English   /   Kannada   /   Nawayathi

دُبئی میں تمام پبلک پارکس اور ہوٹلوں کے بیچز کھول دیئے گئے

share with us

دُبئی:13مئی 2020(فکروخبر/ذرائع) دُبئی میں کئی ہفتوں کی بندش کے بعد تمام پبلک پارکس اور ہوٹلوں کے بیچز کھول دیئے گئے ہیں، جس پرگھروں میں محصور اور تفریح کو ترسے افراد خصوصاً بچوں نے بہت خوشی کا اظہار کیا ہے۔ تاہم انتظامیہ کی طرف سے تاکید کی گئی ہے کہ پبلک پارکس میں کسی بھی ایک جگہ پر زیادہ سے زیادہ پانچ افراد اکٹھے ہو سکتے ہیں، اس سے زیادہ کے اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔
البتہ سوئمنگ پولز، فٹنس سنٹرز، جِم، کڈز کلبز اور سپا پر پابندی برقرار رہے گی۔ دوسری جانب سپریم کمیٹی آف کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے شاپنگ مالز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس میں فٹنگ رومز استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے، اس کے علاوہ لوگ اپنا سامان واپس کروانے بھی جا سکتے ہیں یا سامان کے بدلے رقم واپس بھی لے سکتے ہیں۔
البتہ شاپنگ مالز اور دیگر آؤٹ لیٹس کو کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کی سختی سے پابندی کرنی ہو گی۔
جبکہ ٹرامز، بحری ٹرانسپورٹ (دُبئی فیری اور واٹر ٹیکسیاں) روایتی اور غیر روایتی ابراز اور کار شیئرنگ سروسز کوبھی اجازت دے دی گئی ہے تاہم ان تمام ٹرانسپورٹ سروسز کو دُبئی روڈز اینڈ اتھارٹی کی کی جانب سے مقرر کردہ نظام الاوقات کی مکمل پابندی کرنا ہو گی۔ اسی طرح کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کی صرف کھُلے مقامات پر اجازت ہو گی، مگر ان سرگرمیوں میں بھی پانچ سے زائد افراد حصّہ نہیں لے سکتے۔
ان سپورٹس میں سائیکلنگ، واٹر سپورٹس اور سکائی ڈائیونگ شامل ہیں۔ ان سپورٹس سرگرمیوں کے دوران بھی مقامی اور وفاقی حکام کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی و حفاظتی تدابیر کی مکمل طور پر پابندی کرنا ہو گی۔ تاکہ کورونا وائرس کی وبا کو مزید پھیلنے سے روک کر لوگوں کی زندگیوں اور صحت کو محفوظ تر بنایا جا سکے۔ واضح رہے کہ اماراتی حکومت کی جانب سے تمام کاروباری مراکز کے لیے سرکاری طور پر سرکلر جاری کیا گیا ہے کہ مرکزی دروازوں پر تھرمل سکیننگ کیمرے نصب کرنے لازمی ہوں گے جس سے داخل ہونے والے ہر شخص کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کیا جائے گا۔
جن افراد کا درجہ حرارت 38 سینٹی گریڈ سے زائد ہو گا، انہیں تجارتی مرکز میں داخل ہونے سے روک دیا جائے گا۔شاپنگ مالز دوپہر سے رات 9بجے تک کھُلیں رہیں گے۔ کوئی بھی گاہک کسی شاپنگ مال میں تین گھنٹے سے زائد نہیں ٹھہر سکے گا، شاپنگ مال میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہو گا اور انٹری کے مقام پر ہر شخص کا تھرمل سکینر سے جسمانی درجہ حرارت چیک کیا جائے گا۔
شاپنگ مال میں رش کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس مقصد کے لیے کسی بھی شاپنگ مال میں ایک وقت میں کُل گنجائش کے صرف 30 فیصد افراد کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ شاپنگ مالز میں 60 سال سے زائد عمر کے معمر افراد اور 3 سے 12 سال کے بچوں کو داخلی کی اجازت نہیں ہو گی۔ شاپنگ مال میں موجود تمام افراد کو آپس میں کم از کم دو میٹر کا فاصلہ رکھنا ہو گا۔ مالز میں کار پارکنگ کی 75 فیصد جگہ بند ہو گی، والٹ پارکنگ کی اجازت نہیں ہو گی۔
رش سے بچنے کے لیے شاپنگ مالز کو تمام داخلی اور خارجی دروازے کھُلے رکھنے ہوں گے۔ تمام دُکانوں کے عملے کو گاہک کو ہر شے دکھانے کے بعداسے سینیٹائز کرنا لازمی ہو گا۔شاپنگ مال میں داخلے کے وقت اگر کسی گاہک میں سکریننگ کے دوران کورونا کی مشتبہ علامات یا تیز بخار کی کیفیت پائی جائے تو اس کے لیے ہر شاپنگ مال کو ایک الگ سے احاطہ مختص کرنا ہو گا۔ شاپنگ مالز میں موجود ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس پر بھی اصل گنجائش کے صرف 30 فیصد گاہکوں کو بٹھایا جائے گا۔ تمام ٹیبلز کے درمیان دو میٹر کا فاصلہ لازمی ہو گا۔ گاہکوں کو کھانے پینے کا سامان ڈسپوزیبل برتنوں میں دیا جائے۔ جبکہ فرش اور ٹیبلز کی سطح کو ہر گاہک کے استعمال کے بعد 75 فیصد الکوحل سے صاف کیا جائے گا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا