English   /   Kannada   /   Nawayathi

امریکی اور روسی صدر چند ماہ کی تلخی کے بعد کریں گے ملاقات

share with us

ماسکو/ واشنگٹن:27مئی2021 (فکروخبر/ذرائع) امریکی صدر جوبائیڈن اور روسی صدر اگلے ماہ کی 16 تاریخ کو جنیوا میں ہونے والی سربراہ اجلاس میں ملاقات کریں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات پر آمادگی ظاہر کردی جس کے بعد امریکی اور روسی حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکا کے نئے صدر جوبائیڈن اور صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان پہلی ملاقات جنیوا میں 16 جون کو ہوگی۔

جو بائیڈن صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے بین الاقوامی دورے کا آغاز کر رہے ہیں۔ جی -7  اجلاس، نیٹو اور یورپی یونین میں اپنے اہم مغربی حلیفوں کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں کے بعد وہ جنیوا جائیں گے جہاں روسی صدر سے ملاقات کریں گے۔

دونوں سربراہان کے درمیان ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔ امریکا روس پر انتخابات میں مداخلت کا بارہا الزام عائد کر چکا ہے جب کہ نئے امریکی صدر نے بھی روس کے مبینہ سائبر حملوں پر احتجاج کیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک علاقائی تنازعات کے حل، تعلقات میں استحکام اور کورونا وبا پر تبادلہ خیال کریں گے جب کہ کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی اور روسی سربراہان کے درمیان کئی برسوں سے روبرو ملاقات نہ ہونے سے تناؤ میں اضافہ ہوا اس لیے اب ملاقات ضروری ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدارتی الیکشن میں جوبائیڈن کے فتح کے باوجود روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ایک انٹرویو میں جوبائیڈن کو مبارک باد دینے گریز کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک اپوزیشن سمیت تمام حلقے انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کرلیتے وہ نئے صدر کو مبارکباد نہیں دیں گے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا