English   /   Kannada   /   Nawayathi

اتراکھنڈ: ہریش راوت کی جیت کی خبر، بھارتیہ جنتا پارٹی نے مانی ہار؟(مزید اہم ترین خبریں )

share with us

ذرائع کے مطابق بی جے پی کو 28 ووٹ اور کانگریس کو 34 ووٹ ملے۔ کانگریس ممبر اسمبلی ریکھا آریہ نے بی جے پی کے حق میں اور بی جے پی ممبر اسمبلی بھيم لال آریہ نے کانگریس کے حق میں ووٹ ڈالا۔ بی جے پی کی شکست کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ممبر اسمبلی گنیش جوشی نے کہا کہ ہم نظریاتی طور سے جیتے لیکن اعداد و شمار میں ہار گئے۔ کانگریس نے ووٹ حاصل کرنے کے لئے فنڈز اور طاقت کا سہارا لیا۔ووٹنگ کے عمل کے لئے سپریم کورٹ نے 11 سے 1 بجے تک صدر راج ہٹانے کا نظم کیا تھا۔ ووٹنگ کے عمل کے بعد تقریباً 12 بجے تمام ارکان اسمبلی اسمبلی سے باہر آ گئے۔ خاص بات یہ رہی کہ کانگریس اور بی جے پی کے ایک ایک ممبر اسمبلی باغی ہو گئے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اتراکھنڈ میں صدر راج نافذ کرنے کے معاملہ میں سماعت کرتے ہوئے 6 مئی کو اسمبلی میں طاقت آزمائی کرانے کا حکم دیا تھا۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ کی تجاویز کے جواب میں مرکز نے طاقت آزمائی کے لئے حامی بھری تھی۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے 10 مئی کو فلور ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ سنایا تھا۔


ٹوئٹر پر سوامی کے بیان کا معاملہ راجیہ سبھا میں

نئی دہلی۔10مئی(فکروخبر/ذرائع )کانگریس کے جے رام رمیش نے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر نامزد رکن سبرامنیم سوامی کے بیان کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ اس کے لئے انہیں معافی مانگنی چاہئے ۔ مسٹر رمیش نے پارلیمنٹ میں ضابطہ کا سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ چار مئی کو اگستا ویسٹ لینڈ سودے پر بحث کے دوران لگائے گئے الزامات پر ڈاکٹر سوامی کو تصدیق شدہ نقول پیش کرنے کو کہا ۔ انہوں نے اس حوالے سے ٹوئٹر پر گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے اور غلط بیانی کی ہے ۔ راجیہ سبھا سکریٹریٹ سے جاری ایک بلٹن کے مطابق تصدیق شدہ نقول حاسل ہونے کی اطلاع دی گئی ہے جبکہ نامزد رکن نے کہا ہے کہ راجیہ سبھا نے اس کی توثیق کی ہے اس پر مسٹر سوامی کو معافی مانگنی چاہئے ۔مسٹر رمیش نے کہا کہ نائب چیئرمین کو اس پر وضاحت دینی چاہئے ۔ مسٹر کورین نے کہا کہ کسی بھی ممبر کے بیان کو چیئرمین، نائب چیئرمین یا ایوان تصدیق نہیں کرتے ۔اپنے بیان کو ممبران خود تصدیق کرتے ہیں۔


تلگودیشم کے ایم پی شیوا پرساد ،امبیڈکر کے روپ میں پارلیمنٹ پہنچے 

نئی دہلی۔10مئی(فکروخبر/ذرائع) آندھراپردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے تلگودیشم کے رکن پارلیمنٹ و تلگو فلموں کے اداکار شیوا پرساد دستور کے معمار بی آر امبیڈکر کی طرح لباس پہن کر پارلیمنٹ پہنچے ۔انہوں نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں امبیڈکر کے روپ میں انوکھا احتجاج کیا ۔ امبیڈکر کے روپ میں پارلیمنٹ میں پہونچنے پر وہ میڈیا اور دیگر ارکان پارلیمنٹ کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے ۔انہوں نے امبیڈکر کی طرح دستور ہند کی کتاب اپنے ہاتھ میں لے کر ان کے انداز میں پارلیمنٹ کے احاطہ میں موجود میڈیا کے نمائندوں او رفوٹوگرافرس کو پوز دیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اے پی کو خصوصی درجہ نہ دیئے جانے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ خصوصی درجہ کے وعدے کو پورا کرنے کی ذمہ داری وزیر اعظم کی ہے ۔وہ پسماندہ طبقات کے مسیحا امبیڈکر کی طرح لباس پہن کر پارلیمنٹ آئے ہیں تاکہ اس مسئلہ پر تمام کی توجہ مبذول کروائی جاسکے ۔ مرکزی حکومت امبیڈکر کے بنائے ہوئے دستور کے خلاف کام کررہی ہے ۔انہوں نے اے پی کیلئے ریلوے زون ' اننت پور اور سریکا کلم کے لئے خصوصی پیکیج دینے کا مطالبہ کیا ۔


پٹنہ میں مکھیہ امیدوار کی بیٹی کا قتل، لاش پانی کی ٹنکی سے ملی

پٹنہ 9 ۔10مئی(فکروخبر/ذرائع ) بہار میں پٹنہ ضلع کے بھگوانگج تھانہ علاقے سے پولیس نے ایک مکھیہ امیدوار کی بیٹی کی لاش آج صبح پانی کی ٹنکی سے برآمد کی ہے ۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ گھروالوں کی اطلاع پر مکھیہ امیدوار پاروتی دیوی کی بیٹی نشی کماری (13) کی لاش اس کے گھر کی پانی کی ٹنکی سے برآمد کی گئی ہے ۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے پٹنہ میڈیکل کالج ہسپتال بھیج دیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں پاروتی دیوی کے بیان پر قتل کا کیس درج کیا گیا ہے ۔ درج کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پانچ افراد نے مل کر اسے قتل کر دیا اور لاش کو پانی کی ٹنکی میں پھینک دیا ۔ پولیس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے ۔


بھاگلپور میں دیسی بم پھٹنے سے دو لڑکے زخمی

بھاگلپور۔10مئی(فکروخبر/ذرائع )بہار میں بھاگلپور ضلع کے ببرگج تھانہ علاقے میں کل رات دیسی بم کے پھٹنے سے دو لڑکے زخمی ہوگئے ۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ علی گنج گاؤں میں رہنے والے امن کمار (13) اور چیکو کمار (11) کل رات رفع حاجت کے لئے مقامی مندر کے عقب میں گئے تھے اسی دوران جھاڑی میں چھپا کر رکھا گیا ایک دیسی بم کو امن نے گیند سمجھ کر اٹھالیا تبھی وہ پھٹ گیا جس سے دونوں بری طرح زخمی ہو گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو بھاگلپور میڈیکل کالج ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔پولیس معاملے کی چھان بین رہی ہے ۔


بچی کی عصمت دری کے بعد قتل، ملزم گرفتار

مونگیر۔10مئی(فکروخبر/ذرائع)بہار میں مونگیر ضلع کے نیا رام نگر تھانہ میں تین سالہ بچی کی عصمت دری کرنے کے بعد قتل کردئے جانے کا معاملہ روشنی میں آنے کے بعد پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس افسر نے بتایا کہ انگلش پاٹن گاوں کا گلشن کمارنے کل دوپہر گاوں میں کھیل رہی تین سالہ بچی کو بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گیا ۔ اس کے بعد ایک سنسان مقام پر بچی کے ساتھ عصمت دری کی اور اس کا قتل کرکے لاش کو ایک کنویں میں پھینک دیا۔پولیس نے بتایا کہ نوجوان کے ساتھ بچی کو جاتے گاوں کے کچھ لوگوں نے دیکھ لیا تھا اور جب بچی کی تلاش شروع ہوئی تو اس کی اطلاع انہوں نے گھروالوں کو دی۔ گھروالوں کی اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے گلشن کو گرفتار کرکے جب پوچھ گچھ کی تو اس نے اپنا جرم قبول کرلیا ۔ بچی کو دیر شام کنویں سے برآمد کرلیا گیا اور پوسٹ مارٹم کے لئے مونگیر صدر اسپتال بھیج دیا گیا ہے ۔ ملزم کو آج جیل بھیج دیا گیا ہے ۔


13 پی پی ایس افسر بنے آئی پی ایس 

لکھنو۔10مئی(فکروخبر/ذرائع ) اترپردیش حکومت نے دوشنبہ کو ۱۳ پی پی ایس افسران کو آئی پی ایس کے عہدے پر ترقی دی ہے۔ اس دوران تین افسران کو محکمہ جاتی جانچ کے سبب پرموشن نہیں دیا جاسکا۔ ریاستی حکومت نے پرموشن کیلئے جن افسران کے نام وزارت داخلہ کو بھیجے تھے وزارت داخلہ نے ان ناموں کی فہرست جاری کی ہے۔ جن ۱۳ افسران کو ترقی دی گئی ہے ان میں آئی پی ایس بننے والوں میں رام پال ، اشوک کمار ، پرمود کمار ، سنتوش کمار سنگھ آئی پی ایس بنائے گئے ہیں۔ وہیں امریندر پرساد سنگھ ، ڈاکٹر اکھلیش ، للن سنگھ ، للن یادو ، مہیندر یادو ، اجے رائے ، راہل یادویندر ، کملیشوری چندرا، لالا رام بھی آئی پی ایس بن گئے ہیں۔ جن تین افسران کی جانچ کے سبب ترقی نہیں ہوسکی ہے ان میں جے پرکاش سنگھ ،امت مشر اور شیلس یادو شامل ہیں۔ اترپردیش حکومت جلدہی ان افسران کو نئی ذمہ داری سونپنے جارہی ہے۔


وزیر اعلیٰ کے سامنے پیش کیاگیا میٹروریل کا تھری ڈی ڈیزائن

لکھنو۔10مئی(فکروخبر/ذرائع ) لکھنوٓ میٹروریل کارپوریشن نے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو ، چیف سکریٹری آلوک رنجن ، ایل ایم آرسی ایم ڈی کمار کیشو ، الاسٹام انڈیا کے ایم ڈی بھارت ملہوترا اور دیگر افسران کے سامنے ٹوڈائمنشیل (ٹوڈی) ڈیزائن اور تھری ڈی ماک۔ اپ کی نقاب کشائی کی۔ ایم ڈی نے لکھنوٓ میٹروپرجیکٹ کے جدید ڈبوں کیلئے اخیتار کیاگیا عمل ، یومیہ مسافروں کو فراہم کرائی جانے والی سہولتوں اور تحفظ کے ساتھ مسافروں کو فراہم کرائی گئی سہولتوں کی اطلاع دی۔ ایم ڈی نے بتایا کہ لکھنوٓ میٹرو ٹرین کی ڈیزائن شہر کی ثقافت کو ظاہر کرے گا۔ میٹرو کا باہری حصہ شہر کی اہم تاریخی عمارتوں ، بڑا امامباڑہ ، آصفی مسجد اور رومی گیٹ کے تصور کی بنیاد پر بنایاگیاہے۔ اس کی باہری شکل سنہرے رنگ کی ہے جو روایتی طور سے استعمال کی جانے والی چکن کاری آرٹ سے متاثر ہے۔ ساتھ ہی کارکے سامنے ملا کالارنگ حضرت گنج کی موجودہ شکل سے متاثرہے۔ ٹرین کی شروع سے مکمل ٹرین کے اوپر تک جاتی ہوئی ایک سرخ رنگ کی پٹی اس کی رفتار کو ظاہر کرتی ہے۔ 
انہوں نے بتایاکہ مسافروں کی سہولتوں کا خاص دھیان رکھتے ہوئے لانگی ٹیوڈنل کنفیگریشن نے ۶۸۱ سیٹوں کا بندوبست اور دو زون کی سہولت پیش نظربنائے گئے ہیں۔ میٹرٹرین کے اندر سبھی دکھائی پڑنے والی سہولت والے مقامات پر مسافروں کو اہم اطلاع دینے کیلئے اسکرینس لگائے گئے ہیں۔ چار ڈبوں میں میٹرو کا ڈیزائن ایک بار میں ۰۰۱۱سے زیادہ مسافروں کو لے جانے کے نظریہ سے بنایا گیاہے۔ لکھنوٓ میٹرو کاروں کا ڈیزائن اس بات کو دھیان میں رکھ کر کیاگیاہے کہ وہ آرام دہ ہو اور مسافروں کو چڑھنے اترنے کے ساتھ ساتھ شور کی سطح بھی ان میں کم ہو اور اس سے ماحولیات پر منفی اثر نہ پڑے۔کاروں کا ڈھانچہ ہلکی وزن کے اسٹینلیس اسٹیل بنایاگیاہے۔ ٹرین کا سسٹم مائیکروپروسیسر پر مبنی ٹرین کنٹرول اینڈ منیجمنٹ سسٹم کے ذریعہ کنٹرول کیاجاتاہے۔ 
مسافروں کی سہولت کے کیلئے ٹرین کے اندر کم شور ، چوڑے دروازے اور آنے جانے کیلئے راستہ ، آرام دہ پبلک اناوٓنس منٹ سسٹم کی سہولت بھی فراہم کرائی گئی ہے۔ مسافروں کے آرام سے بیٹھنے کیلئے بڑی کھڑکیوں اور اسٹیلس اسٹیل بکیٹ ٹائپ سیٹوں کا بھی بندوبست ہے۔ 
میٹروایم ڈی کمار کیشو نے کہا کہ میٹروریل کا ڈیزائن جدید لکھنوٓ کیلئے میل کا پتھر ثابت ہوگی۔ ٹرین کے اندر سینٹرلائزڈ سکیورٹی کنٹرول روم اور ٹرین آپریٹر کو دکھائی پڑنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جانے کا بندوبست کیاگیاہے۔ 


انتظاری فہرست کے درخواست دہندگان کو ملے گا حج کا موقع 

لکھنو۔10مئی(فکروخبر/ذرائع)ریاست کی انتظاری فہرست کے درخواست دہندگان کو حج کا موقع مل سکتاہے۔ یہ موقع حج کیلئے منتخب درخواست دہندگان میں سے آخری تاریخ تک حج کی پہلی قسط جمع نہ کرپانے والے درخواست دہنگان کی جگہ پر دیا جاسکتاہے۔ حج کی پہلی قسط جمع کرنے کی آخری تاریخ ۰۳ اپریل تک ریاست کے کل ۲۱۸۲۸ درخواست دہندگان میں سے۲۰۶۰۰ نے ہی اپنی قسط اور ضروری دستاویز جمع کئے۔ پہلی قسط کی رقم اور دیگر دستاویز جمع نہ کرپانے والے منتخب درخواست دہندگان کی جگہ پر ریاست کے ۸۲۲۱ انتظاری فہرست کے عازمین حج کو موقع مل سکتاہے۔ ریاستی حج کمیٹی کے تنویر احمد کے مطابق ریاست کو ملے حج کوٹا میں سے ۲۰۶۰۰ عازمین حج نے ہی اپنی قسط اور پاسپورٹ ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کئے ہیں۔ ایسے میں باقی درخواست دہندگان کا سفر حج منسوخ مانتے ہوئے حج کمیٹی ان کی جگہ پر انتظاری فہرست کے درخواست دہندگان کو حج پر بھیجے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی کافی تعداد میں درخواست دہندگان کا سفر حج آخری تاریخ تک پہلی قسط ، پاسپورٹ اور دیگر دستاویز جمع نہ کرنے کی وجہ سے منسوخ ہوگیاہے۔ ایسے میں سب سے زیادہ مسلم آبادی ہونے کی وجہ سے دیگرریاستوں میں باقی سیٹوں میں سے بھی ریاست کو سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔ 


بس وادی میں گری، 8 ہلاک ، 10 زخمی

کاکی ناڑہ۔10مئی(فکروخبر/ذرائع )مشرقی گوداوری میں آج ایک پرائیویٹ وولو بس وادی میں گرگئی جس سے اس میں سوار 8 مسافر ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ہیں۔پولس کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت ہوا جب بھدرا ضلع سے راجہ مندری جارہی بس گھاٹ روڈ پر قابو سے باہر ہوگئی اور وجالورو گاؤں کے نواح میں وادی میں گرگئی۔زخمیوں میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے ، حادثہ کے وقت 40 سے زیادہ مسافر سوار تھے مگر جانی نقصان کا ابھی صحیح اندازہ نہیں لگ پایا ہے ۔ زخمیوں کو پہلے امپا چودہ ورم لے جایا گیا اور بعد میں بہتر علاج کے لئے راجا مندری منتقل کردیا گیا۔آندھرا پردیش کے وزیر داخلہ نماکیالا چنا راجیہ نے کہا ہے کہ حادثہ کی خبر سن کر انہیں بے حد افسوس ہوا ہے اور انہو ں نے مشرقی گوداوری کے سپرنٹنڈنٹ آف پولس متالا روی پرکاش سے کہا ہے کہ زخمیوں کو بہتر علاج مہیا کرایا جائے اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں لواحقین کو جلد روانہ کردی جائیں۔


لاری نے کھڑی ہوئی وین کو ٹکر ماری، 9 ہلاک 18 زخمی

ٹوٹی کورین (تمل ناڈو) ۔10مئی(فکروخبر/ذرائع )آج علی الصبح ایک تیز رفتار لاری نے کھڑی ہوئی وین کو ٹکر مار دی جس سے 9 افراد ہلاک اور 18 زٰخمی ہوگئے ۔ مرنے والوں میں 4 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک ہے ۔یہ حادثہ اٹایاپورم کے نزدیک تھاپتی گاؤں میں پیش آیا۔پولیس نے بتایا ہے کہ وین کے بدنصیب مسافر ٹوٹی کورین میں ایک تعزیتی تقریب میں شرکت کے بعد ورودھ نگر ضلع کے اپنے آبائی گاؤں اور دکن کڈی لوٹ رہے تھے ۔حادثہ اس وقت ہوا جب وین کا ایک ٹائر پنکچر ہوگیا اور اسے بدلنے کے لئے ڈرائیور نے گاڑی کو سڑک کے کنارے کھڑا کردیا ۔ اس وقت وین کے مسافر سورہے تھے ا وقت لاری نے اے ٹکر ماردی۔زخمیوں کو سرکاری ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے ۔


بی جے پی، آر ایس ایس ریزرویشن ہٹانے کی کوشش میں: مایاوتی

چنئی۔10مئی(فکروخبر/ذرائع )بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سوئم سنگھ (آر ایس ایس) پر ملک میں ریزرویشن کو مکمل طور سے ہٹانے کی کوشش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ درج فہرست ذات، قبائل اور دیگر پسماندہ طبقوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا جا رہا ہے ۔محترمہ مایاوتی نے کل رات یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں ایسا کوئی ایک دن بھی نہیں گذر رہا ہے ، جب ایک دلت عورت کے ساتھ ظلم نہ ہوا ہو۔ کیرالہ میں حال ہی میں ایک دلت طالبہ کی عصمت دری کے واقعہ کے سلسلے میں کہا کہ دلت خواتین کے ساتھ اس طرح کے جرائم مسلسل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایسے مجرمین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی اور نہ ہی ایف آئی آر درج کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سال جنوری میں حیدر آباد یونیورسٹی کے دلت طالب علم روہت ویمولا کی خودکشی کا معاملہ ملک میں کمزور طبقہ کے لوگوں کے تئیں جرم کی ایک مثال ہے ۔
محترمہ مایاوتی نے کہاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس ملک میں ریزرویشن نظام کو پوری طرح ختم کرنے اور بڑی ذات کے لوگوں کا راج قائم کرنے کی کوشش میں لگے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 'ہم نے اقتصادی بنیاد پر ریزرویشن فراہم کرانے کے لئے بارہا مرکز سے درخواست بھی کی ہے لیکن مرکز نے اس سلسلے میں خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔انہوں نے تمل ناڈو میں علاقائی پارٹیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ مفت تحائف دیئے جانے سے ریاست کے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہاکہ 'آپ کے مسائل کا حل ایسے مفت تحائف سے نہیں ہوگا۔ علاقائی پارٹیوں کی جانب سے موبائل فون اور دیگر چیزیں دیئے جانے کے وعدے آپ کو روزگار نہیں دلا سکتے اور نہ ہی آپ کی سماجی صورتحال میں کوئی تبدیلی آئے گی۔انہوں نے رائے دہندگان سے اس طرح کے اعلانات پر توجہ نہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے اسمبلی انتخاب میں بی ایس پی امیدواروں کو اپنا ووٹ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ بی ایس پی ہی واحد ایسی پارٹی ہے جو الیکشن کیلئے انتخابی منشور جاری نہیں کرتی۔ بی ایس پی جھوٹے وعدوں پر یقین نہیں کرتی۔


دن دہاڑے ریکوری ایجنٹ سے ایک لاکھ کی لوٹ 

لکھنو۔10مئی(فکروخبر/ذرائع )حضرت گنج کے لکشمن میلہ پل کے نزدیک دوشنبہ کی دوپہر موٹرسائیکل سوار دوبدمعاش ایک لون ریکوری ایجنٹ کی بیوی سے پرس لوٹ لے گئے۔ پرس میں ایجنٹ کے کمپنی کے ایک لاکھ۰ ۱ہزار روپئے نقد اور دیگر سامان تھا۔ انسپکٹر حضرت گنج وجے مل یادو نے بتایاکہ تال کٹورہ کے راجاجی پورم میں رہنے والا منیش ایک پرائیویٹ کمپنی میں بطور لون ریکوری ایجنٹ کا کام کرتاہے۔ دوشنبہ کو منیش اپنی بیوی سیما کے ساتھ موٹرسائیکل سے حضرت گنج واقع ایس بی آئی کے مین برانچ پہنچا اور وہاں سے ایک لاکھ ۰۱ہزار روپئے نکالے اور اس کے بعد دونوں شوہر بیوی موٹرسائیکل سے نشاط گنج اپنے دفتر کی طرف جارہے تھے۔ منیش نے روپئے بیوی کو پرس میں رکھنے کیلئے دیئے تھے۔ منیش کی بیوی کے پرس میں روپئے اور موبائل فون رکھاہواتھا۔ بتایاجاتاہے کہ منیش جب موٹرسائیکل سے موتی محل لان کی طرف لکشمن میلہ میدان کی طرف جانے والے پل کی طرف موڑا ویسے ہی ایک موٹرسائیکل پر سوار دو بدمعاشوں نے پیچھے سے منیش کی بیوی کے ہاتھ سے پرس چھین لیا۔پرس ہاتھ سے نکلتے ہی دونوں نے شور مچانا شروع کردیا لیکن لٹیرے پرس لیکر وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ شور سن کر مقامی لوگ بھی مدد کیلئے پہنچ گئے۔ دن دہاڑے لوٹ کی اطلاع ملتے ہی حضرت گنج پولیس بھی موقع پرپہنچ گئی۔ پولیس نے بدمعاشوں کو کافی تلاش کیا لیکن کچھ پتہ نہیں چل پایا۔ اس کے بعد پولیس نے منیش کی تحریر پر نامعلوم بدمعاشوں کے خلاف لوٹ کی رپورٹ درج کرلی۔ پولیس کو جائے واردات سے پہلے چوراہے پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے بدمعاشوں کی فٹیج ملی ہے۔ پولیس اب فٹیج کی بنیاد پر موٹرسائیکل سوار بدمعاشوں کی تلاش کررہی ہے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا