English   /   Kannada   /   Nawayathi

قومی ترانے کی تعظیم میں کھڑا نہ ہونے پر بارہ کشمیری گرفتار !

share with us

سرینگر: جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ماہ سرینگر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران قومی ترانہ گائے جانے کے دوران کھڑے نہ ہونے پر تقریباً ایک درجن افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ جون میں منعقدہ اس تقریب میں جموں و کشمیر کے کئی سینئر افسران بشمول لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شرکت کی تھی۔ جموں و کشمیر پولیس کے ایک سینئر افسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا، "کچھ پولیس اہلکاروں کو بھی ڈیوٹی کے دوران غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے پر معطل کیا گیا ہے کیونکہ وہ اس بات کو یقینی بنانے میں ناکام رہے کہ ترانہ گائے جانے کے دوران ہر کوئی کھڑا ہو جائے"۔

انہوں نے مزید کہا کہ "'پیڈل فار پیس' سائیکلنگ ایونٹ کی اختتامی تقریب کے دوران، کچھ شرکاء پر کھڑے نہ ہونے کا الزام ہے۔ جموں و کشمیر پولیس نے 25 جون کو اس تقریب کی میزبانی کی تھی۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے قومی ترانے کی توہین کا سنگین نوٹس لینے کے بعد مبینہ خلاف ورزی کے بعد تحقیقات شروع کی ہے۔ اس ضمن میں عینی شاہدین بھی موجود تھے، جن سے اس بات کا ثبوت ملا۔" افسر نے کہا کہ سیکشن 107 اور 151 سی آر پی سی کے تحت بارہ افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، یہ دونوں سیکشن پولیس کو یہ حق دیتے ہیں کہ وہ کسی کو گرفتار کر سکتا ہے۔"

واضح رہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے تقریب کے دوران ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو اعزاز سے نوازا اور ان کے جوش، لگن اور جذبے کے لیے اظہار تشکر کیا۔ اس سال ' پیڈل فار پیس ' میں 8 ڈویژن میں 2557 سائیکل سواروں نے حصہ لیا تھا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ "جموں و کشمیر انتظامیہ کا اہم اثاثہ نوجوان نسل کا ایک مقصد اور ایک ہی عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا جوش اور لگن ہے۔ پوری قوم کو ہمارے نوجوانوں پر فخر ہے کہ انہوں نے اپنے جوش و جذبے کو آگے بڑھایا۔ جموں و کشمیر یو ٹی انٹرپرائز، انوویشن اور ایجاد کی جگہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ "پیڈل فار پیس امن، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے، اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ ہمارے نوجوان ان کھیلوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں جو ان کے پاس پہلے سے موجود ہیں، انہیں بہترین کارکردگی کے مواقع فراہم کیے جائیں، اور ان کی خصوصی خوبیوں کو گنایا جائے۔" لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ، دیگر شرکاء میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر، محکمۂ داخلہ کے اے سی ایس آر کے گوئل، ڈی جی پی دلباغ سنگھ، اور اے ڈی جی پی جے اینڈ کے آرمڈ پولیس کے ایس جے ایم گیلانی شامل تھے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا