English   /   Kannada   /   Nawayathi

نوٹ بندی کی مہلک مار، گورکھپور میں 38 مزدوروں نے کرائی نسبندی(مزید اہم ترین خبریں )

share with us

دراصل، گورکھپور میں پاپولیشن سروس انٹرنیشنل نامی ادارہ قومی صحت مشن اور اتر پردیش حکومت کے ساتھ مل کر یومیہ مزدوروں کو نسبندی کے لئے حوصلہ افزائی کرتا ہے۔پی ایس آئی کے ٹیم لیڈر سندیپ پانڈیٹ نے بتایا کہ 8 نومبر کو نوٹ بندی کے بعد سے نسبندی کرانے کے لئے آنے والے مزدوروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔


اوشیوارہ اسٹیشن کانام رام مندر رکھنے کا بی جے پی کا مطالبہ شرانگیز

یہ ممبئی کی فرقہ ورانہ فضا کو خراب کرنے کی کوشش ہے، اس سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے: نواب ملک

ممبئی۔27نومبر:2016(فکروخبر/ذرائع) جوگیشوری اورگوریگاؤں اسٹیشنوں کے درمیان نئے بنے ہوئے اوشیوارہ ریلوے اسٹیشن کا نام رام مندر رکھنے کا شرانگیز مطالبہ کرکے بی جے پی ایک بارپھر پورے شہر کی فرقہ ورانہ فضا کو خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ بی جے پی یہ مطالبہ ممبئی میونسپل کارپوریشن الیکشن کے پیشِ نظر کررہی ہے ، عوام کو اس فرقہ پرست پارٹی کی سازشوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ یہ باتیں آج یہاں راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان نواب ملک نے کہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جوگیشوری اور گوریگاؤں کے درمیان یو پی اے حکومت نے لوکل ریلوے اسٹیشن بنانے کا فیصلہ کیا تھا جس کا کام گزشتہ ۸ سال سے جاری تھا اور جو اب مکمل ہوگیا ہے۔ بی جے پی مطالبہ کررہی ہے کہ اس اسٹیشن کا نام رام مندر اسٹیشن رکھا جائے ۔ جس پارٹی نے ملک میں رام مندر کے نام پر ۱۹۹۲میں فساد کرائی اور رام مندر کے نام پر سیاست کرتی رہی ہے، رام مندر کے نام پر لوگوں کے جذبات سے کھیلتی رہی ہے، وہی پارٹی اب ممبئی مہانگر پالیکا انتخاب میں ایک بار پھر ممبئی کے لوگوں کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے ووٹوں کی سیاست کرنا چاہتی ہے۔ ہم تمام لوگوں کو اس کی فرقہ پرست سیاست سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔نواب ملک نے کہا کہ اس نئے اسٹیشن کانام رام مندر رکھنے کے لئے بی جے پی تحریک چلارہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ایک بار پھرفرقہ پرستی کا کھیل کھلینا چاہتی ہے جو اس کاپرانا حربہ ہے۔ اس کا یہ کھیل صرف عوام کے جذبات سے کھیلنے کے لئے ہے اور وہ اس کا فائدہ ممبئی کارپوریشن الیکشن میں اٹھانے کا منصوبہ بنائے ہوئے ہوئے۔ ایسے موقع پر ہم ممبئی کے لوگوں کی یہ ذمہ داری بن جاتی ہے کہ اس فرقہ پرست پارٹی کی سازشوں اور اس کے کھیل سے ہوشیار رہیں اور اس کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی فرقہ پرستی جگ ظاہر ہے اور ہر الیکشن کے موقع پر اسے ایسے ہی موضوعات کی تلاش رہتی ہے۔اس بار اس نے ریلوے اسٹیشن کانام رام مندر رکھنے کا مطالبہ کررہی ہے جو نہ صرف شرانگیزہے بلکہ شہر کی فرقہ ورانہ فضا کو خراب کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔


موجودہ تعلیمی نصاب اگلے سال بھی برقرار رہے گا: تنویر سیٹھ

بلگاوی۔27نومبر:2016(فکروخبر/ذرائع) پرائمری اور ہائی اسکولوں کے تعلیمی نصاب پر نظر ثانی کمیٹی کی طرف سے ریاستی حکومت کو دسمبر کے دوسرے ہفتے میں اپنی تجاویز پیش کی جائیں گی۔ اسی لئے ریاستی حکومت آئندہ تعلیمی سال بھی رواں سال کا تعلیمی نظام برقرار رکھے گی۔ یہ بات آج ریاستی وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیمات تنویر سیٹھ نے ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کو بتائی۔ وقفۂ سوالات میں ارون شاپور کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نامور ادیب پروفیسر برگور رام چندرپا کی قیادت میں 20الگ الگ کمیٹیاں نصاب پر نظر ثانی کیلئے قائم کی گئی ہیں۔ان کمیٹیوں کی طرف سے تجاویز ملنے کے بعد ان پر کام شروع کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ ان تمام کمیٹیوں کی طرف سے حکومت کو قطعی رپورٹ ملنے کے بعد اس سلسلے میں کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ اس رپورٹ پر عمل کیلئے چونکہ وقت درکار ہے ، اسی لئے حکومت نے طے کیا ہے کہ تعلیمی سال 2017-18 کیلئے بھی موجودہ نصاب کو ہی برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ سال رواں تعلیمی نصاب کو برقرار رکھے جانے کے متعلق حکومت کی وضاحت کے بعد والدین یا طلبا کو کسی طرح کی تشویش میں مبتلا ہونے کی قطعاً ضرورت نہیں ہے۔موجودہ کتابوں کو ہی اگلے سال کیلئے بھی شائع کرنے کے سلسلے میں ریاستی حکومت نے پیکیج مرحلے میں چھ ٹنڈرس کا عمل شروع کردیا ہے۔ ساتھ ہی نصاب پر نظر ثانی کی کمیٹی کو بھی اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ طلبا کو سی ای ٹی اور نیٹ امتحان کیلئے تیار ہونے کی غرض سے حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔مرکزی حکومت کی طرف سے نئی تعلیمی پالیسی کے نفاذ کے متعلق تنویر سیٹھ نے بتایاکہ ریاستی حکومت اس پر بھی پوری طرح متوجہ ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ریاست کے تعلیمی نصاب کا معیار مرکزی حکومت کے تعلیمی نصاب کے برابر نہیں ہے۔اسی لئے اسے مرکز کے مساوی بنانے کے مقصد سے ہی 27الگ الگ کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔


بہتے دریاسے بجلی کی پیداوار کا انوکھا منصوبہ 

عنقریب پہلا تجربہ ریاست میں آزمایا جائے گا: ڈی کے شیوکمار

بلگاوی۔27نومبر:2016(فکروخبر/ذرائع)ریاست میں بجلی کی قلت کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے بیرون ممالک کے طرز پر ایک نئی ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے بہتے دریاکے پانی سے بجلی کی پیدوار کرنے کا تجربہ کیا جائے گا۔ یہ اعلان آج وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں انہوں نے بیرون ملک دورے کے دوران ایسے پراجکٹوں کا جائزہ لیا ہے، ریاست میں بھی اس طرح کا تجربہ آزمایا جائے گا۔ وقفۂ سوالات کے دوران وزیر موصوف نے ناگمنگل کے رکن اسمبلی چلوورایا سوامی کی طرف سے رمیش بندی سدے گوڈا کو جواب دیتے ہوئے بتایاکہ 2014تا2021 کیلئے جو سولار توانائی پالیسی اپنائی گئی ہے اس کے تحت 6322 میگاوٹ شمسی توانائی کی یونٹیں تیار کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس کے تحت مسابقتی بولیوں کے ذریعہ 1855 اراضی مالکان اور رعیتوں کے زمرے میں 306آزاد بجلی کی پیداوار کرنے والوں کے ذریعہ 843 س سولار اینرجی کارپوریشن آف انڈیا کے ذریعہ 970سولار پارک منصوبے کے تحت 348 پاؤگڈھ سولار پارک میں 2000 میگاواٹ ، مجموعی طور پر 6000 میگاواٹ سمشی توانائی کی پیدفاوار کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ریاستی حکومت اپنی مدت میں کم از کم پانچ ہزار میگاوٹ بجلی کی پیداوار کا نشانہ پار کرنا چاہتی ہے۔ ریاست کے چترادرگہ ، داونگیرے ، گدگ ، بلاری ، دھارواڑ اور دیگر اضلاع میں 3146میکاوٹ ونڈ پاور توانائی کی پیداوار کا نشانہ طے کیاگیا ہے۔ 


پولیس والوں کی تنخواہوں پر نظر ثانی اگلے سال:سدرامیا

بلگاوی۔27نومبر:2016(فکروخبر/ذرائع)ریاستی حکومت نچلی سطح کے پولیس جوانوں کے تئیں ہمدردانہ رویہ رکھتی ہے اسی لئے ان کو دئے جانے والے بھتوں میں حال ہی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اگلے سال ان کی تنخواہوں پر نظر ثانی کی کمیٹی رپورٹ کاجائزہ لینے کے بعد تنخواہوں پر بھی نظر ثانی کی جائے گی۔یہ اعلان آج ریاستی اسمبلی میں وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کیا۔ ریاستی اسمبلی میں صفر ساعت کے دوران پی راجو کی طرف سے پولیس والوں کی تنحواہوں میں 30فیصد اضافہ کے مطالبے پر اپنا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پولیس والوں کی تنخواہوں پر نظر ثانی اور انہیں دی جانے والی سہولتوں میں سدھارکیلئے اورادکر کمیٹی قائم کی گئی ، لیکن فی الوقت صرف ایک محکمہ کی تنخواہوں پر نظر ثانی ممکن نہیں ہے۔ اگلے سال ایک نئی کمیٹی قائم کرکے اس کے ذریعہ ملنے والی رپورٹ کے بعد پولیس والوں کی تنخواہوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔ فی الوقت حکومت نے کانسٹبلوں کو ملنے والی ماہانہ تنخواہ میں 2000 روپیوں تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔کانسٹبل سے لے کر سب انسپکٹر تک 90فیصد پولیس عملے کو اس کا فائدہ پہنچے گا۔


کسی سرکاری اسکول کو بند نہیں کیا جائے گا

تعلیمی معیار کو سدھارنا حکومت کی توجہات میں شامل: تنویر سیٹھ

بلگاوی۔27نومبر:2016(فکروخبر/ذرائع)ریاست میں کوئی سرکاری اسکول بندہونے نہیں دیا جائے گا۔اس سلسلے میں طلبا یا والدین کو پریشان ہونے یا عوام کو شکوک وشبہات میں مبتلا ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ یہ بات آج ریاستی وزیر برائے تعلیمات تنویر سیٹھ نے بتائی۔ کونسل میں وقفۂ سوالات کے دوران کانگریس رکن آر دھرمسینا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سرکاری اسکولوں کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کیلئے 28 نکاتی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔اس پروگرام کو تمام اسکولوں میں سختی کے ساتھ لاگو کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے غریب اور نادار طبقات کے لوگ تعلیم کیلئے مہنگے اور نجی اسکولوں کا رخ نہیں کرسکتے ۔اسی لئے ان کیلئے سرکاری اسکول قائم کئے گئے ہیں۔ان اسکولوں میں غریبوں کواچھی سے اچھی تعلیم کا انتظام کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری اسکولوں کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے ساتھ نجی تعلیمی اداروں کی اجارہ داری کو کم کرنے کی جانب سے حکومت چند ضروری قدم اٹھانے والی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیمی معیار میں گراوٹ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے یہ قدم اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری اسکولوں میں پہلی تا تیسری جماعت کو محض حروف تہجی کی تعلیم پر مرکوز رکھا جائے گا۔چوتھی اور پانچویں جماعت میں ریاضیات پر خصوصی توجہ دینے کیلئے نئی پالیسی کے تحت زور دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تکنیکی اور مبنی بر ہنر تعلیم کو نصاب کا حصہ بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم تمام بچوں کو آدھار کارڈ فراہم کرنے کیلئے ایک تحریک چلائی جائے گی۔ اساتذہ کو بہتر معیار کی تعلیم دینے کیلئے تدریسی مواد بھی سدھارا جارہا ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں تنویر سیٹھ نے بسوراج ہوراٹی کو بتایا کہ ریاست کے 1105 اسکولوں میں مرکزی نصاب اپنایا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے تحریری جواب میں بتایا کہ ریاست کے 782 اسکولوں میں سی بی ایس ای اور 323 اسکولوں میں آئی سی ایس ای نصاب لاگو ہے۔ باگلکوٹ میں 22، بلاری میں 25 بنگلور رورل 24اور سب سے زیادہ شہر بنگلور میں 509اسکولوں میں مرکزی نصاب رائج ہے۔


بھارت میں بڑھتے ہوئے شرابی پائلٹ‘

نئی دہلی ۔27نومبر:2016(فکروخبر/ذرائع))ملک کے شہری ہوا بازی کے وزیر اشوک گجپت راجو نے پارلیمنٹ میں بتایا ہے کہ ’سال 2016 میں یکم جنوری سے لے کر 31 اکتوبر کے درمیان 38 پائلٹ اور عملے کے 113 ارکان جہاز اڑنے سے پہلے ہونے والے شراب کے ٹیسٹ میں ناکام پائے گئے۔اعداد و شمار آپ کو اس لیے بھی چونکا سکتے ہیں کیونکہ سال 2015 میں بھی 40 پائلٹ اس ٹیسٹ میں ناکام ٹھہرے تھے جبکہ 2014 میں یہ تعداد 20 کے آس پاس بتایا گیا تھا۔یعنی اس طرح کے معاملات میں کمی ہوتی نہیں دکھائی دے رہی۔کچھ سینیئر حکام کا خیال ہے کہ پرواز سے پہلے اپنے ملازمین کی میڈیکل جانچ جیسے سخت ہوا بازی قوانین کو لاگو کرنے میں بھارت تھوڑا سا سست ہی رہا ہے۔آج کی تاریخ میں بین الاقوامی قوانین یہ کہتے ہیں کہ پرواز سے پہلے پائلٹ اگر نشے کی حالت میں پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی میں ذرا بھی رعایت نہیں برتی جائے گی.


ریاست تلنگانہ کے وزیرِ اعلیٰ کے 50 کروڑ کے گھر پر غصے کی لہر

نئی دہلی ۔27نومبر:2016(فکروخبر/ذرائع) ریاست تلنگانہ کے وزیرِ اعلیٰ کے 50 کروڑ روپے مالیت کے نئے محل نما گھر نے لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔حیدرآباد شہر کے پوش علاقے میں واقع یہ عمارت نو ہزار مربع میٹر پر پھیلی ہوئی ہے۔اس گھر میں بلٹ پروف باتھ روم ہیں، ایک آڈیٹوریم ہے جس میں ڈھائی سو افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور ایک میٹنگ ہال ہے جس میں پانچ سو لوگ بیٹھ سکتے ہیں۔سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ اس گھر کے بلٹ پروف باتھ روموں کو بنایا جا رہا ہے۔اس گھر کو وزیرِ اعلیٰ کے روحانی گرو چِنا جیئر سوامی نے آشیرواد دی۔ وزیرِ اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ جمعرات کو یہاں منتقل ہوئے۔سوامی نے وزیرِ اعلیٰ کی خصوصی کرسی پر بیٹھ کر اسے بھی آشیرواد دی۔گھر کا نام پراگاتھی بھون ہے اور اسے واستو کے ماہرین کے صلاح و مشورے سے تعمیر کیا گیا ہے۔راؤ ہندو مت کے تعمیرات کے بارے میں قدیم رواج واستو پر یقین رکھتے ہیں۔ اس سے پہلے خبریں آئی تھیں کہ انھوں نے ریاستی سیکریٹیریٹ کمپلکس کو گرانے کی کوشش کی تھی کیوں کہ ان کے خیال میں اس کا واستو ریاست کے لیے سازگار نہیں تھا۔


دہلی میں فضائی آلودگی، آتش بازی کے سامان کی فروخت پر پابندی

نئی دہلی ۔ 27نومبر:2016(فکروخبر/ذرائع)سپریم کورٹ نے دارالحکومت دہلی میں آتش بازی کے سامان کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے پابندی کے علاوہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ آتش بازی کے مضر اثرات کا جائزہ لیں۔عدالت نے آتش بازی پر پابندی کا حکم تین نوزائیدہ بچوں کے ایما پر دائر کی گئی درخواست پر دیا۔اس درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے ان بچوں کے پیپھڑوں کی نشوونما متاثر ہوئی ہے۔اکتوبر میں دیوالی کے موقع پر شہر میں آتش بازی کی بڑی مقدار کے استعمال کی وجہ سے فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔عدالت نے دہلی اور اس کے اطراف میں آتش بازی کا سامان رکھنے، زخیرہ کرنے اور فروخت کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔عدالت نے فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے والے حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ آتش بازی میں استعمال ہونے والے مواد کے نقصان دے اثرات کا جائزہ لیں۔دہلی میں پہلے ہی فضائی آلودگی کا مسئلہ موجود تھا تاہم دیوالی پر آتش بازی کی وجہ سے آلودگی کا مسئلہ سنگین ہو گا جس کی وجہ سے حکام نے شہر کے تمام سکولوں کو تین دن کے لیے بند کر دیا تھا۔دیوالی سے پہلے کئی شہر میں بہت سے لوگوں نے مہم چلائی تھی جس میں لوگوں سے کہا گیا کہ وہ آتش بازی سے گریز کریں تاہم ماضی میں بھی ایسی مہمات پر زیادہ غور نہیں کیا جاتا۔2014 میں عالمی ادارہ صحت کی ایک رپورٹ میں دہلی کو دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار دیا گیا تھا۔ اس رپورٹ کو بعد میں انڈین حکومت نے رد کر دیا تھا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا