English   /   Kannada   /   Nawayathi

کیا عمان میں ہزاروں غیر ملکیوں کی نوکریاں خطرہ میں ہے ؟ جانئے کیا ہے حقیقت!

share with us

مسقط30 اپریل 2020(فکروخبر/ذرائع ) عمانی حکومت نے پبلک سیکٹر کی فرمز سے ہزاروں غیر مُلکیوں کو فارغ کرنے کا ارادہ کر لیا ہے۔ عمانی وزارت خزانہ کی جانب سے پبلک سیکٹر کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جولائی 2021ء تک اپنے تمام چھوٹے بڑے عہدوں پر تعینات غیر مُلکی ملازمین کو نوکریوں سے ہٹا دیں اور ان کی جگہ مقامی افراد کو تعینات کیا جائے۔

اس فیصلے کا اطلاق مینجمنٹ کے عہدوں پر فائز تارکین وطن پر بھی ہو گا۔ اس فیصلے کا مقصد زیادہ سے زیادہ بے روزگار عمانی افراد کو نوکریاں فراہم کرنا ہے۔ اس لحاظ سے پبلک سیکٹر میں کام کرنے والے غیر ملکی ملازمین کے پاس اگلے سال جولائی تک کی ہی مہلت بچی ہے۔ تاہم امکان ہے کہ زیادہ تر اداروں کی جانب سے اگلے دو چار ماہ میں ہی بہت سے غیر ملکی ملازمین کو گھر بھیج دیا جائے گا۔

وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ ابھی بھی نیم سرکاری اداروں میں غیر مُلکیوں کی بڑی گنتی بڑے عہدوں پر فائز ہے۔ عمان کی 46 لاکھ کی آبادی میں سے غیر ملکیوں کی شرح 40 فیصد ہے ، جو کہ تقریباً 18 لاکھ کے لگ بھگ بنتی ہے۔ ان غیر ملکیوں نے عمان کی ترقی میں کئی دہائیوں تک اپنا کردار ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ عمانی حکومت نے چند ماہ پہلے یہ خبر سُنائی تھی کہ مملکت میں سیلز اور پرچیز کے شعبوں میں کام کرنے والے لاکھوں غیر مْلکیوں کے ویزوں کی مْدت میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

اْنہیں اپنے ویزے کی معیاد ختم ہونے کے بعد وطن واپسی کا ٹکٹ کٹوانا ہو گا اور پھر عمان میں واپس آنے کے لیے دوبارہ ویزوں پر سے پابندی ہٹنے کا انتظار کرنا ہو گا۔ عمان کی حکومت نے گزشتہ دو سالوں سے نجی اداروں کے لیے غیر مْلکی ملازمین کے ویزے جاری کرنے پر پابندی عائد کررکھی ہے۔ اور ہر چھ ماہ بعد اس مْدت میں توسیع کر دی جاتی ہے۔ پہلی بار عمانی حکومت نے جنوری 2018ء میں 90 کے قریب پیشوں میں غیر ملکیوں کے لیے ویزہ جاری کرنے پر 6 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔

یکم جنوری 2020ء سے بھی عمان نے غیر مْلکیوں کے لیے ویزوں پر عائد پابندی میں مزید چھ ماہ کا اضافہ کر دیا تھا۔اس طرح یہ پابندی 30 جْون2020ء تک موٴثر رہے گی۔ اس کے بعد عمانی حکومت کی مرضی ہوئی تو پابندی کی مْدت میں مزید توسیع کی جا سکتی ہے۔ عمان میں گزشتہ کچھ عرصے سے عمانائزیشن کی پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے جس کے تحت مملکت کے بہت سارے شعبوں میں غیر ملکیوں کو ملازمتوں سے ہٹا کر ان کی جگہ مقامی افراد کو بھرتی کیا جا رہا ہے۔

اس اقدام کا مقصد عمانی افراد میں بے روزگاری کی شرح کو کم کرنا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق عمان میں موجودافرادی قوت کا 71 فیصد غیر ملکی افراد پر مشتمل ہے جبکہ مقامی افراد کی گنتی محض 29 فیصد ہے۔ غیر ملکیوں پر پابندی کے بعد عمان میں غیر ملکی اور مقامی افراد کے مابین آبادی کا عدم توازن بھی اب کافی حد تک کم ہو چکا ہے۔مملکت میں غیر مْلکی افراد کی تعداد 17 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا