English   /   Kannada   /   Nawayathi

قرآن کریم رہتی دنیا تک کے لیے زندہ معجزہ ہے : مولانا مفتی اشرف علی باقوی

share with us

ان باتوں کا اظہار امیر شریعت کرناٹک ، مہتمم وشیخ الحدیث جامعہ سبیل الرشاء بنگلور حضرت مولانا مفتی اشرف علی صاحب باقوی نے کیا۔ مولانا موصوف بنگلو ر کی عالیشان سٹی جامع مسجد میں بین الاقوامی قرأت مظاہر ومسابقہ قرآن کریم کے روح پرور پروگرام کے حاضرین سے خطاب فرمارہے تھے۔ مولانا نے اپنی تقریر میں قرآن کریم کی حقانیت اور اس کے اعجاز کی مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دین عالمی دین ہے جس کو زوال نہیں اور یہ دین ابدی ، آفاقی اور عالمی ہونے کی وجہ سے اس کو ایک ایسے معجزے کی بھی ضرورت تھی جس کے ذریعہ انسان اس دین میں داخل ہونے والے بن جائیں ۔ لہذا اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کی صورت میں ایک معجزہ عطا کیا جو قیامت تک کے آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ مولانا مفتی صاحب نے قرآن کے نزول کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ تےئیس سال کے عرصہ میں یہ قرآن مجید اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل کیاگیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے پیغام کو عام کرنے میں ہر طرح کی تکلیفیں برداشت کیں۔ پھر اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کے معانی اور مطالب بیان کرانے کی ذمہ داری بھی اللہ نے خود لی ہے ۔ مولانا نے مزید کہا کہ جس طرح قرآن کی آیتوں نازل کی گئی اسی طرح اس کے معانی اور مطالب بھی اللہ ہی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل کیا۔ مولانا نے حدیث شریف کے حوالے سے کہا کہ قیامت کے دن قرآن مجید پڑھنے والوں کی تعداد اتنی زیادہ ہونے کی وجہ سے اس امت کی تعداد بہت زیادہ ہوگی۔مولانا نے حاضرین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ زندہ جاوید ، متحرک معجزہ ہے جس پر عمل کرکے اپنی آخرت سنوار سکتے ہیں اوریہ بات معلوم ہونی چاہیے کہ قرآن مجید کریم کے اس طرح کے جلسے اسی لیے منعقد کیے جاتے ہیں تاکہ ہمارے سامنے قرآن کا اعجاز سامنے آجائے اور اس کو پڑھنے والوں کا اعجاز سامنے لاکر ان کی ہمت اور عزت افزائی کرکے ان کے ذریعہ کلام پاک کو سنے تاکہ اس کا نور ہمارے دلوں میں اتر جائے۔ ملحوظ رہے کہ اس خوبصورت محفل کا آغاز حافظ قاری مولوی زہیر خان رشادی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور نعت پاک مفتی محمد قاسمی نے اپنی سریلی آواز میں پیش کی۔ اس محفل میں شاندار قرأت مظاہر ہ بھی ہوا جس میں مصر اور دیگر ممالک کے علاوہ ہندوستان کے نامور قراء نے اپنے قرأت مظاہر ہ کے ذریعہ سامعین کے دلوں کو منور کیا وہیں ملک کے مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے ننھے منے حفاظ کرام نے مسابقہ حفظ قرآن میں حکم صاحبان کے سوالات کے جوابات بہترین انداز میں دئیے۔ مسابقہ حفظ قرآن مجیدمیں اول مقام حاصل کرنے والے حافظ عبدالرحمن جامع مسجد ہانسور گجرات نے حاصل کیا۔ دوسرے مقام پر حافظ بلال حسن رہے تو تیسرے نمبر پر کاسرگوڈ ، کیرلا کے حافظ محمد انس رہے۔مسابقہ میں حکم کے فرائض مولانا سید شبیر صاحب عمری اور مولانا صبغت اللہ صاحب عمری نے انجام دئیے۔ جلسہ کی نظامت مہتمم جامع العلوم جامع مسجد سٹی بنگلور وامام وخطیب جامع مسجد سٹی بنگلور مولانا مقصود عمران صاحب نے کی بہترین انداز میں کی۔تمام مساہمین کو بھی تشجیعی انعامات سے نوازا گیا ۔ اس کے علاوہ اس پروگرام کے انعقاد میں کوشش کرنے والوں کو بھی خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ ادارہ فکروخبرکو بھی اس کی صحافتی خدمات پر تہنیت پیش کی گئی جس کو ایڈیٹر فکروخبر مولانا انصار عزیز ندوی نے حاصل کیا۔دعائیہ کلمات کے ساتھ یہ خوبصورت محفل اپنے اختتام کو پہنچی۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا