English   /   Kannada   /   Nawayathi

بی کے سی امریکن اسکول حملہ معاملہ : استغاثہ نے حتمی بحث شروع کی، روزانہ کی بنیاد پر مقدمہ کی سماعت ہونے کے امکانات

share with us


ممبئی :20؍ جولائی 2022(فکروخبرنیوز/پریس ریلیز) ممبئی کے مشہور تجارتی خطہ باندرہ کرلا کمپلیکس (BKC)میں واقع امریکن اسکول میں دھماکہ کرنے کی مبینہ سازش رچنے کے  الزامات کے تحت گرفتا ر ملزم انیس انصاری کے مقدمہ میں آج ممبئی سیشن عدالت نے حتمی بحث کی سماعت شروع کردی ہے، اس مقدمہ میں تین ماہ قبل ہی گواہی مکمل ہوگئی تھی لیکن اچانک جج کے تبادلے کی وجہ سے سماعت التوا ء کا شکار تھی جس کے بعد پرنسپل جج سٹی سول اینڈ سیشن عدالت سے رجوع کیا گیا جس نے انیس انصاری کے مقدمہ کو معزز جج اے اے جوگلیکر کے پاس بھیج دیا اور انہیں حکم دیا کہ اس مقدمہ کی بقیہ سماعت جلداز جلد مکمل کی جائے۔
آج خصوصی وکیل استغاثہ مدھوکر دلوی نے حتمی بحث شروع کی جو نا مکمل رہی جس کے بعد عدالت کارروائی کل تک ملتوی کردی۔ وکیل استغاثہ کی بحث مکمل ہونے کے بعد ملزم کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے وکیل شریف شیخ بحث کریں گے۔
اس مقدمہ میں استغاثہ نے کل 25 / گواہوں کو عدالت میں گواہی کے لیئے پیش کیا جس میں چیف تفتیشی افسر، فارینسک سائنس لیباریٹری ایکسپرٹ، ٹیکنیکل ایکسپرٹ، پنچ گواہان، ملزم انیس انصاری کے ساتھ اس کی کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین و دیگر شامل ہیں۔
ملزم انیس انصاری کو 18/ اکتوبر2014  کوگرفتار کیا گیا تھا، ملزم کی ضمانت پر رہائی کے لیئے جمعیۃ علماء نے نچلی عدالت سے لیکر سپریم کورٹ تک کوشش کی لیکن عدالت نے اسے ضمانت پر رہا کرنے سے انکار کردیا وہیں مقدمہ کی سماعت جلد از جلد مکمل کیئے جانے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ ملزم انیس انصاری جو پیشہ سے ایک سافٹ وئیر انجینئر ہے اور گرفتاری سے قبل غیر ملکی کمپنی برسر روزگار تھا کو مہاراشٹر انسداد دہشت گرد دستہ ATSنے  18/ اکتوبر2014کو اس الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا کہ وہ جہادی سرگرمیوں میں ملوث ہے اور وہ مشہور شوشل نیٹورکنگ سائٹ فیس بک پر کسی غیر ملکی سے رابطہ میں تھا اور دونوں نے  ممبئی میں غیر ملکیوں کو قتل کرنے اور باندرہ کرلا کمپلیکس میں واقع امریکن اسکول میں بم دھماکہ کرنے کی سازش کررہے تھے۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا