English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل : دونوجوانوں کی موت پرعلی پبلک اسکول اور مسجد ابوبکر صدیق میں تعزیتی جلسہ

share with us

بھٹکل 23؍اپریل2024(فکروخبرنیوز) گذشتہ دنوں شہر کے مضافاتی علاقہ سوڑی گیدے میں دو نوجوانوں کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کا صدمہ پورے شہر والوں کا ہے۔ اچانک موت سے ان کے گھر والوں پر کیا بیتی ہے اس کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔ لیکن اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کے لیے بڑی خوشخبریاں دیں ہیں اور اللہ کی رحمتیں صابرین پر نازل ہوتی ہیں اور یہ لوگ ہدایت یافتہ لوگوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔

مولوی کاشف اور انعام اللہ کی موت سے جو صدمہ ان کے گھروالوں کوپہنچا ہے اس کو بیان کرنا مشکل ہے۔ دونوں مرحومین آپس میں خالہ زاد بھائی تھے ، تفریح کے لیے ساحلِ سمندر گیے ہوئے تھے کہ اجل آگئی اور اپنے پیچھے سینکڑوں سوگواروں کو چھوڑتے ہوئے داعی اجل کو لبیک کہا۔

مولوی کاشف دار العلوم ندوۃ العملماء میں اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے تھے تو انعام اللہ عسکری علی پبلک اسکول بھٹکل میں نویں جماعت میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد دسویں جماعت میں جانے کی تیاری کررہے تھے۔

ان کے انتقال پرملال پر آج علی پبلک اسکول بھٹکل میں تعزیتی جلسہ کا انعقاد کیا گیا جس میں علی پبلک اسکول کے روحِ رواں مولانا محمد الیاس ندوی ، مرحوم انعام اللہ کے والدِ محترم مولانا نعمت اللہ عسکری، مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد ندوی ، سابق مہتمم جامعہ مولانا فاروق ندوی ، مولانا مفتی عبدالنورندوی ،  مولانا عبداللہ شریح ندوی اور دیگر اساتذہ نے مرحوم کے تعلق سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ان کی صفات کو بیان کرتے ہوئے طلبہ کو بھی ایسے اخلاق سے مزین ہونے ، اللہ کی احکامات پابندی کرنے اور والدین کے فرمانبردار بن کر زندگی گذارنے کی نصیحت کی۔ اس پروگرام کی نظامت مولانا سید احمد ایاد ندوی نے انجام دی۔

کل رات مسجد ابوبکر صدیق جامعہ آباد روڈ میں بھی بعد عشاء ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں مرحوم کے والدِ محترم مولانا نعمت اللہ صاحب نے اپنے بیٹے کی صفاتِ عالیہ کا تذکرہ کیا اور اس چھوٹی عمر میں بھی نمازوں اور قرآن پاک کی تلاوت کی پابندی ، اسی طرح والدین کی خدمت اور بڑوں کا ادب جیسے بہت سی خوبیوں کا تذکرہ کیا۔ اسی طرح مولانا احمد بائیدہ ندوی  ، مولانا عبداللہ شریح ندوی ، مولانا رحمت اللہ ندوی اور دیگر نے مرحومین کے تعلق سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کی مغفرت فرمائے ، ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے والدین اور متعلقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا