English   /   Kannada   /   Nawayathi

3 لوک سبھا اور 30 اسمبلی سیٹوں پرالیکشن کی تاریخوں کا اعلان

share with us

نئی دہلی: 28 ستمبر2021(فکروخبر/ذرائع) الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں 3 لوک سبھا اور 30 اسمبلی سیٹوں پر 30 اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ کمیشن کے مطابق ان انتخابی حلقوں میں ووٹ شماری 2 نومبر کو کرائی جائے گی۔ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے بعد یہ سب سے بڑا انتخابی عمل ہوگا۔ اس سے قبل 30 ستمبر کو کولکاتا کی بھوانی پور سیٹ پر اسمبلی کا ضمنی انتخاب ہو رہا ہے۔ یہ انتخابات بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے لئے اہم ہے۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی خود انتخابی میدان میں ہیں۔ بنگال میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے دوران ممتا بنرجی نے نندی گرام سے الیکشن لڑا تھا، لیکن وہ بی جے پی امیدوار شوبھندو ادھیکاری سے ہار گئی تھیں۔ وزیر اعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہنے کے لئے ان کا 6 ماہ کے اندر اسمبلی کا رکن منتخب ہونا لازمی ہے۔

الیکشن کمیشن نے اطلاع فراہم کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں دادر نگر حویلی اور دمن و دیو میں انتخابات ہونے ہیں۔ اس کے علاوہ مدھیہ پردیش اور ہماچل پردیش میں ایک ایک سیٹ پر انتخابات ہونے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مختلف ریاستوں کی 30 اسمبلی نشستوں پر بھی ضمنی انتخابات ہوں گے۔ آندھرا پردیش کی بڑویل، آسام کی گوسائیں گاؤں، بھبانی پور، تامل پور، ماریانی، تھورا اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔ بہار کی کشیشور اور تاراپور سیٹوں پر بھی ضمنی انتخابات ہوں گے جبکہ ہریانہ کی ایلن آباد اسمبلی سیٹ پر بھی ووٹنگ ہوگی۔

اس کے علاوہ ہماچل پردیش میں فتح پور اور آرکی، جوبائی کوٹ کھائی نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ کرناٹک کی سندھگی اور ہنگل نشستوں کے لیے ووٹنگ 30 اکتوبر کو ہوگی۔ مدھیہ پردیش میں پرتھوی پور، رائے گاؤں اور جوباٹ سیٹ پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔ مہاراشٹر کی ایک اور میگھالیہ کی تین نشستوں پر بھی ووٹ ڈالے جائیں گے۔ راجستھان کی ولبھ گڑھ، دھاریواڑ سیٹ پر ووٹنگ ہوگی۔ بنگال کی دن ہاٹا، سانتی پور، کھرداہا اور گوسابہ نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔ ان علاقوں کے لیے نوٹیفکیشن یکم اکتوبر کو جاری کیا جائے گا، نامزدگی کی آخری تاریخ 8 اکتوبر ہوگی۔

الیکشن کمیشن کورونا کیسز کے پیش نظر ان نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کو طویل عرصے سے ملتوی کر رہا ہے۔ تاہم، اب ملک میں کورونا کے کیسز 20 ہزار سے کم ہیں، جبکہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران یہ تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا