English   /   Kannada   /   Nawayathi

مسلمانوں کی عزت اور کامیابی دین سے وابستگی میں پوشیدہ ہے!

share with us

 

لونا واڑہ گجرات میں جلسہ عام سے مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی کا خطاب

: 29 ستمبر2021(فکروخبر/پریس ریلیز)مورخہ۲۷؍ستمبر  ۲۰۲۱؁ء بروز پیر کومصطفی مسجد لونا واڑہ (گجرات )میں صبح ۱۰؍بجے علمائے کرام کی ایک مخصوص نشست رکھی گئی، جس میں آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے شرکت کی اور علمائے کرام سے خطاب کیا،انہوںنے کہا کہ علماء کو یہ فخر حاصل ہے وہ انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام کے وارث کہلاتے ہیں ،اس لیے ان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے میں ایمان کی روشنی کو پھیلانے اور شرک و کفر کی تاریکی کو مٹانے کی جدو جہد کریں،موجودہ حالات میں جب کہ لوگ بے دینی بلکہ گمراہی کا شکار ہورہے ہیں اور غلط قسم کے عقائد میں مبتلا ہورہے ہیں ،حضرات علمائے کرام کا یہ فریضہ ہے کہ وہ لوگوں کے دین و ایمان کے تحفظ کی فکر کریںاور ان کو بے دینی اور گمراہی سے بچانے کی کوشش کریں،موصوف نے کہا کہ ہر علاقے کے علمائے کرام کومل جل کرملک کے موجودہ نازک حالات کے سلسلے میں مشورہ کرنا چاہیے اور پھر باہمی جدو جہد کے ذریعے منظم انداز میں عام مسلمانوں کی رہنمائی کا فریضہ انجام دینا چاہیے،اسی کے ساتھ تمام تر اصلاحی کوششوں اور دینی کاموںکا اصل مقصد اللہ کی رضا کا حصول ہونا چاہیے،اس لیے کہ کوئی بھی کوشش اس وقت کامیاب ہوتی ہے جب اس کا مقصد اللہ کی رضا حاصل کرنا ہو۔اس پروگرام میں کافی تعداد میں مقامی علمائے کرام اور ائمہ مساجد شریک ہوئے،جن میں حضرت مولانا حفظ الرحمن صاحب ،(شیخ الحدیث دارالعلوم لونا واڑہ) حافظ محمد یوسف صاحب ،(مہتمم دارالعلوم لونا واڑہ) جناب مفتی انوار احمد صاحب (صدر مفتی دارالعلوم لونا واڑہ)جناب مولانا عبدا للہ صاحب اور جناب مولانا ساجد صاحب قابل ذکر ہیں۔

بعد نماز ظہر خواتین کے لیے ایک علاحدہ نشست رکھی گئی،جس میںتقریباً دو ہزار خواتین اسلام نے شرکت کی،یہاں بھی مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب کا خطاب ہوا جس میں انہوںنے شرم وحیاء اور پاکدامنی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ وہی خاتون اللہ کی نگاہ میں پسندیدہ ہے جو حیاء اور پاکدامنی کے ساتھ زندگی گزارتی ہے،آپ نے حضرت آسیہؓ اور مختلف صحابیات کی سیرت کی روشنی میں خواتین کو نصیحت کی کہ وہ ان کے جیسی زندگی گزارنے کی کوشش کریںاور  حالات اور فتنوں کا شکار نہ ہوں بلکہ اپنے ایمان پر مضبوطی سے قائم رہیںاسی کے ساتھ اپنے گھر والوں کے ایمان کی سلامتی کی بھی فکر کریں،مولانا محترم نے فرائض کے ساتھ ساتھ سنتوں کے اہتمام ،اپنے بچوں کی دینی تربیت اور اسی کے ساتھ گناہوں اور بدعات سے اجتناب کی بھی تاکید کی اور کہا کہ خواتین اپنے گھر کے پورے ماحول کو دینداری اور محبت والا بنانے کی کوشش کریں۔

عصر کی نماز کے بعد مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب گجرات کے پچانوے سالہ قدیم ادارہ دارالعلوم لونا واڑہ پہنچے جہاں انہوں نے طلبہ سے خطاب فرمایا اور ان کو قیمتی نصیحتیں کیں،مولانا نے فرمایا کہ اللہ نے آپ کو علم دین کے حصول کے لیے منتخب فرمایاہے، یہ آپ پر اللہ کا بڑا انعام ہے،لہذا آپ علم دین حاصل کرنے لیے غیر معمولی محنت کریں،اپنے اوقات کی بھر پور حفاظت کریں،جس شخص کو کامیابی کی تلاش ہوتی ہے وہ راتوں کو جاگ کر محنت کرتا ہے اور جسے قیمتی موتیوں کی طلب ہوتی ہے وہ سمندر کی گہرائی میں اترتا ہے ۔مولانا نے طلبہ سے یہ بھی کہا کہ ملک کے حالات انتہائی تشویش ناک ہوچکے ہیں ،روز انہ نئے نئے چیلنجز سامنے آرہے ہیں، اس لیے آپ ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے اندر بھر پور علمی صلاحیت پیدا کریں اور دین کے تحفظ کے لیے اپنے آپ کو تیار کریں۔

اسی روزمغرب کی نمازکے بعد جامع مسجد(لوناواڑہ) میں ایک عمومی جلسہ حضرت مولانا حفظ الرحمن صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی،اس جلسے میں مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب مقرر خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے اور فکر انگیز تفصیلی خطاب فرمایا،انہوں نے کہا کہ انسان دنیا میں مختصر زندگی لے کر آیا ہے،وہ نہ اپنی مرضی سے آیا ہے اور نہ اپنی مرضی سے جائے گا ،اس لیے اسے درمیان کے وقفے میں اپنی مرضی کے بجائے اللہ کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنا چاہیے،اسی میں کامیابی پوشیدہ ہے،انہوںنے کہا کہ مسلمان عبادات کے ساتھ ساتھ معاملات اور معاشرت میں بھی اسلامی احکام کی پاسداری کریں،بطور خاص تاجر حضرات سچائی اور امانت داری کو اختیار کریں،زیادہ مال حاصل کرنے کے لیے جھوٹ اور دھوکہ کا سہارا نہ لیں، اسی طرح نوجوان سادگی کے ساتھ سنت طریقے پر نکاح کریںاور بیجا رسوم ورواج سے گریز کریں،اپنے خطاب کے اخیر میں مولانا محترم نے کہا کہ مسلمان ملک کے موجودہ حالات میں مایوس ہونے کے بجائے ہمت اور حوصلے کے ساتھ اپنے دین پر قائم رہیں اور مختلف میدانوں میں اپنی صلاحیتوں اور وسائل کا استعمال کرتے ہوئے اسلام اور مسلمانوں کی سر بلندی کا ذریعہ بنیں،اور اس بات کا یقین رکھیں کہ اگر ہمارا ایمان مکمل ہے اور اعمال اچھے ہیں تو اللہ ضرور ہمیں عزت اور غلبہ عطا کریںگے۔اس جلسے میں حضرت مولانا حفظ الرحمن صاحب اور دیگر اکابر علمائے کرام اسٹیج پر موجود تھے جب کہ بہت سارے مقامی علمائے کرام نے بھی شرکت کی ۔مولانا محترم کی دعا پر اس جلسے کا اختتام ہوا ۔نظامت کے فرائض مولانا محمد خالد صاحب(استاذ دارالعلوم لونا واڑہ)نے انجام دیئے۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا