English   /   Kannada   /   Nawayathi

مدرسہ سن شائن اسپورٹس سینٹر بھٹکل کی طرف سے استقبال رمضان و ثقافتی پروگرام

share with us

بھٹکل 09؍مارچ 2024 (فکروخبرنیوز) مؤرخہ 7 مارچ 2024 مطابق 25 شعبان المعظم 1445 بروز جمعرات شبینہ مکتب مدرسہ سن شائن اسپورٹس سینٹر بھٹکل کی طالبات کا  مستورات کے لیے ڈھائی بجے استقبال رمضان و طالبات کا ثقافتی پروگرام کے عنوان پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مدرسہ کی جملہ 50 طالبات نے مختلف پروگرام پیش کئے بطور خاص ادعیہ ماثورہ، احادیث مع ترجمہ اور قرآن مجید کی تلاوت کے مختلف چھوٹی  سورتیں ننھی منی طالبات نے زبانی بہترین انداز میں سنائی اور رمضان کے تعلق سے ایکشن نظم پیش کی اور ننھی سی طالبہ نے اسمائے حسنی ایک بڑے ہی اچھے انداز سے زبانی فر فر پڑھ کر سنایا۔ مدرسہ کی بڑی طالبات نے اسراف و فضول خرچی کے موضوع پرزندگی کے مختلف شعبوں میں اعتدال و میانہ روی اختیارکرنے کی تعلیم دیتے ہوئے بہترین مکالمہ پیش کیا جس کی حاضرین نے خوب سراہنا کی۔ اس موقع پر جامعات الصالحات کی دو مؤقر معلمات نے استقبال رمضان اور قرآن مجید کے تعلق سے مستورات سے خطاب کرتے ہوئے رمضان کی صحیح قدر کرنے اور اللہ سے اپنے تعلق کو مضبوط کرتے ہوئے اپنے گناہوں سے توبہ و استغفار پر زور دیا۔ مدرسہ کی معلمہ محترمہ نزھت صاحبہ نے استقبالیہ کلمات پیش کئے اور محترمہ شائستہ صاحبہ نے مہمانوں کا تعارف اور صدر مدرسہ محترمہ حافظہ قدسیہ کولا صاحبہ نے مدرسہ کا تعارف  اور کلمات تشکر پیش کیا۔ واضح رہے کہ جلسہ کی نظامت حافظہ شاذیہ مصباح صاحبہ نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی ۔محترمہ نسیمہ آپا کی رقت آمیز دعا کے ساتھ جلسہ اختتام کو پہنچا۔

پروگرام کی دوسری کڑی رات ٹھیک نو بجے استقبال رمضان کے عنوان پر شہر کے معزز علماء کرام کے خطابات پر مبنی تھی جن میں قابل ذکر مہمان خصوصی قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عالم اسلام کے جو حالات ہیں اور خصوصا فلسطین کے ان مظلوم بچے بوڑھے عورتیں اور جوان جن حالات کا سامنا کر رہے ہیں وہ ہم سب کے سامنے ہیں۔ ہمیں خصوصاً اس رمضان میں ان کے حق میں دعائیں کرنا ہے وہ جس عظیم مقصد کے لیے یہ قربانیاں دے رہے ہیں وہ دراصل پوری امت کا مسئلہ ہے مسجد اقصی کی حفاظت کی ذمہ داری صرف فلسطین کے مسلمانوں کی نہیں  بلکہ پوری امت کی ذمہ داری ہے۔ آج ہماری نئی نسل اس کی عظمت و حرمت سے واقف بھی نہیں ہے۔

علاوہ ازیں ایک اور مہمان خصوصی استاد دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو مولانا ابوبکر صدیق خطیبی ندوی نے بھی رمضان کے مہینے کی صحیح قدر کرنے پر زور دیا اور کہا رمضان صبر کا مغفرت کا اور عفو و درگزر کا مہینہ ہے۔

استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالاحد فکردے ندوی نے نوجوان کے اندر بیداری پیدا کرنے اور ان کو اپنے فرض منصبی سمجھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے قومی و ملی اداروں میں نوجوان کو ساتھ لے کر کام کرنے پر زور دیا۔ جلسہ کی صدارت کررہے صدر سن شائن اسپورٹس سینٹر بھٹکل جناب محتشم ہاشم برنی صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں علماء کرام کی نصیحتوں پر عمل کرنے ترغیب دی۔ علاوہ ازین امام قاضیا مسجد مولانا شعیب ندوی صاحب نے پروگرام کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی۔ اس دوران سن شائن کے طلبہ نے رمضان کے تعلق سے معاشرے میں پھیلی  خرابیوں کی نشادہی کرتے ہوئے اسلامی مکالمے پیش کیے ۔ مولوی احمد صدیق ندوی اور مولوی عبدالحفیظ نے نظامت کی ذمہ داری بخوبی انجام دی مولانا ابوبکر صدیق ندوی کی دعائیہ کلمات پر جلسہ ٹھیک 11 بجے اختتام کو پہنچا۔ تمام طلبہ و طالبات کو سن شائن اسپورٹس سینٹر کی طرف سے انعامات سے نوازا گیا۔ دونوں نشستوں میں تواضع کا بہترین نظم کیا گیا تھا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا