English   /   Kannada   /   Nawayathi

میرا داعش کے البغدادی سے کوئی تعلق نہیں، ہمارا خاندانی نام البغدادی ہے:(مزید اہم ترین خبریں)

share with us

انہو ں نے دعویٰ کیا کہ ان کے دونوں بیٹے بے قصور ہیں اور انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا اور آج تک کوئی ملک مخالف حرکت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بچوں پر بھی انہیں بھروسہ ہے ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہا کئے گئے عبدالقادر نے کہا کہ ان کے چھوٹے بھائی کا نام حبیب محمد ہے ۔ انہیں امید ہے کہ این آئی اے کی ٹیم پوچھ تاچھ کے بعد ان کے چھوٹے بھائی کو بھی چھوڑدے گی۔ انہو ں نے بھی کہا کہ ملک کے قانون پر انہیں بھروسہ ہے ۔ انہوں نے این آئی اے کی پوچھ تاچھ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ داعش سے مبینہ تعلقات اور دیگر امور پر ان سے پوچھ تاچھ کی گئی۔ عبدالقادر نے کہا کہ ان کا خاندانی نام البغدادی ہے ۔ اس سے میڈیا کو غلط فہمی ہوئی اور انہیں این آئی اے نے ان کے بھائی کے ساتھ انہیں بھی حراست میں لیا تھا۔ انہو ں نے کہا کہ داعش کا سربراہ بھی البغدادی ہے ۔ اس لئے ان کے نام پر شک پیدا ہوگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے البغدادی سے ا ن کے کوئی تعلقات نہیں ہیں اور اس بات کو ثابت کیا گیا کہ البغدادی ان کا خاندانی نام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی کی جانچ چل رہی ہے اور انہیں امید ہے کہ ان کے بھائی کو بھی جلد چھوڑدیا جائے گا۔


دہلی پولیس مرکزی حکومت کے تابع رہنی چاہیے : مایاوتی

لکھنؤ ۔30جون(فکروخبر/ذرائع)بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے دہلی پولیس کو ریاستی حکومت کے تابع کرنے کی وزیر اعلی اروند کیجریوال کی مانگ کو غیر مناسب قرار دیا ہے ۔ محترمہ مایاوتی نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ دہلی ملک کی راجدھانی بھی ہے ، وہاں کی پولیس ریاست حکومت کے تابع کس طرح کی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بہت ضروری ہو تو پولیس کے کچھ کام وہاں کی ریاستی حکومت کے حوالے کئے جا سکتے ہیں، لیکن پولیس کے پورے نظام دہلی حکومت کو دینا غلط ہوگا۔ مسٹر کیجریوال کو اپنی مانگ پر غور کرنا چاہیے ۔


روپوش ملزمان پر انعام کا اعلان

مورینا۔30جون(فکروخبر/ذرائع)مدھیہ پردیش کے مورینا کے پولس سپرنٹنڈنٹ نے جرائم کے مختلف معاملوں میں روپوش 9 ملزمان کی گرفتاری پر انعام کا اعلان کیا ہے ۔ پولس ذرائع کے مطابق دیوگڑھ تھانے میں درج لوٹ، ڈکیتی اور ایس سی، ایس ٹی ایکٹ کے معاملے میں رامیشور گوجر، وجیے پال گوجر و غیر ارادتا قتل اور ہرسانی کے معاملے میں امریش گوجر، جتیندر گوجر اور دمني تھانے میں انہیں معاملوں میں راجکمار عرف للوتومر، راجویر تومر، رگھوراج سنگھ تومر، شیو سنگھ تومر اور سونو سنگھ تومر طویل عرصہ سے فرار چل رہے ہیں۔پولس سپرنٹنڈنٹ ونیت کھنہ نے کل ان ملزمان کی گرفتاری پر تین ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے ۔


تلنگانہ میں بس الٹنے سے چھ افراد زخمی

عادل آباد۔30جون(فکروخبر/ذرائع)تلنگانہ میں اس ضلع کے اندرا ویلی ڈویژن کے ایمائی کنتا میں آج اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایک بس پل سے ٹکراکر الٹ گئی جس سے کم از کم چھ افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس بس میں 33 مسافر سوار تھے ۔ یہ بس منچریال سے عادل آباد جارہی تھی ، تبھی حادثہ کا شکار ہوئی۔پولیس نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی ہے ۔


جھارکھنڈ میں نکسلیوں کا چھ افراد کا قتل

رانچی۔30جون(فکروخبر/ذرائع) جھارکھنڈ کے رانچی اور کھونٹی اضلاع کی سرحد پر واقع پھڈنگا گاؤں میں نکسلیوں نے کل رات چھ افراد کو قتل کر دیا ۔ کھونٹی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ انش گپتا نے یہاں بتایا کہ نکسلی چھ افراد کو گاؤں سے باہر لے گئے اور ان کا قتل کر دیا۔ تمام مرنے والوں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔سینئر پولیس اور انتظامی افسران جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔ شک ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پیپلز لبریشن فرنٹ کے عسکریت پسندوں نے اس واقعہ کو انجام دیا ہے ۔ پولیس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے ۔


ارریہ میں رشوت لیتے ہوئے جونیئر انجینئر گرفتار

ارریہ۔30جون(فکروخبر/ذرائع)بہار ویجیلنس کرپشن بیورو نے آج ضلع ارریہ کے سٹی تھانہ علاقے سے ایک جونیئر کو 15 ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا۔بیورو کے ذرائع نے یہاں بتایا کہ ایک ٹھیکیدار نے پولیس سے تحریری شکایت کی تھی کہ ضلع کے سکٹی بلاک میں تعینات دیہی ڈولپمنٹ بلاک محکمہ کے جونیئر انجینئر روی شنکر پرساد نے مہاتماگاندھی راشٹریہ گرامین روزگار گارنٹی یوجنا (منریگا) کے تحت جاری پروجیکٹ میں کام دینے کے عوض ان سے 15 ہزار روپے کی رشوت کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس معاملے کی تصدیق کرانے کے بعد بیورو کی ایک ٹیم کی تشکیل کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ بیورو کی ٹیم نے سٹی تھانہ علاقے کے شیوپوری محلے میں واقع کرائے کے مکان سے جونیئر انجینئر روی شنکر پرساد کو ٹھیکیدار نے رشوت کے طور پر 15 ہزار روپے لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ بیورو کی ٹیم گرفتار جونیئر انجینئر کو پٹنہ لیکر چلی گئی۔


مہاراشٹر میں کیش ہینڈلنگ کمپنی سے 12 کروڑ روپے کی لوٹ

تھانے۔30جون(فکروخبر/ذرائع)مہاراشٹر کے ضلع تھانے میں ڈکیتوں کے گروہ نے آج ایک کیش ہینڈلنگ کمپنی سے 12 کروڑ روپے لوٹ لئے ۔ پولس کنٹرول روم کے ایک اہلکار نے بتایا کہ آج علی الصباح تقریبا تین بجے مختلف بینکوں کے اے ٹی ایم میں نقدی لوڈ کرنے والی کمپنی چیک میٹ میں آٹھ ڈکیتوں نے دھاوا بول دیا۔ڈکیتوں نے پہلے کمپنی کے احاطے میں نصب سی سی ٹی وی کی تاروں کو کاٹ دیا اور پھر کیش روم سے روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسروں کی ٹیم موقع پر پہنچی اور تفتیش شروع کی۔


وزیر اعظم کی پھٹکار نے سوامی کو فلسفی بنا دیا

نئی دہلی ۔30جون(فکروخبر/ذرائع)بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی بار بار چوٹی کے افسروں پر حملے اور ساتھی سینئر پارٹی رہنماؤں جیسے وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے استھزاء4 پر وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے عوامی سطح پر دوٹوک اعتراض کے ایک دن بعد جیسے گمنامی میں چلے گئے۔ذرائع ابلاغ سے بچ کر نکلتے ہوئے ڈاکٹر سوامی نے اپنے فیورٹ سوشل پلیٹ فارم سے گو یا ہوئے جہاں وہ تازہ سلسلے کے حوالے سے فلسفیانہ انداز اختیارکر لیا ہے۔ مسٹر مودی کا انٹرویو نشر ہونے کے گھنٹوں بعد اجیہ سبھا کے رکن نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ '' یہ دنیا بالعموم ایک ایسے توازن پر ہے جس میں ایک پیرامیٹر کی معمولی تبدیلی بھی تمام تبدیلیوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔کرشن نے اسی لئے سکھ دکھ۔۔۔ کی بات کہی ہے۔ڈاکٹر سوامی نے بہر حال یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کس تناظرمیں بھگوان کرشن کا ذکر کیا ہے۔ڈاکٹر سوامی کی خاموشی سے یہاں بی جے پی کے صدر دفتر میں راحت محسوس کی گئی ہے کیونکہ پارٹی کے ترجمانوں کو ان کی باتوں پر ہر دن استفسارات کا جواب دینے میں مشکل پیش آرہی تھی۔واضح رہے کہ ڈاکٹر سوامی کا نام لئے بغیر، وزیر اعظم نے کہا تھا کہ "یہ غیر مناسب ہے . میرا پیغام واضح ہے۔ اگر کوئی خود کو نظام سے اوپر سمجھتا ہے تو، وہ غلط ہے ''۔


بدایوں میں کسان کاگولی مار کر قتل، دو گرفتار

بدایوں۔30جون(فکروخبر/ذرائع) اترپردیش میں ضلع بدایوں کے الاپور علاقے میں کل رات بدمعاشوں نے ایک کسان کوگولی مار کر قتل کردیا۔ پولس سپرنٹنڈنٹ انل کمار یادو نے بتایا کہ سلیم پور گاؤں کے باشندے رائے سنگھ (37) اپنے گھر میں سو رہا تھا۔ دیر رات کو تین بدمعاشوں نے گھر میں داخل ہوکر اسے گولی مار دی جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ لواحقین اس کو ضلع اسپتال لے کر جا رہے تھے کہ راستے میں ہی اس کی موت ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اہل خانہ کی تحریر پر تین نامزد لوگوں میں سے دو ملزمان کو پولس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ایک دیگر ملزم کی تلاش کی جا رہی ہے۔


ہر غریب کے گھر میں تعلیم کا چراغ روشن ہویہی ہمار ا بنیادی مقصد۔ مولانا مجددی

جے پور۔30جون(فکروخبر/ذرائع) ہر غریب کے گھر میں تعلیم کا چراغ روشن ہویہی ہمارا اور ہمارے ادارے کابنیادی مقصد ہے۔ یہ بات مولانا فضل الرحیم مجددی نے امام ربانی پبلک اسکول جے پور کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں تعلیم کا مسئلہ سب سے اہم ہے لیکن یہ اسی طرح مہنگی ہوتی جارہی ہے اور بعض اداروں کا مقصد صرف اس کے ذریعہ پیسہ کمانا ہوتا ہے۔ اس کے لئے ہماری حکومت کی پالیسی بھی ذمہ دار ہے۔حکومت نے اس طرح کی پالیسی بنائی ہے جس سے نجی تعلیمی اداروں کو پھلنے پھولنے کا موقع ملا ہے۔انہوں نے کہاکہ ا س میدان میں وہ لوگ درآئے ہیں جن کا مقصد تعلیم نہیں بلکہ تجارت ہے جس کی وجہ سے غریبوں سے تعلیم دور ہوتی جارہی ہے۔ایک اسکول میں پرائمری بچوں کی فیس سالانہ چالیس ہزار روپے ہے۔ اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سلسلے میں کوشش کی جائے گی اور تعلیم کو غریب کے گھر گھر تک پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کی صورت حال یہ ہے کہ ملک میں 60فیصد چھ سے 13سال کے عمر بچے تیسری کلاس پاس کرنے سے پہلے ہی اسکول چھوڑ دیتے ہیں۔یہ تعداد میں مسلمانوں میں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان گریجویٹ کی تعلیم تک پہنچتے پہنچتے محض چار فیصد تک سمٹ کر رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی معاشی ، معاشرتی اور تمام طرح کی ترقی کا راز تعلیم میں ہی پنہا ں ہے اور اسی سے ہی مسلمانوں کی ذہنی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی پسماندگی دور ہوگی۔ لہذا مسلمانوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعلیمی ادارے قائم کریں۔انہوں نے کہاکہ جے پور میں معیاری اسکول کے قیام میں ہم اخلاقی مدد کریں گے اور ایسے بہت سے اسکول ہیں جہاں معیار بہتر بنایا جائے تو یہاں بچوں کو معیاری تعلیم دی جاسکتی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ امام ربانی پبلک اسکول نے معمولی فیس رکھی ہے تاکہ یہاں کے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے میں کوئی پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ 1998میں 35بچوں سے یہ اسکول شروع کیا گیا تھا اور اس وقت ساڑھے تین ہزار بچے زیر تعلیم ہیں اور اس عمار کی تکمیل کے بعد سات ہزار بچوں کی تعلیم کی گنجائش ہوجائے گی۔ مولانا کہا کہ امید ہے کہ آئندہ سال مئی تک یہ عمارت مکمل ہوجائے گی۔
اس تقریب کے اہم شرکاء4 میں مولانا ضیا ء4 الرحیم مجددی نائب امیر جامعہ ہدایت جے پور، مولانانصیب الدین مہتمم مدرسہ اسلامیہ جالور، مفتی ذاکر استاذ جامعہ ہدایت، مولانا یوسف استاذ جامعہ ہدایت کے علاوہ شہر کی اہم شخصیات، سماجی کارکنان اور مختلف شعبہائے حیات سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔


این ایس جی میں ہندستان کی رکنیت کی حمایت جاری رکھے گا امریکہ: ورما

نئی دہلی۔30جون(فکروخبر/ذرائع) ہندوستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ آر ورما نے آج پھر اعادہ کیا کہ امریکہ نیوکلیئر سپلائر گروپ (این ایس جی) میں ہندستان کی رکنیت کی دعویداری کی حمایت کرتا رہے گا۔مسٹر ورما نے یہاں 'بحر اوقیانوس کونسل یو ایس۔ انڈیا ٹریڈ انیشی ایٹو ورکشاپ' سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر براک اوباما نے پہلے بھی این ایس جی میں ہندستان کو شامل کئے جانے کی حمایت کی تھی اور تب سے ہم اس کے لئے اپنے ہندوستانی ہم منصبوں اور این ایس جی ارکان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندستان کا مضبوط اور اچھا ریکارڈ ہے اور ہندوستان این ایس جی کی رکنیت حاصل کرنے کا حقدار ہے اس لئے وائٹ ہاؤس اور محکمہ خارجہ کے حکام سمیت پوری انتظامیہ نے این ایس جی ممالک کی حال میں سیول میں ہوئی میٹنگ میں ہندوستان کی رکنیت کی کوشش کی تھی۔مسٹر ورما نے کہا، 'ہم مایوس ہیں کہ حال میں ہوئی اس میٹنگ کے دوران ہندستان کو این ایس جی میں شامل کرنے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا لیکن ہم اس سمت میں ہندوستان اور تمام این ایس جی ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے ۔


بہتر حکمرانی کا معیار موبائل نہیں بلکہ لوگوں کا معیاری رہن سہن ہے ۔ وششٹھ نارائن سنگھ

نئی دہلی۔30جون(فکروخبر/ذرائع)کسی بھی ملک کی ترقی کا معیاریہ نہیں ہے اس ملک میں کتنے موبائل ہیں بلکہ اس کا معیار یہ ہے کہ وہاں کے لوگوں کا رہن سہن کا معیار کتنا بلند اور بنیادی ڈھانچہ کتنا مضبوط ہے ۔ یہ بات راجیہ سبھا کے رکن اور بہار جنتا دل متحدہ (جے ڈی یو) کے صدر وششٹھ نارائن سنگھ نے مودی حکومت کو تمام محاذ پر ناکام قرار دیتے ہوئے کہی۔انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت صرف اعلانات اور وعدے کرنے پر یقین رکھتی ہے عمل پر نہیں اور جب عوام وعدہ یادلانے لگ جاتے ہیں تو دوسرا اعلان کردیتی ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کے لئے طرح طرح کے شوشے چھوڑتے ہیں۔ ملک کے موجودہ حالات اور عدم رواداری کے سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس ملک کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ یہ ملک تنوع سے بھرپور ہے اور جہاں مختلف مذاہب کے لوگوں کو پھلنے پھولنے کا یکساں موقع میسر ہے وہیں مختلف تہذیب و ثقافت کی بھی نشو و نما ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کچھ طاقتیں اس کے خلاف کام کرتی ہیں لیکن مذہبی اور ثقافتی تنوع کی جڑیں اتنی گہری ہیں کہ وہ طاقت کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگی۔ 
سوچھ بھارت ابھیان اور یوگا کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب کہا کہ جب تک بنیادی اور صحت کے ڈھانچے کو درست نہیں کیا جاتا اس وقت اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ محض بڑے پیمانے پر یوم یوگا منعقد کرنے سے کسی کی صحت نہیں بننے والی ہے بلکہ اس کے بجائے صحت خدمات کو بہتر بنانے پر زیادہ زور دیا جانا چاہئے ۔
مسٹر نارائن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مودی حکومت جس طرح جمہوری ادارے کے بے وقعت کر رہی ہے یہ ملک کے لئے نہایت خطرنا ک ہے ۔ مودی حکومت ان جمہوری اداروں کا وقار بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہئے تاکہ آزادانہ خیالات کا تبادلہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہاکہ کسی ملک کے لئے اس سے بڑی بدقسمتی نہیں ہوسکتی جہاں دانشوری کو ختم کردی جائے اور مودی حکومت ملک سے دانشوری ختم کرنا چاہتی ہے اس لئے اظہار کی آزادی پر بندش لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ بہار جنتا دل متحدہ کے صدر وششٹھ نارائن نے یو این آئی سے خاص بات چیت میں کہا کہ سیکولرزم اس ملک کی خاص شناخت ہے اور سیکولر کا مطلب ہوتا ہے کہ ملک کا کوئی مذہب نہیں ہوگا اور تمام مذاہب کے تئیں ان کا نظریہ یکسا ں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اچھی حکمرانی علامت یہ ہے کہ پارٹی کے منشور میں جو وعدے کئے جائیں وہ انہیں پورے کئے جائیں۔اسی کے ساتھ اچھی حکمرانی وہی کہلاتی ہے جہاں تمام طبقے کے احساسات کا خیال رکھاجائے اور نتیش کمار حکومت اس ضمن میں بہت بہتر کام کررہی ہے اورجو وعدے انتخابی منشور کئے گئے ہیں اس پر تیزی سے عمل کیا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ نیتیش کمار پر اس لئے حملے کئے جارہے ہیں کیوں کہ وہ ملک میں ایک متبادل کی صورت میں ابھرے ہیں اور یہ بات بھارتیہ جنتا پارٹی اور مودی حکومت کو ہضم نہیں ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بہار میں مہاگبندھن کی فتح کے بعد طرح طرح کے بہانے سے ان پر حملہ کیا جارہا ہے تاکہ وہ پریشان ہوکر بہترحکومت نہ کرسکیں اور نہ ہی عوامی کام کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ نتیش کمار حکومت بہتر کام کر رہی ہے عوامی مفاد میں فیصلے 
کئے جارہے ہیں اور یہ اپوزیشن پارٹیوں کو اچھا ن نہیں لگ رہا ہے ۔ نتیش کمار حکومت نے جہاں خواتین کی خود انحصاری کے لئے بلدیاتی اداروں میں پچاس فیصد ریزرویش دیکر نچلی اقتدار میں حصہ داری دی ہے وہیں اس نے خواتین کو سرکاری ملازمت میں 35فیصد ریزویشن دیا ہے تاکہ خواتین اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکیں۔شراب کے سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ جو لوگ کہتے ہیں کہ شراب پر پابندی سے خزانہ کا نقصان ہورہا ہے ۔ تو ان کو یہ معلوم ہونا چاہئے جو پیشہ شراب میں خرچ اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والے نتائج میں صرف ہورہا تھا وہ پیسہ اب پچ رہا ہے اور یہ پیسہ شراب سے ریوینیو حاصل ہونے والے سے کئی گنا زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نتیش کمار نے حاشیہ پر کھڑے لوگوں کے کام کرنا شروع کیا ہے اور جب تک حاشیہ پر کھڑے لوگوں پر توجہ نہیں دی جائے گی اس وقت نہ تو ریاست اور نہ ہی ملک ترقی کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کے لئے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ وہ بھی زندگی کی دوڑ یکساں دوڑ سکیں۔


ٹاپرس کے فرضی معاملے سے ملک میں بہار کی شبیہ خراب ہوئی:روڈی

پٹنہ۔30جون(فکروخبر/ذرائع)مرکزی وزیرمملکت برائے اسکل ڈولپمنٹ (آزادانہ چارج) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر راجیو پرتاپ روڈی نے آج کہا کہ بہار میں مہا گٹھ بندھن کی حکومت بننے کے بعد ٹاپرس کے فرضی گھوٹالے سے ملک میں ریاست کی شبیہ خراب ہوئی ہے ۔مسٹر روڈی نے دہلی روانہ ہونے سے قبل یہاں یو این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے میدان میں بہار کی پہلی بڑی شناخت تھی اور یہاں کے طلبا و طالبات کا ذکر پورے ملک میں ہوتا تھا۔انہوں نے کہا کہ مہا گٹھ بندھن کی حکومت بننے کے بعد ایجوکیشن مافیاسرگرم ہوگئے جس کا نتیجہ ٹاپرس فرضی گھوٹالہ کی شکل سامنے آیا۔


اکھلیش کا شہید جوانوں کو 20-20 لاکھ روپے کی مالی مدد کا اعلان

لکھنؤ۔30جون(فکروخبر/ذرائع): اترپردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے جموں کشمیر کے دہشت گرد انہ حملے میں مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے شہید ہونے والے ریاست کے پانچ جوانوں کے ورثا کو 20-20 لاکھ روپے کی مالی مدد دینے کا اعلان کیا ہے ۔مسٹر یادو نے ریاستی حکومت کی جانب سے پمپور کے اس واقعہ میں شہید جوانوں کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ سی آر پی ایف کے جوانوں نے جس جذبے کے ساتھ دہشت گردوں سے مقابلہ کیا، وہ قابل ستائش ہے ۔ ملک ان کی جانبازی کو سلام کرتا ہے ۔واضح رہے کہ گذشتہ 25 جون کو جموں اور کشمیر کے پمپور میں سی آر پی ایف کی گاڑی پر جنگجوؤں نے اچانک حملہ کر دیا تھا۔ اس واقعہ میں جنگجوؤں سے مقابلہ کرتے ہوئے آٹھ جوان ہلاک ہوگئے تھے ، جن میں اترپردیش کے ضلع اناؤ کے کیلاش کمار یادو، جونپور کے سنجے کمار، فیروز آباد کے ویرسنگھ، میرٹھ کے ستیش چندر اور الہ آباد کے راجیش کمار بھی شامل تھے ۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا