English   /   Kannada   /   Nawayathi

جامعہ رحمانی مونگیر میں ختم بخاری شریف کا اجلاس اختتام پذیر : ہر کسی کے لیے اپنے دل اور نیت کی اصلاح کرنا ضروری: امیر شریعت

share with us

جامعہ رحمانی مونگیر میں ختم بخاری شریف کا اجلاس اختتام پذیر


مونگیر 7/ مارچ 2022ء (پریس ریلیز)جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر میں ختم بخاری شریف کا اجلاس اتوار کو دن میں بحسن وخوبی اختتام پذیر ہوگیا، جامعہ رحمانی کے سرپرست امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر نے طلبہ کو بخاری شریف کی آخری حدیث کے پڑھنے پڑھانے اور روایت بیان کرنے کی اجازت مرحمت فرمائی، اس سال جامعہ رحمانی میں ۶۶/ طلبہ تھے۔
اس موقعہ پر حاضرین اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے، حضرت امیر شریعت نے فرمایا کہ ہم سب اہنے اندر اخلاص نیت پیدا کریں، جب تک دل صاف نہیں ہوگا اور خلوص کے ساتھ کاموں کو نہیں کرسکیں گے، سب کام بیکار ہے، اللہ کے دربار میں اسے قبولیت تب ہی ملے گی، جب اس میں اخلاص کا سرمایہ ہوگا، انہوں نے طلبہ عزیز سے کہا کہ علم کے کئی مراحل ہیں، تذکر، تفہیم، تحلیل اور تجزیہ، آپ ان مرحلوں سے گذر کر یہاں تک آئے ہیں، اس لیے آپ پوری صلاحیت کے ساتھ میدان عمل میں جائیں، اور جو آپ نے سیکھا ہے، اسے لوگوں تک پہونچائیں، آخری حدیث کا درس دیتے ہوئے سجادہ نشیں نے کہا کہ امام بخاری نے حدیث کے ذریعہ یہ ہمیں سمجھایا ہے کہ اللہ کا ذکر ہمیشہ کرتے رہیں، خدا کی یاد سے ہرگز غافل نہ ہوں، اللہ کے دربار میں اخلاص کے ساتھ کیا ہؤا تھوڑا عمل بھی بڑا ہوتا ہے، ذکر کے الفاظ بولنے میں چھوٹے اور ہلکے ہیں، مگر قیامت کے دن اعمال میں بڑے وزنی ہوں گے، انہوں نے کہا کہ یہ حدیث بتاتی ہے کہ قیامت ہوگی، اور حساب وکتاب سے گذرنا ہوگا، اس لیے آخرت کی تیاری کے لیے ہم پورے طور پر کمر بستہ ہوجائیں۔
اس سے قبل جامعہ رحمانی کے شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی محمد اظہر صاحب مظاہری نے کہا کہ بخاری شریف جس کتاب کو آج ہم ختم کررہے ہیں، علم وتحقیق کی دنیا میں اس کا ایک مقام ہے، امام بخاری نے بڑے اہتمام کے ساتھ لاکھوں حدیثوں میں سے اس کا انتخاب کیا ہے، جس طرح امام بخاری نے علم حدیث کی وقعت کو بڑھایا، آپ طلبہ بھی اس کی شان بلند کرتے رہیں۔ جناب مولانا عبد السبحان صاحب رحمانی نے طلبہ سے علوم دینیہ پر عمل کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی وکامرانی کے لیے ضروری ہے کہ آپ عمل کے میدان میں سرگرم رہیں، او ر پوری جوابدہی کے ساتھ دین کی خدمت کریں۔ جناب مولانا جمیل احمد صاحب مظاہری نے کہا کہ بعض لوگوں نے حدیث شریف کا انکار کیا ہے، ماضی بعید میں بھی ایک گروہ تھا، قریب کے دنوں میں بھی ایک طبقہ گذراہے، اور اب بھی اس کے ہم خیال موجود ہیں، ہمیں ایسے لوگوں سے ہوشیار رہنا چاہئے۔ جناب مولانا عبد الدیان صاحب رحمانی نے کہا کہ حدیث شریف کے بغیر دین کو نہیں سمجھا جاسکتا، قرآن کی تشریح حدیث سے کی گئی ہے، اس لیے قرآن وحدیث دونوں پر چل کر ہمیں اپنی زندگی گذارنی چاہئے۔
اجلاس کی نظامت جناب مولانا محمد خالد صاحب رحمانی نے کی اور ابتدائیہ بھی پیش کیا، اجلاس کا آغاز جناب قاری خورشید اکرم صاحب کی تلاوت سے ہؤا، مولانا منظر قاسمی رحمانی نے نعت سنا کر سامعین کو محظوظ کیا، دورہ حدیث کے طلبہ کی طرف سے نیاز احمد رحمانی متعلم جامعہ رحمانی نے منظوم الوداعیہ پیش کیا۔
                                           مرسل
                                       محمد عارف رحمانی 
                                    جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا