English   /   Kannada   /   Nawayathi

گیان واپی مسجد کے دیگر تہہ خانوں کیلئے بھی پٹیشن

share with us

گیان واپی مسجد  کے ایک تہہ خانہ میں پوجا پاٹھ کی ا جازت  ملنے کے بعد ہندو فریق کے حوصلے  بلند ہوگئے ہیں۔ اس معاملے کی کلیدی مدعی راکھی سنگھ نے ضلع عدالت میں ایک اور عرضی داخل کرکے کمپلیکس کے باقی تہہ خانوں  کے سروے کی بھی اپیل داخل کی ہے جسے کورٹ  نے سماعت کیلئے منظور کرلیاہے۔اس پر پیر کو شنوائی ہونی ہے۔ 
ریاستی حکومت اور ضلع مجسٹریٹ کوبھی فریق بنایا گیا
اپنی عرضی کے ساتھ تہہ خانوں کا نقشہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے ریاستی حکومت، انجمن انتظامیہ مساجد، ضلع  مجسٹریٹ کے ساتھ ساتھ وشوناتھ مندر ٹرسٹ کو بھی مدعا علیہ بنایا ہے۔شرنگار گوری معاملہ کی کلیدی مدعی اور وشو وَیدک سَنگھ کی عہدیدارراکھی سنگھ نے  مسجد کمپلیکس میں واقع باقی تہہ خانوں کے سروے کی مانگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان تہہ خانوں کا پہلے سروے نہیں ہوپایا ہے، اس لئے عمارت کی مذہبی حیثیت طے کرنے کیلئے یہ ضروری  ہے۔راکھی نے اپنے وکلاسوربھ تیواری ، انوپم دویدی اور مان بہادر سنگھ توسط سے  یہ پٹیشن داخل کی  ہے۔ 
۲؍تہہ خانوں کے سروے کی مانگ
 پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ شمال میں ۵؍اور جنوب میں ؍  تہہ خانے ہیں جن میں سے شمال کے ایک (این۔۱)اور جنوب کے ایک تہہ خانہ (ایس۔۱) کی جانچ نہیں ہوپائی ہے، جس کااے ایس آئی کی رپورٹ میں بھی ذکر ہے۔ عرضی کے مطابق، ان تہہ خانوں کواینٹ  اور پتھر سے بند کردیا گیاہے،اس لئے ان کا سروے نہیں ہوپایا ۔راکھی نے اپنی عرضی میں یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ گیان مسجد کمپلیکس ان تہہ خانوں پر نہیں ٹکا ہے، اس لئے دوران سروے اس عمارت کو نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ نہیں ہے۔عرضی گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وہ اے ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت دے کہ وہ جی پی آر اور دیگرسائنسی تکنیک سے سروے کریں۔
پوجا کے خلاف اپیل پر سماعت ملتوی
   اس دوران اسی معاملے سے  ۴؍ دیگر مقدمات  پر پیر کو   الگ الگ عدالتوں میںسماعت ہوئی۔ ان میں  مسجد کے تہہ خانہ میں پوجا کی اجازت دینے کے فیصلے کے خلاف داخل کی گئی عرضی بھی شامل ہے۔   اس کی سماعت ۱۸؍فروری  تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔ انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی کے ایڈووکیٹ  نے ضلع عدالت میں عرضی دی ہےکہ  پوجا پاٹھ کی اجازت کے ۳۱؍جنوری کے  فیصلے پر روک لگائی جائے اور مسجد فریق کو اپنا موقف پیش کرنے کیلئے  ۱۵؍ دنوں  کا  وقت دیا جائے۔ انجمن انتظامیہ مسجد کی شکایت ہے کہ اس کا موقف سنے بغیر ضلع جج نے یکطرفہ سماعت کرکے تہہ خانہ میں پوجا کی اجازت دیدی  ہے۔  پیر کو ضلع جج کی غیر موجودگی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج   کی عدالت میں مسلم فریق کی عرضی پر سماعت ہوئی۔ مندر فریق نے اعتراض  کیا کہ جب ہائی کورٹ  میں شنوائی ہو رہی ہے تو یہاں اسی پر سماعت نہیں ہونی چاہئے۔ عدالت نے ا س دلیل پر شنوائی کی تاریخ ۱۸؍فروری مقرر کردی ہے۔ 
مسجد میں بھی پوجا کی اجازت کا مطالبہ
اسی طرح گیان واپی مسجد کمپلیکس میں مسجد کے فوارے جسے ہندو فریق ’’شیولنگ‘‘قراردیتا ہے، کی  پوجا  کی ا جازت والی پٹیشن پر سول جج سینئر ڈویژن کی عدالت میں شنوائی ہوئی۔فاسٹ ٹریک کورٹ نے اس پر کل بھی شنوائی کا فیصلہ کیا ہے۔ عرضی گزار مسجد کے حوض  میں مبینہ شیولنگ کی پوجا کی اجازت مانگ رہاہے۔
اسی طرح گیان واپی مسجد سے متعلق ۱۹۹۱ءمیں دائر کئے گئے ’’بھگوان آدی وشویشور‘‘اور اس سے جڑے ۷؍ مقدموں جن میں شرنگار گوری معاملہ بھی شامل ہے، کی سماعت ایک ساتھ کرنے کی درخواست پر ضلع عدالت میں شنوائی  کی اور اگلی سماعت کیلئے ۱۵؍فروری کی تاریخ مقرر کی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا