English   /   Kannada   /   Nawayathi

عمان میں تباہی : سمندری طوفان سے لینڈ سلائیڈنگ، بچے سمیت 4 ہلاکتیں

share with us

04اکتوبر2021(فکروخبر/ذرائع)عمان میں شاہین نامی سمندری طوفان کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں میں ایک بچے سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عمان میں 120 سے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے لگیں اور تیز بارشیں بھی جاری ہیں جبکہ مختلف حادثات میں ایک بچے سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو حکام کا کہنا تھا کہ دو ہلاکتیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہوئیں جبکہ بچے کی ہلاکت فلیش فلڈ کے نتیجے میں ہوئی۔

تقریباً 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ طوفان کو عمان کے شمالی ساحل سے شام کو گزرنا تھا۔

طوفان کی وجہ سے پروازیں معطل ہوئیں جبکہ اسکولز بند کیے گئے۔ سلطنت کے دارالحکومت مسقط میں گاڑیاں گہرے پانی میں پھنسی ہوئی تھیں، جبکہ سڑکیں خالی پائی گئیں۔

ملک کے خلیجی پڑوسی متحدہ عرب امارات میں حکام کا کہنا تھا کہ وہاں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔ عمان کی قومی کمیٹی برائے ایمرجنسی مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ مسقط صوبے کے روسیل انڈسٹریل ایریا میں ایک گھر پر لینڈسلائیڈنگ کے بعد امدادی ٹیموں نے وہاں سے دو آدمیوں کی لاشیں نکالیں۔

کمیٹی نے مزید بتایا کہ اس ہی صوبے میں فلیش فلڈ کے نتیجے میں ایک بچہ ہلاک ہوا جبکہ ایک شخص لاپتہ ہے۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق مسقط سے آنے اور جانے والی کچھ پروازوں کو معطل کردیا گیا تھا تاکہ خطرات سے بچا جاسکے۔

ملک کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ کسی بھی نشیبی سطح پر واقع علاقے یا وادی میں جانے سے گریز کریں۔ عمان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ’موسم کی خراب صورتحال کے باعث‘ ملک میں حکام نے اتوار اور پیر کی عام تعطیل کا اعلان کرکے اسکولوں کو بند کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ خلیج میں مہلک طوفان وقتاً فوقاً آتے رہتے ہیں۔ مئی 2018 میں سمندری طوفان میکونو نے جنوبی عمان اور یمنی جزیرے سکوترا میں تباہی مچائی تھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تاہم سمندری طوفان شاہین سے نمٹنے کی تیاری متحدہ عرب امارات میں بھی کی جا رہی ہے۔ حکام نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ ساحل اور نچلی سطح پر واقع علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔

عمان : سمندری طوفان

سنیچر کو متحدہ عرب امارات کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا تھا کہ ’ہم سب کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ متعلقہ حکام ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

ابوظبی میڈیا آفس کے مطابق عمان کی سرحد کر قریب واقع شہر العین میں تمام تعمیراتی کام منگل تک روک دیے گئے ہیں، جبکہ پیر اور منگل کو بچے گھر سے کلاسز میں شرکت کریں گے۔

 

ذرائع:اے ار وائے اردو نیوز سروس

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا