English   /   Kannada   /   Nawayathi

 نیورک ہوائی اڈے پرطیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ، سیکڑوں پروازیں متاثر

share with us


نیو جرسی:30جون2019(فکروخبر/ذرائع)امریکا کی ریاست نیو جرسی میں واقع شہر نیورک کے نیورک لبرٹی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک مسافر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد ”ایمرجنسی“ نافذ کردی گئی جس کی وجہ سے تمام پروازوں کی آمد ورفت ایک گھنٹے تک معطل رہی ہے۔اس کے بعد اس ہوائی اڈے پر سارا دن تمام معمول کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں یا ان میں سے بعض کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ہوائی اڈے نے مقامی وقت کے مطابق ہفتے کی صبح ایک ٹویٹ میں کہا کہ ”نیورک ائیر پورٹ پر ایمرجنسی کی وجہ سے کوئی پرواز یہاں آ رہی ہے اور نہ یہاں سے کوئی اڑان بھر رہی ہے“۔حکام کے مطابق اس ہوائی اڈے پر سیکڑوں پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔شام ساڑھے چار بجے تک 180 پروازوں کی روانگی میں تاخیرہوئی تھی اور 60 کو منسوخ کرنا پڑا تھا۔نیورک لبرٹی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر صبح ساڑھے آٹھ بجے کے قریب یونائیٹڈ ائیر لائنز کے ایک مسافر طیارے نے فنی خرابی پیدا ہونے کے بعد ہنگامی لینڈنگ کی تھی جس کے بعد ہوائی اڈے کو طیاروں کی آمد ورفت کے لیے بند کردیا گیا تھا۔طیارے کے اترنے کے دوران میں بعض مسافر معمولی زخمی بھی ہوئے تھے۔نیویارک اور نیو جرسی کی پورٹ اتھارٹی کے ترجمان اسکاٹ لاڈ کے مطابق یونائیٹڈ ائیر لائنز کا طیارہ نیویارک کے لاگارڈیا ہوائی اڈے سے روانہ ہوا تھا اور وہ ہوسٹن جارہاتھا۔پرواز کے دوران میں اس کے ہائیڈرالک بریک میں مسئلہ پیدا ہوگیا۔پھر اس کا رْخ نیورک کی جانب موڑ دیا گیا اور وہاں اس کو ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔اس ہوائی اڈے کی عارضی بندش پر ٹویٹر پر بعض صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ایک صارف نے اس اعلان کے جواب میں لکھا ہے کہ ”یہ ہوائی اڈا اور یونائیٹڈ ہمیشہ ہی میکنیکل مسائل سے دوچار رہتے ہیں اور ان کی کبھی کوئی پرواز بروقت روانہ نہیں ہوئی“۔اس پر نیورک ائیرپورٹ نے ایک ٹویٹس میں کہا کہ لوگوں کو شکایت کرتے ہوئے عجلت کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔ایک اور صاحب نے ہوائی اڈے پر ایمرجنسی کی وجہ یہ بتائی کہ رن وے پر باہر سے آنے والا ایک طیارہ کھڑا ہے اور وہ ہائیڈرالک مسائل سے دوچار ہے۔اس کی وجہ سے پورا ہوائی اڈا بند کیا گیا ہے۔بظاہر یہ لگ رہا ہے کہ اس طیارے میں سوار تمام مسافر خیریت سے ہیں۔ٹویٹس کے اسی سلسلے میں ایک اپ ڈٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس طیارے کو بہ حفاظت خالی کرالیا گیا ہے۔یہ اس وقت طیاروں کی آمد والے رن وے پر کھڑا ہے۔ روانگی والے رن وے کو بھی کھول دیا گیا ہے اور وہاں سے پروازیں اب روانہ ہوسکتی ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا