگن کو ایک ماہ کا پیرول منظور کیا ہے۔ یہ منظوری کریمنل پروسیزر ۱۹۷۳؍کی دفعہ۔۴۳۲ کے تحت دی گئی ہے۔ محکمۂ جیل انتظامیہ اور اصلاحات نے اس سلسلہ میں سرکاری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔


وارانسی سے روانہ ہونے والی شرون یاترا کیلئے رقم منظور

لکھنؤ۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع)اترپردیش حکومت نے ریاست کے اصل باشندوں کیلئے آئندہ ۲۹؍جولائی ۲۰۱۶ سے وارانسی سے شروع ہونے والی دوارکا سوم ناتھ اور ناگیشور (گجرات) کی مفت سماج وادی شرون یاترا کیلئے ایک کروڑ ۶۴؍لاکھ ۴۳؍ہزار روپئے کی رقم منظور کی ہے۔یہ رقم حکومت نے ڈائرکٹر جنرل سیاحت کے اختیار میں دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سفر کیلئے منظور رقم کی ادائیگی آئی.آر.سی.ٹی.سی. کے حق میں کردی جائے۔


دیوریا ضلع جیل کے قیدی کے علاج کیلئے رقم منظور

لکھنؤ۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع)اترپردیش حکومت نے ضلع جیل دیوریا کے زیر سماعت قیدی ابھی منیو ولد جناب رام سجن کے علاج کیلئے ۴۰ء۱؍لاکھ روپئے منظور کیے ہیں۔ اس سلسلہ میں سرکاری حکم نامہ کے مطابق قیدی کا علاج کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی سے ہی کرانا ہوگا۔ علاج کے بعد اگر کوئی رقم بچتی ہے تو اسے سرکاری خزانہ میں جمع کرنا ہوگا۔


دو قیدیوں کو ایک ماہ کے پیرول میں اضافہ منظور

لکھنؤ۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع)اترپردیش حکومت نے مرکزی جیل بریلی کے قیدی کرشن پال عرف ملّا ولد جناب رام پال سنگھ اور ضلع جیل رامپور کے قیدی وجے پال ولد جناب دودھیرام کو کچھ شرائچ کے ساتھ ایک ماہ کے پیرول میں اضافہ منظور کیا ہے۔محکمۂ جیل انتظامیہ اور اصلاحات نے اس سلسلہ میں سرکاری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔


مارکیٹنگ ترقیاتی امداد پروگرام کے تحت ۶۰ء۲؍کروڑ روپئے منظور

لکھنؤ۔21جولائی(فکروخبر/ذرائع)اترپردیش حکومت نے رواں مالیاتی سال میں کھادی اور دیہی صنعت بورڈ کے ذریعہ چلائی جارہی مارکیٹنگ ترقیاتی امداد پروگرام (ایس.سی.ایس.پی.) کے تحت تجویز کردہ رقم ۶۰ء۲؍کروڑ روپئے کی رقم منظور کر دی ہے۔ یہ رقم ڈائرکٹر گھریلو اور دیہی صنعت کو مہیا کرا دی گئی ہے۔کھادی اور دیہی صنعت کے ذریعہ جاری سرکاری حکم نامہ کے مطابق اس رقم کو نکال کر بینک یا پوسٹ آفس میں نہیں رکھا جائیگا۔ اسے ضرورت کے مطابق ہی نکالا جائیگا۔


موبائیل فون اور انٹرنیٹ خدمات کو بدستور معطل۔ ریل سروس بھی بند

سرینگر۔21 جولائی(فکروخبر/ذرائع) وادی کشمیر میں موبائیل فون اور انٹرنیٹ خدمات کو بدستور معطل رکھا گیا ہے جبکہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل سروس بد ھ کو بارہویں روز بھی معطل رہی۔ یو این این کے مطا بق ۔ادھر وادی کے تمام حصوں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات حزب المجاہدین کے اعلیٰ ترین کمانڈر برہان وانی کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھرپ میں ہلاکت کے بعد بھڑک اٹھنے والی پرتشدد احتجاجی لہر کے پیش نظر 8 اور 9 جولائی کی درمیانی رات کو معطل کردی گئی تھی جبکہ جنوبی کشمیر کے چار اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ کے ساتھ ساتھ فون سروس کو بھی معطل کردیا گیا تھا۔ موبائیل انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کے6 روز بعد14 جولائی کو رات کے قریب آٹھ بجے وادی بھر میں موبائیل فون سروس بھی معطل کی گئی تھی تاہم سرکاری مواصلاتی کمپنی بی ایس این ایل کے پوسٹ پیڈ کنکشنوں کو پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے، ۔ مو با ئیل سروس بند رکھنے کے نتیجے میں لاکھوں صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔ خا ص کر ایسے لوگوں جن کے رشتہ دار سرینگر کے سرکاری اسپتا لوں میں زیر علاج ہیں۔ ۔انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کے باعث صارفین خاص طور پر طلباء، سیاحوں ، پیشہ ور افراد خاص طور پر صحافیوں اورتاجروں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ انٹر نیٹ خدمات کی معطلی سے تقریباً تمام انٹرنیٹ صارفین میں زبردست غم وغصہ ہے اتنا ہی نہیں بلکہ کیبل نیٹ ورک پر تقریباً سبھی نیوز چینلوں کو بند کردیا گیا ہے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا