English   /   Kannada   /   Nawayathi

کسان تحریک: ٹریکٹر مارچ کو لے کر سپریم کورٹ نے حکومت کو لگائی پھٹکار، سماعت بدھ تک ملتوی

share with us

:18 جنوری2021(فکروخبرنیوز/ذرائع)کسان تنظیمیں 26 جنوری کو ٹریکٹر مارچ نکالنے کے لیے پرعزم ہیں، جب کہ مرکز کی مودی حکومت چاہتی ہے کہ سپریم کورٹ یوم جمہوریہ کے موقع پر کوئی بھی مارچ یا پریڈ کرنے سے کسان مظاہرین کو روکیں۔ اس سلسلے میں آج سماعت شروع ہوئی، لیکن عدالت عظمیٰ نے حکومت کو پھٹکار لگاتے ہوئے سماعت بدھ یعنی 20 جنوری تک کے لیے ملتوی کر دی۔

آج سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا کہ دہلی میں کسے داخل ہونا ہے اور کسے نہیں، اس سلسلے میں حکومت کو فیصلہ لینا چاہیے۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے نے مرکزی حکومت کے وکیل اٹارنی جنرل سے سخت لہجے میں پوچھا کہ ’’کیا سپریم کورٹ کو حکومت کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ آپ کے پاس قانون کے تحت طاقت ہے؟‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’معاملہ پولس کا ہے، ہم اس پر فیصلہ نہیں لیں گے۔ ہم فی الحال معاملہ ملتوی کر رہے ہیں اور اب اس معاملے کی سماعت پرسوں ہوگی۔‘‘

دراصل چیف جسٹس آف انڈیا ایس اے بوبڈے آج دو الگ ججوں کے ساتھ بیٹھے تھے، اس لیے انھوں نے واضح کیا کہ ’’ہم سماعت اسی بنچ میں کریں گے جس نے اس معاملے میں پہلے سماعت کی۔‘‘ علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے کہا کہ ہماری مداخلت کو غلط سمجھا گیا ہے۔

عدالت عظمیٰ کے ذریعہ کسانوں کو دہلی میں داخل ہونے جیسے معاملوں پر انتظامیہ کو فیصلہ لینے کے لیے کہے جانے پر کسانوں میں خوشی کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سپریم کورٹ میں آج ہوئی سماعت کو کچھ کسان لیڈران اپنی فتح قرار دے رہے ہیں۔ کسان لیڈر ستنام سنگھ پنّو کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا ٹریکٹر ریلی کے معاملے میں مداخلت نہ کرنا کسانوں کی جیت ہے۔ پولس اور مرکزی حکومت اس مسئلہ پر کسانوں سے بات کرے، ہم پرامن طریقے سے اپنی ریلی نکالیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم اپنی ریلی سے یوم جمہوریہ کی پریڈ کو متاثر نہیں کریں گے، ہم الگ علاقے میں اپنی ریلی نکالیں گے۔ اگر پولس روکتی ہے تو بھی ہم ٹریکٹر ریلی نکالیں گے۔‘‘

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا