English   /   Kannada   /   Nawayathi

مولانا محمد ولی رحمانی (جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ )انتقال کر گئے

share with us

نئی دہلی:03اپریل(فکروخبرنیوز/ذرائع) ہندوستان کے معروف عالم دین مولانا محمد ولی رحمانی ہفتہ کے روز انتقال کر گئے۔ مولانا گذشتہ کئی دنوں سے سخت علیل تھے اور کورونا سے بھی متاثر ہو گئے تھے۔ مولانا ولی رحمانی امیر شریعت اور خانقاہ رحمانی مونگیر کے روح رواں تھے۔ ان کی نمازہ جنازہ مونگیر میں ادا کی جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق مولانا ولی رحمانی کا انتقال 3 اپریل کو 2 بج کر 50 منٹ پر ہوا اور ان کی عمر 77 سال تھی۔ ان کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے انہیں داخل اسپتال کیا گیا تھا۔ وہ شروع سے آئی سی یو میں داخل تھے ، تاہم ان کی طبیعت زیادہ خراب ہوتی گئی۔

مولانا محمد ولی رحمانی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری اور امارت شرعیہ بہار، اڑیسہ، جھارکھنڈ کے امیر شریعت تھے۔ ان کا شمار ہندوستانی مسلمانوں کے قدرآور لیڈران میں ہوتا تھا۔ مولانا کی پیدائش 5 جون 1943 کو ہوئی تھی۔

مولانا ولی رحمانی اس وقت آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ رحمانی 30 کے بانی بھی ہیں، یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں عصری تعلیم کے متعدد شعبوں میں معیاری اعلی تعلیم و قومی مقابلاجاتی امتحانات کے لئے طلباء کو تیار کیا جاتا ہے۔ اس ادارے سے ہر سال نیٹ اور جے ای ایس میں 100 سے زائد طلباء منتخب ہوتے ہیں۔

ان کے انتقال سے نہ صرف مسلم پرسنل لاء بورڈ اور امارت شرعیہ اور کئی دیگر ادارے جن کی وہ سرپرستی فرما رہے تھے، متاثر ہوں گے بلکہ یہ پوری امت کا بہت بڑا خسارہ ہے۔ وہ ذی استعداد عالم دین اور حالات پر گہری نظر رکھنے والے تھے۔ وہ شروع سے ہی مسلمانوں کی اصلاح اور ان کی حالت کو بہتر بنانے میں پیش پیش تھے اور اپنے والد مولانا منت اللہ رحمانی کے زمانے سے دونوں اداروں سے گہری وابستگی رکھتے تھے۔

ان کے انتقال سے ایک بڑا خلا پیدا ہوا ہے۔ خاص طور پر بہار کی سرزمین کے لئے ان کی رحلت ناقابل تلافی نقصان ہے۔

وہ ملک کے تمام طبقہ ہائے فکر کے لیے یکساں محترم تھے۔ ان کی شخصیت سب کے لیے قابل قدر اور خاص کر مسلمانوں کے درمیان مرد میداں کے طور پر کافی مقبول تھے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا