English   /   Kannada   /   Nawayathi

مہاراشٹر کے نندوربار میں فرقہ ارانہ فساد سے حالات کشیدہ(مزید اہم ترین خبریں)

share with us

پولیس کنٹرول روم نے فرقہ وارانہ تشدد کی تصدیق تو کر دی ہے لیکن یہ بتانے سے قاصر ہے کہ فساد میں کتنے افراد ملوث ہیں ۔ مالیگاؤں جمعیۃ علماء کے صدر مفتی محمد اسماعیل نے نندوربار فرقہ وارانہ فساد کے حالات سے جمعیۃ علماء کے مہاراشٹر صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی کو آگاہ کیا۔ اس کے بعد مہاراشٹر صدر نے اقلیتی کمیشن کے سر براہ محمد حسین خان سے گفتگو کر کے حالات کی اطلاع دی اور بتایا کہ حالات انتہائی کشیدہ اور بے قابو ہیں۔ اس پر محمد حسین صاحب نے فورا پولیس محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ فساد کو کنٹرول کر نے میں تامل سے کام نہ لیں اور بے جا گرفتاری سے بھی گریز کیا جائے ۔امیر صاحب نے پولیس کو ہدایت دی کہ حالات قابو میں کر نے کے ساتھ کشیدگی کو کم کر نے کے لئے بھی پولیس کوشش کرے کیونکہ فساد کے بعد یہاں ہندوؤں اور مسلمانوں میں خلیج پیدا ہوگئی ہے اور اسے دور کرنا بھی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ تشدد برپا کر نے والے خاطیوں کے خلاف کارروائی کے دوران کسی بھی بے قصور مسلم نوجوان کو ہراساں وپریشان یا بے جا گرفتاری عمل میں نہ لائی جائے۔ ساتھ ہی اقلیتی کمیشن کو نندوربار فساد سے متعلق رپورٹ بھی ارسال کی جائے ۔سماج دشمن عناصر اور فساد میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی بھی امیر صاحب نے سفارش کی ہے اور امن وامان کے قیام کے لئے محلہ کمیٹی کی میٹنگ منعقد کر نے کی بھی پولیس کو ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ مہاراشٹر بھر میں ہولی سے قبل اس قسم کا فساد انتہائی خطرناک ہے۔ اس پر قدغن لگانے کے لئے پولیس کو اقدامات کر نے چاہئیں۔


نندو بار کا فساد منصوبہ بند ہے :ریاست میں فرقہ پرستی اپنے اُٹھان پر

شر پسندوں کو حکومت اور انتظامیہ کی پشت پناہی حاصل ۔مولانا ندیم صدیقی 

ممبئی ۔23 مارچ (فکروخبر/ذرائع)نندوربار شہر کے ایک اسکول میں مالی سماج کے ایک طالب علم کو دسویں کے امتحان میں نقل کرنے سے روکنے کے بہانے فرقہ پرستوں اور شر پسندوں کے ننگے ناچ نے ریاست کے مسلمانوں کو ایک بار پھر سراسیمہ کر دیا ہے ،ریاست میں جب سے فرقہ پرست حکومت بر سر اقتدار آئی ہے ،شرپسندوں کے حوصلے بڑھ گئے ہیں اور ریاست میں فرقہ وارانہ فسادت کا ایک لا متناہی سلسلہ شروع ہو گیا ہے ،فرقہ وارانہ کشیدگی ایک عام سی بات ہو گئی ہے ،گذشتہ ڈیڑھ سالوں میں ریاستی حکومت اور انتظامیہ کی پشت پناہی میں فرقہ پرست ایک درجن سے زائد مقامات پر اپنی فرقہ پرستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فساد برپا کر چکے ہیں۔ تازہ ترین معاملہ نندور بار کا ہے جہاں نقل کرنے سے ایک طالب علم کو روکنے کی پاداش میں فرقہ پرستوں نے مسلمانوں کے دوکان و مکان کو نشانہ بنایا ہے اور کئی افراد کو الگ الگ علاقوں میں زدوکوب کیا ہے، ہم اسکی سخت مذمت کرتے ہیں اور حکومت و انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر شدت پسندوں کے خلاف کارائی کرے ۔ یہ باتیں آج جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا ندیم صدیقی نے اخباری نمائندوں سے ایک غیر رسمی ملاقات میں کہیں ۔وا ضح رہے کہ کل گذشتہ شہر نندوربار کے ایک اسکول میں مالی سماج سے تعلق رکھنے والے دسویں ایک طالب علم کو نقل کرنے سے روکنے کے معاملے کو فرقہ پرستوں اور شر پسندوں نے رفع دفع کرنے کے بجائے فرقہ وارانہ ماحول میں تبدیل کر دیا اور مسلمانوں پر سنگباری کرتے ہوئے دوکانات و مکانات کو نقصان پہونچایا۔ اطلاعات کے مطابق آج صبح کے اوقات میں مالی واڑہ ،چراغ علی محلہ میں فرقہ پرستوں نے کھل کر ننگا ناچ کیا اور کئی مکانات میں لوٹ مار کرتے عورتوں کے ساتھ بد تمیزیاں کیں،اور سب پولیس اور انتظامیہ کی مو جو دگی میں ہوا ، پولیس شر پسند عناصر کے خلاف کاروائی کرنے کے بجائے ہمیشہ کی طرح یکطرفہ کار وائی کرتے ہوئے مسلم نو جوانوں کوگرفتار کر ہی ہے جس سے مسلم محلوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے ۔اور لوگ خوف کے عالم میں زندگی گذاررہے ہیں ۔ مولانا ندیم صدیقی صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر نے ضلع ،ایس ۔پی ، کلکٹر اور ضلع نندور بار کے پالک منتری گریش مہا جن سے رابطہ کرکے کرکے اس معاملے پر اپنے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے شر پسند عناصر کے خلاف کاروائی کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ہے ۔اور حالات کو فوری کنٹرول کرنے امن و امان بحال کر نے کے ساتھ پورے معاملے کو پوری طرح غیر جانبداری سے جانچ کر حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے افواہوں پر دھیان نہ دیں اور امن و امان اور بھائی چارگی کو قائم رکھیں ۔ 


تبلیغی جماعت پر حملہ شرمناک ،حملہ آوروں کو فوراً گرفتار کیا جائے : مولانا محمد معظم احمد

نئی دہلی23 مارچ(فکروخبر/ذرائع)مظفر نگر میں تبلیغی جماعت پر ہوئے حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تحریک حمایت الاسلام کے صدر اور فتح پوری مسجد کے نائب شاہی امام مولانا محمد معظم احمدنے آج کہا ہے کہ تبلیغی جماعت پر حملہ مسلسل ہورہے ہیں اور آج تک کسی گنہگار کو سزا نہیں ملی ہے دوسری جانب صرف افواہوں کی بنیاد پر مسلم مویشی تاجروں کا قتل کردیا جاتا ہے اور انکوائری کے نام پر صرف دلاسہ دیا جاتا ہے ۔ مولانا محترم نے اپنے بیان میں کہاکہ اس دوہرے انصاف کے معیار کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ مولانا محترم نے کہاکہ تبلیغی جماعت پر یہ کوئی پہلا حملہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی ماضی میں حملہ ہوتے رہے ہیں جبکہ تبلیغی جماعت کے لوگ صرف اور صرف زمین کے نیچے یا زمین کے اوپر کی بات کرتے ہیں ۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کا نعرہ ہے کہ آپس میں سلام کرو ملکوں میں سلامتی ہوگی ۔ مولانا محترم نے کہاکہ ایسے لوگوں پر حملہ کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ مولانا نے مزید کہاکہ حملہ آوروں کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا ہے جوکہ افسوسناک ہے اور مستقبل میں بھی ان کو شکنجے میں لئے جانے کا امکان اس لئے کم ہے کیونکہ حکومتوں کا رویہ اس معاملہ میں لچیلا ہے ۔ مولانا محترم نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ فوراً خاطی لوگوں کی نشاندہی کرنے کی انتظامیہ کو ہدایت دے اور بلاتاخیر مجرمین کو سامنے لایا جائے ۔ مولانا محترم نے تبلیغی جماعت کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی صورت میں صبر کا دامن نہ چھوڑیں ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ ایک دن رب کی نصرت ضرور آئیگی ۔ مولانا نے یہ بھی کہا کہ جولوگ اپنی شرپسندانہ چالوں کے ذریعہ امید کرتے ہیں کہ وہ اللہ کے دین کو پھیلنے سے روکنے میں کامیاب ہوجائینگے تو انہیں ایک بار ضرور قرآن کو پڑھنا چاہئے ۔ انہوں نے تبلیغی جماعت والوں کیساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں ان کیساتھ ہیں ۔ ساتھ ہی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق بلا تاخیر حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کے نصب کرنے کو یقینی بنائے ۔


ایس ایس ایل سی طلبا کیلئے ہیلپ لائن

بنگلورو ۔23 مارچ (فکروخبر/ذرائع)ایس ایس ایل سی امتحانات طلبا کی زندگی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ موجودہ مسابقتی دور میں والدین کی آرزو رہتی ہے کہ ان کے بچے زیادہ مارکس حاصل کریں۔ طلبا کی صلاحیت ، ذہانت وغیرہ پر توجہ دئے بغیر زیادہ مارکس حاصل کرنے کیلئے ان پر جو دباؤ ڈالا جارہاہے وہ ایک مسئلہ بن گیاہے۔ جس کے سبب طلبا تعلیم کی طرف توجہ نہیں دے پارہے ہیں۔ اس مسئلے کے پیش نظر طلبا مناسب طریقے سے امتحان کا سامنا کرنہیں پارہے ہیں۔اس مسئلے کو حل کرتے ہوئے طلبا میں اعتماد پیدا کرنا بے حد ضروری ہے۔ طلبا میں خود اعتمادی پیدا کرنے کے علاوہ ان کی حوصلہ افزائی کیلئے گزشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی کرناٹک ہائی اسکول ایگزامنیشن بورڈ نے ہیلپ لائن اور کونسلنگ پروگرام کے آغاز کا فیصلہ لیا ہے، جس کیلئے فون نمبرس 080-23310075/23310076 پر رابطہ کیا جاسکتاہے۔ 28 مارچ تک یہ ہیلپ لائن صبح 9 تاشام 7 بجے کام کرے گا، جبکہ 30مارچ تا 3 اپریل اس کے اوقات صبح 9تا ڈھائی بجے ہوں گے۔ طلبااور والدین اتوار کے علاوہ چھٹیوں کو چھوڑ کر دیگر دنوں میں ان نمبروں پر فون کے ذریعہ اپنے مسائل کے علاوہ شکوک کو دور کرسکتے ہیں۔


7؍ اپریل کو عالمی یوم صحت

بنگلورو ۔23 مارچ ( فکروخبر/ذرائع)محکمۂ صحت وخاندانی بہبود کے کمشنر پی ایس وستراد نے آج بتایاکہ 7 اپریل کو ودھان سودھا کے بینکویٹ ہال میں عالمی یوم صحت منعقد ہوگا۔ عالمی یوم صحت کے پیش نظر مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے بتایاکہ اس مرتبہ ’’ذیابیطس پر روک لگائیں اور اسے شکست دیں‘‘ کے نعرہ کے تحت عالمی یوم صحت منعقد کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے، ان کے مطابق حالیہ دنوں میں یہ مرض بچوں میں بھی پایا جارہاہے، جس کے پیش نظر اس مرتبہ کا عالمی یوم صحت ذیابیطس کے خلاف عوامی بیداری مہم کے طور پر کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس موقع پر آکاش وانی ، محکمۂ بہبودئ خواتین واطفال، انڈین ریڈ کراس سوسائٹی ، محکمۂ کھیل کود ، محکمۂ میڈیکل تعلیمات ، محکمۂ اطلاعات ورابطۂ عامہ کے علاوہ محکمۂ طبی تعلیمات کے افسران بھی موجود تھے۔


گندگی کی نکاسی کیلئے بی ایم پی کے کمپیاکٹر تعینات

بنگلورو ۔23 مارچ ( فکروخبر/ذرائع)شہر میں گندگی کی نکاسی کیلئے 8.9 کروڑ روپیوں کی لاگت پر دس ٹن کی سمائی پر مشتمل کامپیاکٹر گاڑیوں کو آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ہری جھنڈی دکھائی، ودھان سودھا کے روبرو بی بی ایم پی کی طرف سے خریدی گئی ان 25گاڑیوں کو وزیر اعلیٰ سدرامیا ، ریاستی وزراء روشن بیگ ، کے جے جارج ، رام لنگا ریڈی، میئر منجوناتھ ریڈی، ڈپٹی میئر ہیما لتا ، حکمران پارٹی کے لیڈر ستیہ نارائنا ، اپوزیشن لیڈر پدمانابھا ریڈی، کارپوریشن کمشنر کمار نائک ودیگر نے روانہ کیا۔ گاڑیوں کے افتتاح کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے میئر منجوناتھ ریڈی نے بتایاکہ شہر میں گندگی کی نکاسی کیلئے جن کنٹراکٹروں کو ٹھیکہ دیا گیاہے، انہی کی طرف سے ان گاڑیوں کی دیکھ بھال بھی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ نجی کنٹراکٹروں کو گندگی کی نکاسی کا ٹھیکہ دئے جانے سے ہی بیشتر مسائل پیدا ہوئے ہیں۔اسی لئے مستقبل میں بی بی ایم پی نے طے کیا ہے کہ وہ گندگی کی نکاسی کا کام کسی کنٹراکٹر کو دئے بغیر اپنے طور پر کرے گی۔ اسی کام کو آگے بڑھانے کیلئے جدید سہولیات سے لیس 25گاڑیاں خریدی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہر لاری میں دس ٹن کچرا لے جایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جن کمپنیوں سے یہ لاریاں خریدی گئی ہیں اگلے پانچ سال تک وہ کمپنیاں ان لاریوں کی دیکھ بھال خود کریں گی۔ میئر نے بتایاکہ شہر میں اہم تجارتی مقامات اور کثیر آبادی والے مقامات پر جدید ترین کوڑے دان نصب کئے جائیں گے، اور ان کوڑے دانوں میں کچرا ڈالنے کیلئے خود کار دروازے نصب رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ گندگی کی نکاسی اور لینڈ فلنگ کیلئے مضافات بنگلور میں بعض زمینات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کی حدود میں سوچھ بھارت ابھیان کے تحت 250عوامی بیت الخلا تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔ان میں 80 ای بیت الخلاء اور60کمپیونٹی بیت الخلاء شامل ہیں۔ بی بی ایم پی کمشنر کمار نائک نے کہاکہ جو نئے 25 کمپیاکٹر خریدے گئے ہیں ان کا مظاہرہ دیکھنے کے بعد اگلے سال ان گاڑیوں کی تعداد بڑھا کر 200کی جائے گی۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا