English   /   Kannada   /   Nawayathi

ریاست راجستھان میں اونٹ ذبح کرنے پربھی پابندی عائد (مزید اہم ترین خبریں )

share with us


فوجی افسر کے پوتے نے سو روپے کی خاطر مزدورکی جان لے لی

آگرہ ۔ 02 اپریل (فکروخبر/ذرائع) شہر آگرہ میں فوجی افسر کے پوتے نے 100روپے کی خاطر مزدورکی جان لے لی ۔ مقامی ذرائع کے مطابق آگرہ کے علاقے کٹڑہ وزیرخان میں فوج کے ایک ریٹائرڈ میجر کے پوتے جے کرشن نے ایک دلت پپو نامی مزدور کو اس وقت زدوکوب کرکے جان سے مار ڈالا جب وہ اس سے ادھار لئے گئے100 روپے واپس نہ دے سکا۔ پپو کی موت کے بعدعلاقے میں حالات کشیدہ ہوگئے وہاں موجود دلت برادری نے پپو کی موت اور جے کرشن کی گرفتاری کے لئے مظاہرہ کیا اور اس دوران ریٹائر میجر کی دو مرتبہ پٹائی کی اور املاک کو نقصان پہنچایا۔ پولیس کو مشتعل ہجوم منتشر کرنے کیلئے ربر کی گولیاں چلانا پڑیں۔ پپو کے خاندان والوں کے مطابق جے کرشن کو اس وقت غصہ آیا جب 40 سالہ پپو ان سے قریبی مندرمیں کام سے فارغ ہونے والے مزدوروں کی مزدوری مانگنے گیا۔ جے کرشن نے پپو کو زمین پر پھینکا اور آہنی زنجیر کے ساتھ اس کو مارا اس دوران اس کو ایک دوسرے شخص کی معاونت بھی حاصل تھی۔ جے کرشن موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔


سابق وزیرجسونت سنگھ بخار اور سانس میں تکلیف کے باعث ایک بار پھرہسپتال داخل

نئی دہلی ۔ 02 اپریل (فکروخبر/ذرائع) سابق وزیر اور بی جے پی کے اہم رہنما جسونت سنگھ کو بخار اور سانس میں تکلیف کے باعث ہسپتال داخل کرادیا گیا۔ وہ 8 اگست 2014ء سے کوما میں ہیں۔76 سالہ جسونت سنگھ کو ان کے اہلخانہ گذشتہ سال انہیں اس وقت ہسپتال لائے تھے جب وہ فرش پر بے ہوش پڑے پائے گئے تھے۔ وہ اس وقت سے کوما میں ہیں، کچھ عرصہ قبل انہیں گھرمنتقل کیا گیا تھا تاہم گذشتہ روز تیز بخار اور سان میں تکلیف کے بعد انہیں دوبارہ نئی دہلی کے فوجی ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔


حکومت ہند کا یمن کے شورش زدہ علاقوں میں پھنسے تقریباً 100 سری لنکن باشندوں کو نکالنے پر رضامندی کا اظہار 

نئی دہلی 02 اپریل (فکروخبر/ذرائع) سری لنکا کی درخواست پر حکومت ہند نے یمن کے شورش زدہ علاقوں میں پھنسے تقریباً 100 سری لنکن باشندوں کو نکالنے میں مدد کی فراہمی پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کو ذرائع ابلاغ نے وزارت خارجہ کے حوالہ سے بتایا کہ یمن میں تقریباً 75 سے لے کر 100 سری لنکن باشندوں، کی صنعاء، عدن، موکالا اور ہودیدا سے وطن واپسی کیلئے درخواست کی گئی ہے ۔ سری لنکن وزارت خارجہ کے مطابق ہندوستان نے سری لنکا کی درخواست پر کہا ہے کہ سری لنکن تارکین وطن کو ہندوستانی تارکین وطن کے ہمراہ بحری جہازوں اور ہوائی جہاز کے ذریعے یمن سے نکالا جائے۔


معاشرہ میں انقلاب کے لئے قرآنی تعلیمات پر عمل کریں

دارالعلوم بدر العلوم کے سالانہ جلسۂ دستاربندی سے علماء کا خطاب

نندنگر؍بستی۔02اپریل(فکروخبر/ذرائع)دارالعلوم بدرالعلوم نندنگربستی کا آج سالانہ جلسۂ دستار بندی کاانعقاد داعی اسلام حضرت شیخ ابوسعیدصفوی سجادہ نشین خانقاہ عارفیہ کوشامبی الہ آبادکی سرپرستی میں کیا گیا۔اس موقع پرخصوصی خطاب کرتے ہوئے سنی دعوت اسلامی کے امیر مولانا شاکر علی نوری نے کہا کہ آج مسلمانوں کی بربادی کا سبب یہ ہے کہ ان کے دلوں میں حب دنیا آگئی ہے۔مال ودولت کے حصول کے لئے مسلمان جائز وناجائز کی تمیز نہیں کرتا ہے۔تجارت میں جھوٹ بولتا ہے۔دوسرے کے مال کو دیکھ کر حسد کرتا ہے،دولت کے حصول کے لئے ناحق خون بہاتا ہے غرضیکہ حب دنیا کی خاطر آج کا مسلمان وہ تمام امور انجام دیتا ہے جس سے اسلام نے سختی سے روکا ہے اسی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے اس قوم کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے اور دنیا ان کو اپنے نشانہ پر لئے ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ تم دین کی مدد کرو یعنی مذہب اسلام کے احکام کی اتباع کرو تو اللہ تعالیٰ تمہاری مدد کرے گا لیکن ہم نے مکمل طور پر مذہب اسلام کو چھوڑ دیا اور فحاشی و برائی سے ناطہ جوڑ لیا آج ہمارے نوجوان منشیات کے عادی ہو چکے ہیں ،لڑکے لڑکیاں ہر وقت کانوں میں ایئرفون لگائے رہتے ہیں اور انگریزی تہذیب وتمدن کے دلدادہ ہیں جس کی وجہ سے ہمارے گھروں سے برکت چلی گئی ہے۔سنی دعوت اسلامی کے امیرنے اپنے ناصحانہ خطاب میں مسلمانوں سے کہا کہ اپنی عادت واطوار کو بدلو قرآن پاک کی تلاوت کی عادت ڈالو صرف رمضان یا کسی کے مرنے پر قرآن نہ پڑھوبلکہ صبح وشام قرآن پاک کی تلاوت کرو دین کے معاملات میں ایک دوسرے کی مدد کرو تبھی ہمارے معاشرہ میں انقلاب آئے گااور ہم کامیاب وکامران ہوں گے۔جامعہ عارفیہ الہ آباد سے تشریف لائے مفتی مظفر حسین سعیدی مصباحی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم آج مسلمان ہونے کا دعوی تو کرتے ہیں لیکن ہمارا ایمان مکمل نہیں ہے۔نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم سے ہماراقلبی رشتہ کمزور ہو چکا ہے۔ایمان کے لئے شرط ہے کہ ہم کلمہ پڑھیں نبی کی تعظیم وتکریم کریں دین کی دعوت وتبلیغ کریں اور نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کے تمام فرامین کی اتباع وفرمانبرداری کریں تبھی ہمارا ایمان مکمل ہو گا اور ایمان میں حلاوت و چاشنی ہو گی ۔لیکن آج ہم کلمہ تو پڑھتے ہیں لیکن جس طرح سے نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کی تعظیم وتکریم کرنی چاہے اس طرح سے ہم نہیں کر رہے ہیں ،دعوت وتبلیٖغ ہمارے درمیان سے مفقود ہو چکی ہے۔نبی کی اتباع برائے نام ہم کرتے ہیں ،جس کی وجہ سے ہمارا ایمان پختہ نہیں ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام ان چار چیزوں پرمکمل عمل کرتے تھے اسی وجہ سے وہ ہر میدان میں کامیاب وکامران ہوا کرتے تھے۔علاوہ ازیں دارالعلوم ارشدالعلوم کے مہتمم مولانامفتی ابرار احمد امجدی ،مولانا سراج احمد چشتی،مولانا شمس الدین مکرانہ،مولانا آس محمد نے بھی خطاب کیا۔
قبل ازیں جامعہ عارفیہ کے سربراہ اعلیٰ و خانقاہ عارفیہ کے سجادہ نشین داعی اسلام حضرت شیخ ابوسعیدصفوی کا استقبال گلپوشی کے ذریعہ مولانا ابوالعاص حسن مصباحی آل انڈیاعلماء ومشائخ بورڈ کے فیض آباد زونل انچارج و سجادہ نشین خانقاہ گلزاریہ ،مولانا آفتاب احمد ،ماسٹر معراج عالم حافظ وقاری محمد ابواشرف ذیشان سعیدی ،قاری مولانا محمد شمس رضا مولاناارشادثقافی و دیگر نے کیا۔جلسہ کے آخر میں دارالعلوم سے فارغ ہونے والے حفاظ کرام کی دستاربندی کی گئی ۔جلسہ میں مولاناحشمت علی مصباحی،مولانا نسیم القادری ،مولانا قاری فاروق رضا،مولانا محمدعدیل،مولانا ادریس ،مولانا اشتیاق ،مولانا رحمت اللہ،قاری محمد قسیم سمیت علاقہ کے علماء و کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔جلسہ کا اختتام صلوۃ وسلام اور دعا پر ہوا۔


صحافی سہیل انجم کی کتاب ’’میڈیا روپ اور بہروپ‘‘ کے اضافہ شدہ جدید ایڈیشن کا اجرا

مؤ ناتھ بھنجن۔02اپریل(فکروخبر/ذرائع) اخبارات، ریڈیو، ٹی وی، کمپیوٹر، سٹیلائٹ اور انٹرنیٹ کی آج پوری دنیا میں زبردست اہمیت ہے، آج دنیا انہیں ذرائع پر ٹکی ہوئی ہے یہ ذرائع ابلاغ ہماری سماجی، معاشی، تجارتی، تعلیمی، تہذیبی اور ثقافتی زندگی پر بری طرح اثر انداز ہورہے ہیں۔ ان کے توسط سے وسیع و عریض دنیا سمٹ کر ہمارے ڈرائننگ روم اور بیڈ روم میں آگئی ہے ہم ایک کمرے میں ایک میز پر محض ایک بٹن دبا کر آن واحد میں دنیا بھر کی سیر کرسکتے ہیں۔ اسی بنا پر آج دنیا کو گلوبل ویلج یا عالمی گاؤں کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے۔میڈیا کے شعبہ میں جو انقلاب آیا ہے وہ بہت خوش آیند ہے لیکن میڈیا کو اپنا وقار و اعتبار باقی رکھنے کی ضرورت ہے آج میڈیا اسلام اور مسلمانوں کے خلاف مضبوط ہتھیار کے طور پر استعمال ہورہا ہے ۔ 
ان خیالات کا اظہار بین الاقوامی تعلیمی شخصیت اور جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی ممبئی کے صدر شیخ ارشد مختار محمدی نے معروف سماجی کارکن الحاج ذوالفقار انور کی رہائش گاہ پر منعقد مذاکرۂ علمیہ کے دوران کیا، اس موقع پر موصوف کے ہاتھوں ممتاز اور معتبر صحافی سہیل انجم کی کتاب ’’میڈیا روپ اوربہروپ‘‘ کے جدید اضافہ شدہ چوتھے ایڈیشن کی رسم اجراء بھی عمل میں آئی جسے مکتبہ الفہیم مؤ نے نہایت معیاری انداز میں شائع کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صحافی اور میڈیا سے وابستہ افراد احتیاط کے دامن کو ہاتھ سے نہ جانے دیں ، صحافی اپنے قلم کو جراح کے نشتر کی طرح استعمال کریں جلاد کے چھرے کی طرح نہیں۔میڈیا بے ہودگی ، فحاشی اور بے حیائی کو فروغ دے رہا ہے۔ ہندوستانی سماج میں جہاں روحانیت کا غلبہ رہا ہے اور تہذیب و شائستگی یہاں کی سنسکرتی کا حصہ رہی ہے حکومت کو چاہئے کہ فحاشی اور اباحیت کو فروغ دینے والے چینلوں پر قدغن لگائے۔ ممبئی کے معروف تاجر الحاج عبدالقیوم کوڈیا نے کہا کہ معتبر صحافی سہیل انجم نے میڈیا روپ اور بہروپ میں معروضی انداز میں نہایت غیر جانبداری سے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کا محاسبہ کیا ہے جس سے میڈیا کی پوری ذہنیت بے نقاب ہوجاتی ہے، انگریزی اور ہندی کے نیوز چینلوں کے ساتھ ساتھ اخبارات کی روش اور رویہ پر بھی خاص انداز سے نظر ڈالی ہے۔ یہ کتاب نہ صرف صحافت سے وابستہ افراد اور یونیورسٹیوں کے طلباء صحافت کے لئے بلکہ دینی مدارس کے طلبہ اور عام افراد کے لئے مشعل راہ اور بے حد مفید ہے۔ اس اہم کتاب کو عام کرنا وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے ۔جمعیت اہل حدیث مؤ کے جنرل سکریٹری مولوی سرفراز احمد فیضی نے کہا کہ میڈیا محض خبروں کی ترسیل کا ذریعہ نہیں بلکہ اس کے ذریعہ ذہن سازی بھی کی جاتی ہے میڈیا کے ذریعہ جہاں ایک طرف علم و تحقیق کا ذریعہ بیدار کیا جاتا ہے۔ وہیں دوسری طرف تہذیب و ثقافت پر اسی سے حملے بھی ہوتے ہیں۔ میدان جنگ سے پہلے میدان صحافت جیتا یا ہارا جاتا ہے۔ تہذیبی، ثقافتی اور نفسیاتی جنگ کی منصوبہ بندی فوجی ماہرین کے بجائے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ماہرین کرتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ پر یہودی کنٹرول اور غلبہ کے اثر سے انسانی و اخلاقی قدریں اور روایات یکسر بدل گئی ہیں۔ ہر چیز کا پیمانہ بدل گیا ہے اعلیٰ انسانی اقدار اور محاسن اخلاق کو رذائل اور قبیح خصائل اور بری عادات کو اعلیٰ انسانی قدروں کا نام دیا جانے لگا اسی طرح نام نہاد اسلامی دہشت گردی بھی صہیونی دماغ کی اختراع ہے جس کا یہودی اور عالمی میڈیا اور ایجنسیوں نے اتنے زور و شور سے پروپیگنڈہ کیا کہ موجودہ دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ بن گیا۔ 
انھوں نے کہا کہ عصر حاضر میں میڈیا میں مسلمانوں کی نمائندگی اور حصہ داری میں ہم جس قدر تاخیر کریں گے اسی قدر فریضہ دعوت و تبلیغ کی ادائیگی میں ہم پیچھے رہ جائیں گے ہمیں اردو اخبارات کو فروغ دینا چاہئے ،سردست ہمارے پاس ہمارے پیغامات کی ترسیل کا یہی اردو اخبارات ہی ذریعہ ہیں ہمیں ان کو اتنا مضبوط بنانا چاہئے کہ وہ ہماری ایک طاقتور اور مستحکم آواز بن جائیں اور ان کے ذریعہ اٹھائے جانے والے مسائل پر حکومت توجہ دینے پر مجبور ہوجائے ، انھوں نے مسلم گھرانوں میں اردو اخبارات کی خریداری کو وقت کی ضرورت اور میڈیا میں جزوی حصہ داری قرار دیا۔ اس تقریب میں جمعیت اہل حدیث مؤ کے امیر مولانا سہیل احمد مدنی، سابق امیر مولانا ضیاء الحسن سلفی، معروف سماجی کارکن الحاج ذوالفقار انور، ادارہ اصلاح المساجد کے رفیق شیخ عبدالصمد ، الحاج صلاح الدین، مجلہ البلاغ کے نائب مدیر مولانا اسماعیل رافعی محمدی،مولانا عبد الوکیل ندوی، ارشد جمال الکا، راشد اخلاق، علی ظفر، حماد فہیم، ماسٹر فہد خورشید، شاہد جمال، راشد جمال، محمد زید ضیاء وغیرہ شریک تھے۔ 


اترکھنڈ اورنواحی علاقوں میں زلزلہ 

چمولی ۔ 02 اپریل (فکروخبر/ذرائع) ریاست اترکھنڈ کے ضلع چمولی میں جمعرات کی صبح درمیانے درجہ کا زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ذرائع ابلاغ نے بھارتی محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر آنند شرما کے حوالے سے بتایا کہ زلزلہ کی شدت 5.1 درجہ تھی۔ چمولی ضلع کی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ زلزلہ سے کسی قسم کے کوئی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔


سونیا گاندھی بارے ریمارکس پر احتجاج کرنے والے کانگریس کے کارکن گرفتار 

نئی دہلی ۔ 02 اپریل (فکروخبر/ذرائع) مرکزی وزیر گری راج سنگھ کے سونیا گاندھی بارے ریمارکس پر احتجاج کرنے والے کانگرس کے کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق 30 کے قریب افراد جمعرات کی صبح ساڑھے نو بجے نئی دہلی میں وتھال بھائی پٹیل ہاؤس کے سامنے جمع ہوئے۔ انہوں نے پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے گری راج سنگھ کے خلاف نعرے بھی لگائے اور وزیراعظم نریندر مودی سے گری راج سنگھ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ جوائنٹ کمشنر پولیس ایم کے مینا کے مطابق کانگرسی کارکنوں کی طرف سے مزید ایسے مظاہروں کے خدشہ کے پیش نظر انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ گری راج سنگھ نے چند روز قبل پٹنہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر راجیو گاندھی نے کسی سیاہ فام افریقی سے شادی کی ہوتی تو ان کے خیال میں کانگرس اسے سربراہ کے طور پر کبھی قبول نہ کرتی۔ گری راج سنگھ نے بعد ازاں اس تبصرے پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا