English   /   Kannada   /   Nawayathi

اب بارہ سال سے زائد عمر والے بچوں کے لئے بھی ویکسین تیار

share with us

نئی دہلی:یکم جولائی 2021(فکروخبرنیوز/ذرائع) مایہ ناز دواساز کمپنی ’زائیڈس-کیڈیلا‘ نے ’زائی کوو-ڈی‘ نامی ویکسین کو متعارف کرانے کے لئے جمعرات کے روز ایمرجنسی یوز اتھارٹی (ای یو اے) سے منظوری طلب کی ہے۔ این ڈی ٹی وی نے ذرائع کے حوالہ سے رپورٹ دی ہے کہ کمپنی نے ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا (ڈی سی جی آئی) سے درخواست کی ہے، جس میں اس نے 12 سال اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں کے لئے اپنے ٹیکے کے ہنگامی طور پر استعمال کے لئے منظوری طلب کی ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ٹیکے کی تیسرے مرحلہ کی آزمائش مکمل کر لی گئی ہے۔

زائیڈس کیڈیلا کی تیار کردہ زائی کوو - ڈی ایسی ویکسین ہے جو وائرس کے اس حصہ کے جینیٹک کوڈ سے آراستہ ہے جو جسم کی قوت مدافعت کو فروغ دیتا ہے۔ اگر اس ویکسین کو منظوری مل جاتی ہے تو یہ ہندوستان کی دوسری دیسی ساختہ اور کورونا کے خلاف دنیا کی پہلی ڈی این اے ویکسین ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق، اس سے قبل ایک سرکاری ذرائع نے کہا تھا کہ ’’زائیڈس کیڈیلا نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ اگلے سات سے آٹھ دنوں میں زائی کوو ڈی ویکسین کے حوالہ سے ایمرجنسی یوز اتھارٹی کے لئے درخواست پیش کر سکتی ہے۔‘‘ اس سے قبل 18 جولائی کو نیتی آیوگ کے رکن (صحت) ڈاکٹر وی کے پال نے اے این آئی کو بتایا تھا کہ زائیڈس کیڈیلا نے اپنے تیسرے مرحلہ کی آزمائش کے لئے 28 ہزار سے زیادہ رضاکاروں کا اندراج کیا ہے۔

خیال رہے کہ ہندوستان میں تاحال کورونا کے تین ٹیکوں کو منظوری فراہم کی گئی ہے، جن میں سے کوویکسین کو بھارت بایوٹیک، کووی شیلڈ کو سیرم انسٹی ٹیوٹ (ایسٹرازینیکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ) کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔ جبکہ تیسری ویکسین روس کی تیار کردہ اسپوتنک وی ہے، جسے ہندوستان میں منظوری فراہم کی گئی ہے۔

زائی کوو - ڈی تین خوراک والا ٹیکہ ہے جسے ایک خوراک لینے کے 28 دن اور 56 ویں دن لیا جاتا ہے۔ حالانکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ دو خوراکوں والے ٹیکہ پر بھی کام کر رہی ہے۔ زائی کوو - ڈی کو مدت طویل تک استعمال کرنے کے لئے 2 سے 8 ڈگری سیلسیس اور قلیل مدت میں استعمال کرنے کے لئے 25 ڈگری سیلسیس کے درجہ حرارت پر رکھا جا سکتا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا