English   /   Kannada   /   Nawayathi

رسوئی گیس کی قیمتوں میں ۲۰۰ روپئے کی کمی ، وزیراعظم نے قراردیا تحفہ ، کھرگے بولے ۹ سال کے گناہ

share with us

وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی آج میٹنگ ہوئی جس میں ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت 200 روپے کم کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ اس فیصلے کو کانگریس نے انتخاب سے جوڑا ہے اور مرکزی حکومت کو طنز کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس صدر کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ہے کہ ’’جب ووٹ لگے گھٹنے تو انتخابی تحفے لگے بٹنے! عوام کی محنت کی کمائی لوٹنے والی بے رحم مودی حکومت اب ماؤں-بہنوں سے دکھاوٹی ہمدردی ظاہر کر رہی ہے۔‘‘

کھڑگے نے اپنے پوسٹ میں مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ساڑھے نو سالوں تک 400 روپے کا ایل پی جی سلنڈر 1100 روپے میں فروخت کر عام آدمی کی زندگی تباہ کرتے رہے، تب کسی تحفہ کی یاد کیوں نہیں آئی؟ بی جے پی حکومت یہ جان لے کہ 140 کروڑ ہندوستانی کو ساڑھے نو سال تڑپانے کے بعد انتخابی لالی پاپ تھمانے سے کام نہیں چلے گا۔ آپ کی ایک دہائی کے گناہ اس طرح دھلنے والے نہیں۔‘‘

کھڑگے نے اپنے پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’بی جے پی کی کمرتوڑ مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لیے کانگریس پارٹی پہلی بار کئی ریاستوں میں غریبوں کے لیے صرف 500 روپے کا سلنڈر کرنے والی ہے۔ کئی ریاستوں مثلاً راجستھان اسے نافذ بھی کر چکے ہیں۔ مودی حکومت یہ جان لے کہ 2024 میں ملک کی پریشان عوام کے غصے کو 200 روپے کی سبسیڈی سے کم نہیں کیا جا سکتا۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں ’’اپوزیشن اتحاد اِنڈیا سے خوف اچھا ہے مودی جی! عوام نے ذہن تیار کر لیا ہے۔ مہنگائی کو شکست دینے کے لیے بی جے پی کو ایگزٹ ڈور دکھانا ہی واحد متبادل ہے۔‘‘

دوسری طرف کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے بھی ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 200 روپے کم کیے جانے کے بعد مودی حکومت پر طنز کے تیر چلائے ہیں اور اپنے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’یہ قصہ ہے ’ڈیموکرسی‘ کا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وہ لکھتے ہیں کہ ’’وزیر اعظم مودی نے رسوئی گیس کی قیمتوں میں اچانک سے کٹوتی کر دی ہے۔ لیکن ایسا ابھی ہی کیوں کیا گیا، آپ پوچھ سکتے ہیں؟‘‘

جئے رام رمیش اس پوسٹ میں آگے لکھتے ہیں ’’یہ قصہ ہے ’ڈیموکرسی‘ کا... کرناٹک میں بی جے پی کی شکست- ایل پی جی کی اونچی قیمت انتخاب کے اہم ایشوز میں سے ایک تھی۔ دو مہینوں میں (اپوزیشن اتحاد) اِنڈیا کی دو بے حد کامیاب میٹنگیں اور تیسری اگلے دو دنوں میں ہونے والی ہے۔ کرناٹک میں کانگریس حکومت نے 100 دنوں میں اپنی 5 گارنٹی نافذ کر دی ہے۔ راجستھان میں کانگریس حکومت 500 روپے میں ایل پی جی سلنڈر دے رہی ہے۔ لوگوں کا شاندار رد عمل مل رہا ہے، کیونکہ وہ بی جے پی کی بدتر حکمرانی سے پریشان تھے۔‘‘ کانگریس لیڈر نے مزید لکھا ہے کہ ’’5 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات سے تین ماہ قبل، جہاں بی جے پی یقینی طور سے ہارنے جا رہی ہے، اور لوک سبھا انتخاب سے چھ ماہ قبل بی جے پی واقعی میں تنکے کا سہارا لے رہی ہے۔ آنے والے مہینوں میں ایسے ’تحائف‘ کی امید ہے کیونکہ وزیر اعظم اپنی کرسی سے چپکے رہنے کے لیے مزید بے چین نظر آ رہے ہیں۔‘‘

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا