English   /   Kannada   /   Nawayathi

حضرت امیر شریعت مولانا محمد ولی رحمانی کی رحلت ملت اسلامیہ کے لیے عظیم سانحہ ہے

share with us

 

 

حضرت مولانا محمد ولی رحمانی اپنی ذات میں ایک انجمن تھے

 

:03اپریل(فکروخبرنیوز/ذرائع)آج دوپہر کو یہ خبر غم اثر پوری ملت اسلامیہ ہندیہ پر بجلی بن کر گری کہ آل انڈیامسلم پر سنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولاناسید محمد ولی صاحب رحمانی رحمۃ اللہ علیہ مختصر علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے۔ انا للہ واناالیہ ِ راجعون

حضرت مولاناسید محمد ولی صاحب رحمانی عظیم عالم دین ، صاحب نسبت بزرگ اور آل انڈیا مسلم پر سنل لا بورڈ کے متحرک اور فعال جنرل سکریٹری تھے، انہوں نے مشکل سے مشکل گھڑی میں ملت اسلامیہ کی صحیح رہبری و رہنمائی کافریضہ انجام دیا، آل انڈیامسلم پر سنل لا بورڈ کے قیام سے لے کر اب تک انہوں نے بورڈ کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں، ان کی رحلت بورڈ کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے، انہوں نے نہ صرف یہ کہ بورڈ کے پلیٹ فارم سے بلکہ امارت شرعیہ بہار ،اڑیسہ ،جھا ر کھنڈ اور دوسرے متعدد دینی اور ملی اداروں کے ذریعے پوری ملت کو فیض پہونچایا ہے، ان کا نام اور کام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اور ان کے چھوڑے ہوئے نقوش وخطوط پر ملت اسلامیہ کی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا، بورڈ آنے والے دنوں میں ان شاء اللہ اسی طرح مضبوطی اور استحکام کے ساتھ خدمت انجام دیتارہے گا جس طرح حضرت مرحوم کی سربراہی میں انجام دیتارہا ہے۔

امیرشریعت مولانا محمد ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ آل انڈیامسلم پر سنل لا بورڈ کی تاسیس کے وقت سے اس میں شریک تھے، حضرت مولانا منت اللہ رحمانی کی وفات کے بعد اس کے سکریٹری منتخب ہوئے ، اور حضرت مولاناسید نظام الدین صاحب کی وفات کے بعد بہ اتفاق رائے جنرل سکریٹری کی حیثیت سے ا ن کا انتخاب عمل میں آیا، ان کا یہ دور ہندوستان کے موجودہ حالات کی وجہ سے بہت ہی شورش اور آزمائش کادور تھا،انہوں نے تدبر ،حوصلہ مندی اور جرأت کے ساتھ ان حالات کا سامنا کیا،اور ملت کے سفینہ کی ناخدائی کرتے رہے۔انہوں نے قضاء کے نظام کو ملک کے چپہ چپہ میں پھیلایا ،اصلاح معاشرہ کی کوششوں کو ایک تحریک بنادیا، قانون شریعت کی تفہیم کی کوششوں کو فروغ دیا اور ہر کام میں اپنے رفقاء کو ساتھ رکھا، وہ امارت شرعیہ بہار اڑیسہ جھار کھنڈ کے ساتویں امیر شریعت منتخب ہوئے اور مختصر وقت میں اس کے تمام شعبوں کو منظم اور منضبط کرنے کی کامیاب جدوجہد فرمائی، عصری تعلیم کے میدان میں رحمانی ۳۰کے ذریعہ انہوں نے جو خدمت انجام دی ہے وہ ایک بڑا اور مثالی کارنامہ ہے۔

یقینا ان کی وفات پوری ملت اسلامیہ کے لیے نہایت غم انگیز واقعہ ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ حضرت مولانا کی مغفرت فرمائے ،ان کے درجات بلند فرمائے او ران کو اعلیٰ علیین میں جگہ دے۔

 

منجانب : صدرواراکین آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا