English   /   Kannada   /   Nawayathi

دہلی وقف بورڈ نے عمیر الیاسی کے خلاف کارروائی کیلئے پولیس کمشنر کو لکھا لیٹر(مزید اہم ترین خبریں)

share with us

امانت اللہ خان کا کہنا ہے کہ بورڈ اب پولیس کارروائی کرے گا۔خیال رہے کہ بورڈ نے چار دن قبل امام عمیر الیاسی کو ہٹاکر ساجد رشیدی کو امام بنا یا تھا۔ تاہم مسجد کے 123 جائیدادوں میں ہونے کا حوالہ دے کر ساجد رشیدی کو مسجد کرزن روڈ میں امامت نہیں کرنے دی گئی ۔ اس موقع پر بھی امانت اللہ خان نے کہا تھا کہ عمیر الیاسی وقف بورڈ کے امام نہیں ہیں،بلکہ ان کے والد مسجد کرزن روڈ کے امام تھے۔ اگر عمیر الیاسی امامت کیلئے درخواست دیں گے، تو اس پر غور کیا جاسکتا ہے۔


راجن کو ایک سال سے نشانہ بنایا جارہا ہے :آزاد

نئی دہلی۔21جون(فکروخبر/ذرائع)کانگریس کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے رہنما غلام بنی آزاد نے کہا کہ ریزرو بینک آف انڈیا(آر بی آئی)کے گورنر رگھو رام راجن کو گزشتہ ایک سال سے نشانہ بنایا جارہا ہے ۔مسٹر آزاد نے یہاں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور اراکین پارلیمنٹ گزشتہ ایک سال سے ڈاکٹر راجن کو نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس طرح سے بی جے پی حکومت نے آربی آئی گورنر کے ساتھ برتاؤ کیا ہے ،یہ افسوس ناک ہے ۔ڈاکٹر راجن نے کل آر بی آئی کے گورنر کے طور پر دوسری مدت کار لینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ وہ اپنے ٹیچنگ کے پیشے میں لوٹ جائیں گے ۔اس سے پہلے ان کے آربی آئی کے گورنر کے طور پر مسلسل قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں ۔ واضح رہے کہ بی جے پی کے رہنما اور راجیہ سبھا رکن سبرمنیم سوامی کا الزام ہے کہ ڈاکٹر راجن کے فیصلے سے ہندوستانی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔


لکھنؤمیں ایک شخص کا گولی مارکر قتل

لکھنؤ۔21جون(فکروخبر/ذرائع)اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤکے ملیح آباد علاقے میں کل رات کچھ لوگوں نے ایک شخص کو گولی مارکر قتل کردیا۔پولس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ بنیادی طور پر جریاری غازی پورہردوئی کا رہنے والانفیس (25)اپنے والد کے ساتھ موٹرسائکل پر جارہا تھا۔راستے میں مومن اسرار وغیرہ چار لوگوں نے انہیں روک لیا اور نفیس کو گولی ماردی جس سے اس کی موت ہوگئی۔قتل کی وجہ پرانی رنجش بتائی گئی ہے ۔نفیس لکھنؤکے حسن گنج علاقے میں رہتا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں چار لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے ۔پولس ملزمین کی سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے ۔


مدھیہ پردیش کے سابق وزیر ابراہیم قریشی کا انتقال

شیوپور۔21جون(فکروخبر/ذرائع)مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اور اقلیتی کمیشن کے سابق چیئر مین ابراہیم قریشی کا کل رات دہلی کے اپولو اسپتال میں انتقال ہوگیا۔وہ 68سال کے تھے ۔کنبے کے ذرائع نے بتایا کہ مسٹر قریشی کو گزشتہ 6ماہ سے گردے سے متعلق بیماری کے ساتھ پھیپھڑوں میں انفیکشن کی وجہ سے 10دن سے دہلی کے اپولو اسپتال میں داخل کرایاگیا تھا۔وہاں ان کو گزشتہ تین روز سے طبیعت بگڑنے کے بعد وینٹیلیٹر پر رکھا گیا تھا۔جہاں کل رات انہوں نے آخری سانس لی۔مسٹر قریشی کی نعش دہلی سے آج شام شیو پور ان کے آبائی شہر لائی جائے گی اور یہیں ان کی آخری رسومات ادا ہوں گی۔مسٹر قریشی کے دو بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں۔وہ پہلے وزیر اعلی دگوجے سنگھ کے دور اقتدار میں وزیر مملکت بھی رہے تھے ۔بعد میں انہیں اقلیتی کمیشن کا چیئر مین بنایا گیا تھا۔


میڈیکل کالج میں داخلہ کے نام پر ٹھگی کرنے والی خاتون کو عمر قید

بھوپال۔21جون(فکروخبر/ذرائع)بھوپال کی ایک عدالت نے میڈیکل کالج میں داخلہ کرانے کے نام پر طالب علموں اور والدین سے لاکھوں روپے کی ٹھگی کرنے والی ملزم خاتون کو عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ جج گری بالا سنگھ کی عدالت میں کل ہوئی سماعت میں ملزم خاتون کومل پانڈے کو مجرم پائے جانے پر عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ استغاثہ کے مطابق کومل پانڈے نے شریک ملزم رنجیت کے ساتھ مل کر بھوپال کے ایک پرائیویٹ میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس میں داخلہ لینے والے طالب علموں کی آن لائن معلومات حاصل کرکے ان سے رابطہ کرتے تھے اور ان کو ڈونیشن دے کر ایڈمیشن کرانے کے نام پر لاکھوں روپے ٹھگ لیتے تھے ۔ 30 ستبر 2012 کو کومل نے ہریانہ رہائشی ایک طالب علم امندیپ سے رابطہ کیا اور اس کا ایڈمیشن کروند علاقے کے ایک پرائیویٹ میڈیکل کالج میں کرا دینے کے نام پر 18 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ کومل نے امندیپ کے نام سے جعلی ایڈمیشن لیٹر بنوا کر اسے دے دیا اور روپے لے لئے تھے ۔ جب امندیپ ڈین کے پاس پہنچا تو پتہ چلا کہ ایڈمیشن لیٹر فرضی ہے ۔ امن دیپ نے پولیس اور کالج انتظامیہ کی مدد سے کومل کو کالج بلایا اور پولیس نے اسے گرفتار کر لیا تھا۔کومل کے خلاف اس قسم کی دھوکہ دہی اور ٹھگی کے ملک بھر میں درجنوں مقدمات درج ہیں۔


ملایم نے آنجہانی صحافی لالارام چترویدی کے رشتہ داروں سے ملاقات کی

اٹاوا۔21جون(فکروخبر/ذرائع):اترپردیش میں برسراقتدار سماجوادی پارٹی (ایس پی)کے صدر ملایم سنگھ یادو نے آنجہانی صحافی لالارام چترویدی کے کنبے سے مل کر آج انہیں تسلی دی۔طویل عرصے سے بیمار رہے مستر چترویدی کا انتقال پانچ دن پہلے ہو گیا تھا۔وہ اپنا اخبار نکالتے تھے ۔تقریباً 65سالہ مسٹر چترویدی کے دوبیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ایس پی کے صدر نے ان کے کنبے سے مل کر انہیں تسلی دی اورکہا کہ مسٹر چترویدی ہمیشہ اپنے اصولوں پر چلے ،انہوں نے کبھی اپنے اصولوں سے سمجھوتا نہیں کیا۔


اورنگ آباد میں باردي سرنگ دھماکے میں ایک جوان شہید، دو زخمی

اورنگ آباد۔21جون(فکروخبر/ذرائع)بہار میں انتہا پسندی متاثر اورنگ آباد ضلع کے دیو تھانہ حلقے میں آج کالعدم تنظیم ہندوستان کی کمیونسٹ پارٹی (ماؤنواز) عسکریت پسندوں کے بچھائے گئے باردي سرنگ میں دھماکہ ہوجانے سے ایک جوان شہید ہو گیا اور دو دیگر زخمی ہو گئے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ بابو رام نے بتایا کہ ضلع کے بالل پہاڑی علاقے میں مذکورہ کالعدم تنظیم کے خلاف مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کا کوبرا بٹالین اور مقامی پولیس تلاشی مہم چلا رہی تھی۔ اسی دوران ماؤنوازوں کے بچھائے گئے باردي سرنگ کے پھٹنے سے سی آر پی ایف کا ایک جوان شہید ہو گیا اور دو جوان زخمی ہو گئے ۔مسٹر رام نے بتایا کہ زخمی جوانوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا ہے ۔ شہید نوجوانوں کے نام کا فوری پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ واقعہ کے بعد بالل پہاڑی علاقے میں پولیس سپرنٹنڈنٹ کی قیادت میں چھاپہ ماری کی جا رہی ہے ۔


زکوٰۃ کی اجتماعی نظام سے ہی مسلم معاشرہ کی ترقی ممکن

حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے 24برس میں ساڑھے نولاکھ افراد میں 100کروڑ روپئے کی تقسیم

حیدرآباد۔21جون(فکروخبر/ذرائع)زکوٰۃ کے اجتماعی نظام سے ہی مسلم معاشرہ کی فلاح و بہبود ممکن ہے۔ اگر اسلامی حکومت ہو تو زکوٰۃ کی وصولی اور تقسیم حکومت کی ذمہ د اری ہے۔ اگر حکومت اسلامی نہ ہو تو معاشرہ کے ذمہ داروں کا یہ فریضہ ہے کہ وہ زکوٰۃ وصول کرے اور اسے مستحقین تک پہنچائے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی محمد اعظم ندوی نے کیا۔ وہ حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کے سالانہ اجلاس اور دعوت افطار سے مخاطب تھے۔ شہ نشین پر حکومت ہند کے سابق معتمد حبیب خواجہ آئی اے ایس ریٹائرڈ، جناب غیاث الدین بابو خان چیرمین ٹرسٹ، عبدالعلیم خان، جناب خلیل احمد اور ضیاء الدین نیر موجود تھے جبکہ شرکاء میں معززین شہر کی کثیر تعداد شریک تھی۔ مفتی اعظم ندوی نے قرآن اور حدیث کے حوالے سے زکوٰۃ کی فرضیت اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ زکوٰۃ کی ادائیگی سے انسان کا قلب، ذہن، جسم روح اور اس کے مال کی صفائی ہوتی ہے۔ یہ امیری اور غریبی کے فاصلے کو کم کرتا ہے۔ زکوٰۃ معاشرتی ذمہ داری ہے اور سماج کے ہر طبقہ کا یہ فریضہ ہے کہ وہ زکوٰۃ کے نظام کو قائم کرے۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ کا اجتماعی نظام نہ ہونے کی وجہ سے یہ بکھررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کا قانون برائے انسداد غربت اسلامی تعلیمات اور زکوٰۃ کے نظام کی تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ کی صحیح تقسیم کیلئے شریعہ بورڈ کی تشکیل عمل میں لائی جائے جو رہنمائی کرے۔ جناب حبیب خواجہ آئی اے ایس ریٹائرڈ نے حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور جناب غیاث الدین بابو خان کے ملی جذبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ تین دہائیوں سے ان کی خدمات سے واقف ہیں‘ حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلنس جیسے معیاری ادارے کو قائم کرکے انہوں نے نئی نسل کے مستقبل کو روشن بنانے کی طمانیت دے دی ہے۔ جناب غیاث الدین بابو خان نے اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں بارگاہ رب العزت میں شکر ادا کیا کہ حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کے ذریعہ وہ قوم کی مختلف شعبہ حیات میں کامیابی اور ترقی کے لئے خدمات لے رہا ہے۔ انہوں نے عطیات دہندگان سے اظہار تشکر کیا جو کسی تشہیر کے بغیر قوم کی ترقی کے لئے اپنا رول ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر اس تقریب میں موجود جناب وارث بیگ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹرسٹ کے لئے گراں قدر تعاون کیا ہے۔ جناب غیاث الدین بابو خان نے بتایا کہ ٹرسٹ نے 24سال کے دوران 9لاکھ 55ہزار مستحقین پر ایک سو کروڑ کی رقم خرچ کی ہے۔ انہوں نے گذشتہ سال ٹرسٹ کی کارکردگی سے متعلق بتایا کہ 2015-16ء میں ایک لاکھ 44ہزار 368 مستحقین میں 10کروڑ 26لاکھ روپئے کی رقم خرچ کی گئی ہے۔ حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کے تحت 99اردو میڈیم اور تین اردو میڈیم اسکولس میں 24ہزار طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں جن میں 70فیصد طالبات ہیں۔ 11500 اردو میڈیم اسکولس کے طلباء اور طالبات کو یونیفارم مہیا کئے جاتے ہیں۔ دسویں جماعت میں 9.3 جی پی اے کے حامل طالبات کو فی کس 10ہزار روپئے انعام پیش کیا جاتا ہے۔ گذشتہ سال 10لاکھ روپئے تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے بتایا جاریہ سال رمضان المبارک میں مختلف فلاحی پروگرام کے تحت جس میں یتیم بچوں اور بے سہارا خاندانوں میں غذائی پیاکس کی تقسیم، نئے ملبوسات کی فراہمی شامل ہے۔ اس کے علاوہ 3ہزار 436 یتیم بچوں میں 55لاکھ روپئے کی مالی امداد فراہم کی گئی۔ شادی مبارک اسکیم سے متعلق شعور کی بیداری پر 16لاکھ روپئے خرچ کئے گئے۔ اس اسکیم سے 27ہزار افراد مستفید ہوئے۔ جناب خلیل احمد ٹرسٹی نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ جناب ضیاء الدین نیر نے فرائض نظامت انجام دےئے۔


رمضان کے اس عشرے میں اپنے دیگر بھائیوں کے لیے بھی خصوصی دعا کریں: ڈاکٹر نکہت حسین ندوی

نئی دہلی،21جون(فکروخبر/ذرائع) آج انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز (آئی او ایس) کے کمیٹی روم میں سورہ صف کا درس دیتے ہوئے ڈاکٹر نکہت حسین ندوی نے کہا کہ کائنات کی ہر چیز اللہ کی پاکی بیان کرتی رہتی ہے اور وہی غالب اور حکمت والا ہے۔ اسی سیاق میں منافق کی تین خصلتوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ وہ خصلتیں یہ ہیں کہ جب بولے تو جھوٹ بولے، وعدہ کرے تو وعدہ خلافی کرے اور جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو اس میں خیانت کرے۔ اسی کے ساتھ بنی اسرائیل کو جن نعمتوں سے اللہ تعالیٰ سے نواز ہے اس کا تذکرہ کیا گیا کہ انھوں نے ان نعمتوں کے شکرانے کے بجائے نافرمانی کا رویہ اختیار کیا اس کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے ان پر ذلت ورسوائی مسلط ہوگئی اور وہ اللہ کے غیض وغضب کے مستحق ہوگئے۔
ڈاکٹر نکہت حسین نے بنی اسرائیل کی ان نافرمایوں کو حالات سے تطبیق کرتے ہوئے کہا کہ جنگ عظیم دوم میں جرمنی کے ساتھ غداری کے صلے میں اتحادیوں نے ان کو فلسطین میں لابسایا لیکن ذلت ورسوائی یہاں بھی ان کی دامن گیر ہے۔ عیسائی دنیا اور اس کی پوری پشت پناہی کے باوجود حماس جیسی چھوٹی تنظیم کے ساتھ جنگ میں ان کی بزدلی اور راہ فرار مضحکہ خیز شکل اختیار کرلیتی ہے جس کا اظہار خود یہودی اور عیسائی میڈیا کرتا رہا ہے۔
مذکورہ آیت کی روشنی میں انھوں نے کہا کہ اللہ کی طرف سے نصرت آئے گی، ضرور آئے گی لیکن وہ ان مومنوں کے لیے ہوگی جو دشمن سے لوہا لیں گے۔ سوال یہ ہے کہ بحیثیت امت مسلمہ کے ہمارا اس میں کیا رول ہے۔ کیا ہم نے ان کی ثابت قدمی اور استقامت کے لیے کوئی دعا کی۔ جبکہ فلسطین میں واقع مسجد اقصیٰ پہلا قبلہ اول ہے اور حضورؐ معراج کے لیے یہاں سے تشریف لے گئے اور جملہ انبیاء ورسل کی امامت فرمائی۔ ثالت الحرمین ہے یعنی مکہ اور مدینہ کے بعد مبارک مقام ہے نیز دیگر انبیاء کا مسکن بھی رہا ہے۔ لہٰذا رمضان کے اس عشرے میں ہمیں اپنے بھائیوں کے لیے بھی خصوصی دعا کرنی چاہیے تاکہ ہم ان کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہوسکیں۔


شہر حیدرآباد میں ٹماٹر 100روپئے کیلو۔شمالی ہند سے ٹماٹر درآمد کئے گئے 

حیدرآباد۔21جون(فکروخبر/ذرائع)شہر حیدرآباد میں ٹماٹر 100روپئے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جارہا ہے جس سے عوام کو پریشانی کا سامنا ہے ۔گزشتہ سال جون کے مقابلہ اس سال دوگنی تعداد میں ٹماٹر تلنگانہ کی سب سے بڑی مارکٹ یارڈ بوئن پلی حیدرآباد لائے گئے ہیں ۔ مارکٹ یارڈ کے حکام نے بتایا کہ تلنگانہ میں مقامی طور پر ٹماٹر کی اس سال زیادہ پیداوار نہیں ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ٹماٹر کسانوں سے ریٹیلرس کو فروخت کیا جاتا تھا ۔ لیکن اس مرتبہ اس کی کاشت کافی کم ہوئی ہے ۔ اس سال شمالی ریاستوں بالخصوص راجستھان اور اترپردیش سے بڑے پیمانہ پر ٹماٹر حیدرآباد درآمد کئے گئے ہیں۔ بوئن پلی مارکٹ یارڈ کو منتقل کی جانے والی ٹماٹر کی گاڑیوں میں 50فیصد سے زائد گاڑیوں کا تعلق دیگر ریاستوں سے ہے ۔ بوئن پلی مارکٹ میں مخصوص قسم کے ٹماٹر لائے گئے ہیں ۔ اسے ممی ڈیڈی قسم کے ٹماٹر کا نام دیا گیا ہے جو ہائی برڈ ہے ۔مارکٹ یارڈ کے حکام نے کہا کہ اس مرتبہ شمالی ہند سے ٹماٹر کی آمد کے سبب قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں ہوا اگر یہ ٹماٹر نہیں لایا جاتا تو مقامی طور پر قیمتیں آسمان کو چھوتیں ۔عوام نے کہا کہ اچانک اس اضافہ پر قابو پانے میں تلنگانہ حکومت ناکام رہی ۔


تلنگانہ اور آندھراپردیش میں مانسون نے دستک دے دی

حیدرآباد۔21جون(فکروخبر/ذرائع)دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں مانسون نے دستک دے دی ہے ۔ اس کے زیر اثر آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے ۔ مانسون کی آمد میں معمول کی تاریخ سے تیرہ دن کی تاخیر ہوئی ۔اس طرح جنوب مغرب مانسون بالآخر تلنگانہ میں پہونچ گیا ۔ اس نے اضلاع نلگنڈہ ' کھمم کا مکمل طور پر احاطہ کرلیا جبکہ حیدرآباد ' محبوب نگر اور ورنگل کے بعض حصوں میں اس نے احاطہ کیا ۔مانسون کی آمد کے باوجود شہر میں زیادہ بارش نہیں ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران اسکے پوری ریاست میں پھیل جانے کیلئے حالات موذوں ہیں ۔محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر وائی کے ریڈی نے کہا کہ مانسون کی تاخیر سے آمد کے باوجود بارش میں کمی نہیں ہوگی ۔ آج حیدرآباد اور دیگرعلاقوں میں درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھی گئی ۔


ویشالی میں بجلی کے کھمبے سے جیپ ٹکرائی ،ایک ہلاک دوزخمی

حاجی پور۔21جون(فکروخبر/ذرائع)بہار میں ضلع ویشالی کے گورول علاقے میں آج صبح ایک جیپ بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی جس سے ایک شخص کی موت ہوگئی اور دو دیگر زخمی ہوگئے ۔پولس ذرائع نے یہاں بتایا کہ اسلام پور گاؤں کے نزدیک ایک بے قابو جیپ سڑک کے کنارے ایک بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی جس میں ایک شخص کی موت ہوگئی اور دو دیگر زخمی ہوگئے ۔ہلاک شدہ کی شناخت مظفر پور ضلع کے بکھرا گاؤں کے رہنے والے بندیشور پاسوان (48)کے طورپر کی گئی ہے ۔ذرائع نے بتا یا کہ زخمیوں کو علاج کے لئے حاجی پور صدر اسپتال بھیجا گیا ہے ۔لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہے ۔


عام آدمی کو کِرانے(معاش) کی فکر، بی جے پی کررہی کیرانہ کا ذکر:لالو

پٹنہ۔21جون(فکروخبر/ذرائع)): راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے کیرانہ معاملے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت مرکز کی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) حکومت پر شدید حملہ بولتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بے تحاشہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے لیکن انہیں کرانہ (راشن ،گروسری) کی بجائے کیرانہ(اترپردیش میں حالیہ نقل مکانی کے سلسلے میں تنازعہ میں رہنے والا خطہ) کی زیادہ فکر ہے ۔ مسٹر یادو نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر لکھا، ''عام آدمی کرانہ (راشن) کی فکرکر رہا ہے اور یہ کیرانہ کا ذکر کر رہے ہیں۔ ان کی ذکر میں نہیں ہے انسانوں کی فکر، یہ ہے۔ انہوں نے اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے قبل فرقہ وارانہ مسائل کو ہوا دینے پر بی جے پی کو انتباہ بھرے لہجے میں کہا، کیرانہ میں ان کی بزدلانہ کرتوتوں کا استعمال ناکام رہا۔ اتر پردیش انتخابات تک ایسے ہی فرقہ وارانہ مسائل کے ساتھ یہ بلوں سے نکلتے رہیں گے ۔ ان کا زہریلا پھن کچل دیں گے ۔قابل ذکر ہے کہ کیرانہ تنازعہ کی شروعات اس وقت ہوئی جب مقامی بی جے پی ممبرپارلیمنٹ حکم سنگھ نے اترپردیش میں خراب قانون و نظام کا حوالہ دیتے ہوئے کیرانہ سے تقریبا تین سو ہندو خاندانوں کی نقل مکانی کا مسئلہ اٹھایا اور دعوی کیا کہ کیرانہ کو کشمیر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ممبر پارلیمنٹ نے یہ بھی کہا کہ یہاں ہندوؤں کو دھمکایا جا رہا ہے ، جس سے ہندو خاندان بڑی تعداد میں نقل مکانی کر رہے ہیں۔ بی جے پی کے الزام کے جواب میں ریاست کی حکمراں سماج وادی پارٹی کے ساتھ ہی بہوجن سماج پارٹی نے بھی بی جے پی پر جم کر حملہ بولا تھا اور اسے فسطائیت سے تعبیر کیا تھا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا