English   /   Kannada   /   Nawayathi

ٹورنٹو: وین کے ذریعے روندے جانے سے 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی

share with us

وین ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ، ملزم اس سے قبل کبھی پولیس کو مطلوب نہیں رہا،جان بوجھ کر راہگیروں کو روندا،ٹورنٹوپولیس چیف

ٹورنٹو۔24اپریل2018(فکروخبر /ذرائع ) کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں وین ڈرائیور نے راہ گیروں پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور15 زخمی ہو گئے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 25 سالہ ایلک میناسیان نامی شخص نے ٹورنٹو کے مصروف علاقے میں فٹ پاتھ پر چلنے والے افراد پر وین چڑھا دی جس کے بعد اس نے بھاگنے کی کوشش کی جسے پولیس نے حراست میں لے لیا۔واقعے میں مجموعی طور پر 10 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ ٹورنٹو پولیس چیف مارک سندرس کا پریس کانفرنس کے دوران واقعے کے حوالے سے کہنا تھا کہ وین ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو ٹورنٹو کے علاقے رچمنڈ ہل کا رہائشی ہے جب کہ ملزم اس سے قبل کبھی پولیس کو مطلوب نہیں رہا۔ ٹورنٹو پولیس چیف سے سوال کیا گیا کہ کیا ملزم کے عالمی دہشتگردوں سے رابطے کے شواہد ملے ہیں جس پر ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے تاہم جائے وقوعہ سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے یہ کہا جائے کہ ملزم دہشت گرد ہے۔ پولیس چیف نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے کہ ملزم نے جان بوجھ کر راہگیروں کو روندا۔کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹورنٹو میں وین سے کچل کر 10 افراد کو ہلاک اور 15 کو زخمی کرنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ ٹورنٹو کی پولیس اور دیگر نے بغیر کسی جھجھک کے خطرے کا سامنا کیا،مشکل کی اس گھڑی میں اپنی جاں بازی اور پیشہ ورانہ مہارت سے مزید لوگوں کو محفوظ رکھنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے تمام زخمیوں کے جلد صحت ہونے کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔کینیڈا کے وزیر برائے پبلک سیفٹی کا کہنا ہے کہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے تاہم انھوں نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا کہ ڈرائیور نے ایسا کیوں کیا؟ٹورونٹو پولیس کے سربراہ نے کہا کہ اس واقعے کی تفتیش میں کافی وقت لگے گا اور انھوں نے عینی شاہدین سے استدعا کی کہ وہ تفتیش میں مدد کریں۔ڈرائیور کو حراست میں لیے جانے کے وقت ایک راہ گیر نے ویڈیو بنائی اور اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایلک کے ہاتھ میں ایک شے ہے اور پولیس اہلکار اونچی آواز میں ایلک کو زمین پر بیٹھنے کو کہہ رہے ہیں۔جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر ویڈیو کی دکان کے مالک رضا ہاشمی نے بی بی بی سی کو بتایا کہ ان کو سڑک پر چیخوں کی آواز آئی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ سفید وین بار بار فٹ پاتھ پر چڑھی اور لوگوں کو روندا۔ٹورونٹو کے رہائشی ہینری ملر اس واقعے کے عینی شاہد ہیں۔ انھوں نے سکائی نیوز کو بتایا اس سڑک پر 60 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار پر ایک سفید وین آئی۔ وہ وین گھومی ہے اور راہگیروں پر چڑھ گئی ہے۔ میرا اندازہ ہے کہ جان بوجھ کر وین کو فٹ پاتھ پر چڑھایا گیا۔ایک اور عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا میں نے دیکھا کہ ایک سفید وین فٹ پاتھ پر چڑھی ہے اور لوگ چیخ رہے تھے گاڑی روکو، گاڑی روکو۔ لیکن ڈرائیور گاڑی چلاتا گیا اور کچھ لوگوں کو روند ڈالا اور میں نے تین افراد کو دیکھا جو گاڑی سے روندے جانے کے بعد نہیں ہلے۔ایک اور شخص نے بتایا کہ وہ اس سفید وین کے بالکل پیچھے تھے۔ ڈرائیور لوگوں کو اور یہاں تک کہ میل باکس کو بھی ٹکر مارتا نکل گیا۔ میں نے لوگوں کو ہوشیار کرنے کے لیہ ہارن بھی بجایا۔ میں نے کم از کم چھ افراد کو وین کی ٹکر سے ہوا میں اڑتا دیکھا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا