English   /   Kannada   /   Nawayathi

 پاسپورٹ گم یا چوری ہو گیا ہے جس پر امارات کا اقامہ ویزا لگا ہے تو انہیں کیا کرنا ہوگا؟

share with us

 

متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ ’بیرون ملک گئے ہوئے ایسے غیر ملکی جن کا پاسپورٹ گم یا چوری ہو گیا ہے جس پر امارات کا اقامہ ویزا لگا ہے تو انہیں امارات واپسی کے لیے سفارتخانے یا قونصلیٹ سے نیا اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔‘

الامارات الیوم کے مطابق امارات میں ای گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ ’امارات میں مقیم کسی غیر ملکی کا سفر کے دوران پاسپورٹ گم ہو جائے تو اسے پاسپورٹ کی گمشدگی کی اطلاع کے لیے اپنے ملک میں مطلوبہ کارروائی اور نئے پاسپورٹ کے اجرا کی درخواست دینا ہوگی۔‘

اگر امارات میں مقیم کوئی غیرملکی کسی اور ملک گیا ہوا ہو اور وہاں اس کا پاسپورٹ گم ہو جائے تو ایسی صورت میں اسے اس ملک میں اپنے سفارتخانے سے رابطہ کر کے پاسپورٹ کی گمشدگی کی رپورٹ اور نئے پاسپورٹ کے اجرا کی کارروائی کرنا ہوگی۔

اماراتی ای گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ ’لندن میں اماراتی سفارتخانے کی ویب سائٹ پر اماراتی اقامہ ہولڈرز کے حوالے سے یہ ہدایت کی گئی ہے کہ اگر غیر ملکیوں کا امارات میں موجودگی کے دوران ان کا پاسپورٹ گم ہوجائے تو وہ امارات واپس آنے کے لیے اجازت نامہ حاصل کریں۔‘

اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے مطلوبہ دستاویزات اور کاغذات پیش کرنا ہوں گے۔

امیدوار کے دستخط کے ساتھ اجازت نامہ فارم پُر کرنا ہوگا۔

فارم میں پرانے پاسپورٹ کی فوٹو کاپی، نئے پاسپورٹ کی فوٹو کاپی، پاسپورٹ سائز فوٹو، امارات میں اقامہ ویزے کی فوٹو کاپی، مقیم غیرملکی کے لیے امارات کی جانب سے جاری کردہ شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی، سپانسر کا خط جس میں اس مقیم غیرملکی کے کوائف، صحت، چوری یا گمشدگی سے متعلق معلومات درج کی گئی ہوں۔

اس ملک میں جہاں پاسپورٹ گم ہوا ہے امارات کے سفارتخانے یا قونصلیٹ سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

اگر مقیم غیر ملکی امارات میں مقیم ہو اور اس کا پاسپورٹ امارات میں گم ہوجائے تو ایسی صورت میں اسے نئے پاسپورٹ کے اجرا اور نئے پاسپورٹ پر اقامہ ویزا کے اندراج کی درخواست دینا ہوگی۔

گمشدہ پاسپورٹ کسی نابالغ کا ہو تو ایسی صورت میں اس کے سرپرست کو پولیس سٹیشن میں پاسپورٹ کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرانا ہوگی۔

گمشدہ پاسپورٹ امارات میں کسی کمپنی کے زیر کفالت کام کرنے والے غیرملکی کا ہو تو ایسی صورت میں اسے امارات میں اپنی رہائش سے متصل پولیس سٹیشن کو پاسپورٹ گمشدگی کی درخواست دینا ہوگی۔

پولیس کے نام مکتوب، کمپنی کے نام و پتے والے لیٹر ہیڈ پر یہ درخواست ہونا ضروری ہے۔ پولیس کو کمپنی کے تجارتی لائسنس اور کمپنی کے کارڈ کی فوٹو کاپی بھی پیش کرنا ہوگی۔

اگر گمشدہ پاسپورٹ کسی ایسے شخص کا ہو جو اس کے خاندان کی کفالت میں ہو تو اسے پاسپورٹ کی گمشدگی کا خط کفیل کے دستخط اور کفیل کے پاسپورٹ کی فوٹو کاپی منسلک کرکے پیش کرنا ہوگا۔

دبئی میں مقیم غیرملکیوں کے حوالے سے پاسپورٹ کی گمشدگی کی کارروائی دبئی کی عدالتوں اور غیرملکیوں کے امور اوراقامہ انتظامیہ کے یہاں کرانا ہوگی۔

 

Urdu News

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا