English   /   Kannada   /   Nawayathi

کشمیر میں کشیدگی برقرار، فوج کی فائرنگ میں ایک اور کی موت ،(مزید اہم ترین خبریں)

share with us

وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور عام لوگوں سے ریاست میں امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے ۔ اور ساتھ ہی ساتھ ناپاک ارادہ رکھنے والے عناصر کے خلاف چوکنا رہنے کی بھی اپیل کی ہے۔ مقامی لوگ مظاہرین کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چار لوگوں کی موت کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں


بھارت میں گرمی کی شدت، 130 افراد ہلاک

نئی دہلی۔ 16 اپریل (فکروخبر/ذرائع) بھارت میں شدید گرمی کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق شدید گرمی کے باعث ملک کی ریاست تلنگانہ ،آندھرا پردیش اور اڑیسہ میں مرنے والوں کی تعداد 130 ہوگئی ہے۔ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدید لہر برقرار ہے اور محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ گرمی کی شدت آئندہ دو تین روز تک جاری رہے گی۔ ہندوستان کی مغربی ریاستوں تلنگانہ اور شمالی علاقوں میں کہا جا رہا ہے کہ سورج سے آگ برس رہی ہے۔ تلنگانہ میں گرمی کی شدت کے باعث سالانہ چھٹیوں سے پہلے ہی اسکول بند کر دیئے گئے ہیں۔ ماہرین نے گرمی کے شدت کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔


مودی نے جھوٹے وعدے کرکے ملک کو گمراہ کیا، ملائم سنگھ

نئی دہلی ۔ 16 اپریل (فکروخبر/ذرائع) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر ملائم سنگھ یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بڑا حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے وقت انہوں نے جو وعدے کئے وہ کھوکھلے ثابت ہوئے۔ ملایم سنگھ یادو نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی نے پارلیمانی انتخابات کے لئے انتخابی مہم کے دوران ملک کے نوجوانوں کو ملازمت دینے، کالا دھن واپس لا کر ہر باشندے کے اکاؤنٹ میں 15۔15 لاکھ روپے جمع کرانے کا وعدہ کیا تھا۔لیکن انتخابات کے بعد نہ تو اب تک کسی نوجوان کو نوکری ملی اور نہ ہی کسی کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے جمع ہوئے۔


کنویں سے بکری نکالنے کی کوشش میں3 لوگوں کی موت

لکھنو ۔ 16 اپریل (فکروخبر/ذرائع)ریاست اتر پردیش میں فیروز آباد کے علاقے میں کنویں سے بکری نکالنے کی کوشش میں زہریلی گیس سے دم گھٹنے کی وجہ سے ایک نوجوان سمیت تین لوگوں کی موت ہو گئی۔پولس ذرائع کے مطابق کتکپور کے باشندے رام بابو کی بکری کنویں میں گر گئی۔بکری نکالنے کے لئے پہلے رام بابو کنویں میں اترا لیکن وہ واپس نہیں نکلا، تو پھر اسکے 2پڑوسی کنویں میں داخل ہوے لیکن وہ بھی زہریلی گیس سے دم گھٹنے کی وجہ سے ہلاک ہوگئے۔


جامعہ اردو علی گڑھ نے ملک اور اردو زبان کی جو خدمت انجام دی ہے

اس کی مثال علمی دنیا کی تاریخ میں کہیں نہیں ملتی۔۔ رضأ اللہ خاں 

علی گڑھ۔16اپریل(فکروخبر/ذرائع)جامعہ اردو علی گڑھ نے ملک اور اردو زبان کی جو خدمت انجام دی ہے اس کی مثال علمی دنیا کی تاریخ میں کہیں نہیں ملتی۔ان خیالات کا اظہار جامعہ اردو علی گڑھ کی مشاورتی کونسل کے چیئرمین پروفیسر رضأ اللہ خاں نے کیا۔ وہ آج جامعہ اردو علی گڑھ کیمپس میں جامعہ اردو علی گڑھ کی 77ویں یومِ تنصیب تقریب سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ اردو علی گڑھ1939سے مسلسل سماج کے محروم طبقات کو اردو میڈیم سے تعلیم کی سہولیات مہیا کرا رہی ہے جس سے سماج کے محروم اور پسماندہ طبقات ملک کے قومی دھارے سے جڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی خواندگی کی شرح میں اضافہ کرنا اس ملک کی سب سے بڑی خدمت ہے کیونکہ تعلیم ہی ترقی کی اولین سیڑھی ہے اور یہ کارِ خیر جامعہ اردو علی گڑھ گزشتہ75سال سے بخوبی انجام دے رہی ہے۔اپنے صدارتی خطبہ میں جامعہ اردو علی گڑھ کے او ایس ڈی مسٹر فرحت علی خاں نے کہا کہ جامعہ اردو علی گڑھ کے75سالہ علمی سفر میں متعدد سیاسی رہنما،کئی سابق وزرائے اعظم، سابق صدر جمہوریۂ ہند، متعدد وزرأ اور کئی صوبوں کے وزرائے اعلیٰ جامعہ اردو علی گڑھ سے کسی نہ کسی طرح وابستہ رہے مگر افسوس کہ پھر بھی آج تک جامعہ اردو علی گڑھ اپنے استحکام سے محروم ہے اور آج تک کسی بھی حکومت نے اس ادارہ کی جانب چشمِ توجہ مبذول نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ اردو علی گڑھ مسلسل ترقی کی شاہ راہ پر گامزن ہے اور وہ دن دور نہیں جب اسے مرکزی و ریاستی حکومتوں کی جانب سے استحکام حاصل ہوگا۔ فرحت علی خاں نے کہا کہ آج جامعہ اردو علی گڑھ کوملک کے کسی بھی تعلیمی ادارے کے مقابلہ پیش کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ اردو نے کئی ایسے کورسیز شروع کئے ہیں جو اردو طبقہ کی خود کفالت میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دورِ حاضر کے تقاضوں کے پیشِ نظر اردو صحافت کا پیشہ ورانہ دو سالہ ڈپلومہ کورس شروع کیاگیا ہے جو اردو طبقہ کو صحافت کے میدان میں روزگار دلانے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ مزید دیگر کورسیز زیرِ غور ہیں۔ جامعہ اردو علی گڑھ کے راجسٹرار شمعون رضا نقوی نے کہا کہ سبھی سیاسی جماعتیں اردو کے فروغ کی بات کرتی ہیں مگر افسوس کہ اقتدار حاصل ہوتے ہی وہ اسی زبان کو فراموش کر بیٹھتی ہیں جس نے ملک کو آزادی دلاکر انہیں اقتدار کرنے کے قابل بنایا۔ مسٹر خان نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ اردو کو مسلمانوں کی زبان قرار دے کر اس کے ساتھ متعصبانہ رویہ اختیار کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اردو کے ساتھ نا انصافی ایک سوچی سمجھی سازش ہے اور اب جوسیاسی جماعت اپنے منشور میں اردو کے فروغ اور جامعہ اردو علی گڑھ کو سرکاری سطح پر استحکام عطا کرنے کا وعدہ کرے گی مسلمان اسی کے تعلق سے غور کرے گا۔
جامعہ اردو علی گڑھ کے ڈائرکٹر ڈاکٹرجسیم محمد نے کہا کہ ملک کی مرکزی و صوبائی حکومتوں نے نہ تو اردو زبان کے ساتھ انصاف کیا اور نہ ہی جامعہ اردوعلی گڑھ کے ساتھ۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ اردو علی گڑھ ملک کا پہلا فاصلاتی تعلیمی ادارہ ہے اور نہ صرف ملک بھر میں اس کے مراکز قائم ہیں بلکہ دیگر ممالک میں بھی اس ادارے کے مراکز اردو زبان و ادب کے فروغ میں اہم رول ادا کرکے ہندوستان کا نام روشن کر رہے ہیں اور اپنے ملک کو تعلیم کا مرکز ثابت کرنے میں مصروف ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جامعہ اردو علی گڑھ کی اسناد کوسرکاری سطح پر تسلیم کرکے مساویت عطا کی جائے اور اس ادارہ سے اسناد حاصل کرنے والے طلبأ و طالبات کوملک میں اعلیٰ تعلیم اور سرکاری ملازمتوں میں ترجیح دی جائے تاکہ ملک کے آئین کے مطابق اردو زبان کو اس کا وہ جائز حق مل سکے جس کی وہ مستحق ہے ۔ ڈاکٹرجسیم محمد نے کہا کہ ملک کو غلامی سے نجات دلانے میں اردو زبان نے جو رول ادا کیا وہ ہمارے ملک کی تاریخ کا روشن باب ہے اور سیاست دانوں کو چاہئے کہ وہ تعصب کی عینک اتار کرہندوستان کی تاریخ کا مطالعہ کریں۔
ڈاکٹرجسیم محمد نے کہا کہ اردو کے ساتھ نا انصافی کرنا ملک کے آئین کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے مترادف ہے جس کے لئے مرکزی و صوبائی حکومتوں کے ذمہ داران سے باز پرس کی جانی چاہئے۔
جامعہ اردو علی گڑھ کے کنٹرولر برائے امتحانات مسٹر رضوان علی خاں نے کہا کہ جامعہ اردو علی گڑھ محض ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ملک کی آزادی کی جدو جہد کی تاریخ ہے کیونکہ آزادی کی جدو جہد میں جامعہ اردو علی گڑھ اورا س سے وابستہ افراد نے جو قربانیاں پیش کی ہیں وہ ناقابلِ فراموش ہیں اور ان کا اعتراف ملک کے باوقار سیاست داں متعدد مواقع پر کر چکے ہیں۔ڈپٹی کنٹرولر عبدالقدیر نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے جب حکومتِ ہند کو جامعہ اردو کی جانب توجہ مبذول کرکے اسے اوپن یونیورسٹی کا درجہ دیا جانا چاہئے۔
پروگرام کے آخر میں اتفاقِ رائے سے ایک تجویز پاس کرکے مطالبہ کیاگیا کہ مرکزی حکومت پارلیامنٹ میں بل لاکر جامعہ اردو علی گڑھ کو اوپن یونیورسٹی کا درجہ دے تاکہ اردو زبان کے ساتھ انصاف ہوسکے اور اسے آئینی درجہ حاصل ہو۔ 
پروگرام میں بڑی تعداد میں اساتذہ ،دانشوران اور معززین کے علاوہ خصوصی طور پر عبدالماجد، مصاعدقدوائی، خورشید احمد، ناصر، نثار، عبدالمنان، اقبال جاوید، عاقل جعفری، سید شکیل احمد اور فرید خاں،محمود انصاری ، اقبال سیفی وغیرہ بھی موجود تھے۔


’ بہار میں اردو صحافت سمت و رفتار ‘ قومی سمینار کی تیاری تیز :منصور خوشتر

ریحان غنی، فاطمی ، سید ممتاز الدین اور مشتاق نوری کی شرکت یقینی 

دربھنگہ۔16اپریل(فکروخبر/ذرائع)االمنصور ایجوکیشنل اینڈ ویلفےئر ٹرسٹ دربھنگہ کے زیر اہتمام اوربہار اردو اکادمی پٹنہ کے مالی تعاون سے یک روزہ قومی سمیناربعنوان’’ بہار میں اردو صحافت سمت و رفتار ‘‘ آئندہ ۲۱؍اپریل ۲۰۱۶ (بوقت ۱۱بجے دن )منعقد ہونے جارہا ہے ۔ملت کالج دربھنگہ کانفرنس ہال میں منعقد ہونے والے اس سمینار کی صدارت ایم ۔ ایم ۔ اشرف فرید (سرپرست ٹرسٹ ) فرمائیں گے جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے محمد علی اشرف فاطمی ( سابق وزیر مملکت برائے فروغ انسانی وسائل ،حکومت ہند) جبکہ مہمان اعزازی کے طور پر پروفیسر سید ممتاز الدین (پرو۔ وائس چانسلر ،متھلا یونیورسیٹی دربھنگہ)، مشتاق احمد نوری (سکریٹری بہار اردو اکیڈمی پٹنہ ) ،ڈاکٹر عبد المنان طرزی ، پروفیسر محمد رحمت اللہ (پرنسپل ملت کالج دربھنگہ شریک ہوں گے جبکہ نظامت معروف افسانہ نگار ڈاکٹر مجیر احمد آزاد انجام دیں گے ۔ ٹرسٹ کے سکریٹری منصور خوشتر کے مطابق پہلے اجلاس کی صدارت پروفیسر مناظرعاشق ہرگانوی ، سید احمد قادری اور پروفیسر شاکر خلیق کریں گے ۔ مقالہ نگاران میں ریحان غنی ، انور الحسن وسطوی ، فخر الدین عارفی ، سید شہباز عالم ، احمد جاوید ، شمیم قاسمی ، کامران غنی ، فیاض احمد وجیہہ دہلی ، یاسمین رشیدی دہلی ، ڈاکٹر قیام نےئر ، شکیل احمد سلفی ،عطا عابدی ، احتشام الحق ، عبد المتین قاسمی ، نور الاسلام ندوی ، سلمان عبد الصمد ،دہلی ، ڈاکٹراحسان عالم ،فردوس علی ، عرفان احمد پیدل وغیرہ شریک ہوں گے ۔ 


وجے مالیہ کا پاسپورٹ معطل

نئی دہلی ۔16اپریل(فکروخبر/ذرائع )حکومت ہند نے آج ملک کے ایک بڑے تاجر وجے مالیہ کا پاسپورٹ معطل کر دیا۔ اس اقدام کی سفارش انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کی تھی۔وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے یہاں بتایا کہ مالیہ کا سفارتی پاسپورٹ فوری طور پر چار ہفتوں کے لئے معطل کر دیا گیا ہے۔پاسپورٹ ایکٹ کی دفعہ 10Aکے تحت یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہے۔مالیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر جواب دیں۔ بصورت دیگر یہ مان کر کہ ان کے پاس جواب نہیں وزارت خارجہ ان کے پاسپورٹ کی منسوخ کر دے گی۔


طاق اور جفت نمبرکی سہولت سے کار بنانے والی کمپنیوں کو فائدہ: ماکن

نئی دہلی۔16اپریل(فکروخبر/ذرائع )دہلی کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ کاربنانے والی کمپنیوں کو براہ راست فائدہ پہنچانے کے لئے دہلی حکومت کار خریداروں سے پیسہ لے کر طاق اور جفت نمبر کی موٹر گاڑیاں خریدنے کی سہولت دے رہی ہے۔کانگریس کے ریاستی صدر اجے ماکن نے آج یہاں کہا کہ ان کی پارٹی طاق اور جفت فارمولے کے پوری طرح حق میں ہے لیکن اس کے پیچھے جو ہتھ کنڈے اپنائے جارہے ہیں۔ وہ سوال کھڑے کرتے ہیں۔کارخریداروں کو 20 ہزار روپے کی ادائیگی کرکے طاق اور جفت نمبر کی موٹر گاڑی خریدنے کی سہولت فراہم کرائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے کاربنانے والوں کو براہ راست فائدہ ہوگا۔ اس سے موٹر گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا کیونکہ جس کے پاس جفت نمبر کی کار ہے۔ وہ نئی کار خریدتے وقت 20 ہزار روپے ادا کرکے طاق نمبر خریدلے گا۔ یہ سہولت دوسری ریاستوں سے موٹر گاڑی خرید کر یہاں رجسٹریشن کرانے والوں کو بھی دی گئی ہے۔


گجرات میں انسداد دہشت گردی دستے نے 272.84 کروڑ روپئے کی منشیات ضبط کی

احمد آباد۔16اپریل(فکروخبر/ذرائع )گجرات پولیس کے انسداد دہشت گردی دستے اور احمد آباد پولیس کی کرائم برانچ نے ایک مشترکہ چھاپہ ماری کے دوران پارٹیوں میں منشیات کے طور پر استعمال ہونے والی ایک ممنوعہ دوا کا ایک بڑا ذخیرہ ضبط کیا ہے جس کی قیمت 272 کروڑ 84 لاکھ روپئے بتائی جا رہی ہے۔اس معاملے میں ایک شخص کو پکڑا گیا ہے جب کہ پولیس بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق ایم ایل اے بھاؤسنگھ راٹھور کے بیٹے کشور راٹھور سمیت دو دیگر ملزمین کی تلاش کر رہی ہے۔اے ٹی ایس افسر اور جوائنٹ پولیس کمشنر جے کے بھٹ نے آج نامہ نگاروں کو یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ 1364.2 کلوگرام ایفیڈرین احمد آباد کے دسکروئی تعلقہ کے وہوال گاؤں میں ایک فیکٹری کے گودام سے ضبط کی گئی۔ اس کے بعد گودام کے مالک نریندر کاچا کو فوراً پکڑ لیا گیا۔ سامی سیٹ کے سابق ایم ایل اے مسٹر راٹھور کے بیٹے کشور اور مہاراشٹر کے رہنے والے اس کے ساتھی جے مکھی کو پکڑنے کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دونوں کا تعلق بین الاقوامی منشیات گروہ سے ہے۔ وہ اس سلسلے میں دبئی اور پولینڈ بھی گئے تھے۔اس سلسلے میں منشیات ایکٹ کی دفعہ 25 اے اور تعزیرات ہند کی دفعہ 120 بی کے تحت معاملے درج کئے گئے ہیں۔


بہار میں ایک ہی کنبہ کے 3 بچے ڈوب جانے سے ہلاک

دربھنگہ۔16اپریل(فکروخبر/ذرائع ) بہار میں ضلع دربھنگہ کے مبی تھانہ علاقے کے گیہونی گاؤں کے نزدیک آج باگمتی ندی میں ایک ہی کنبہ کے تین بچوں کی ڈوب جانے سے موت ہوگئی۔سب ڈویڑنل پولیس افسر (صدر) دل نواز احمد نے یہاں بتایا کہ گیہونی گاؤں کے رہنے والے شنکر بیٹھا کے تین بچے آج صبح ندی میں نہانے گئے تھے۔ نہانے کے دوران سات سالہ امت کمار گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوبنے لگا۔ امت کو بچانے کیلئے اس کی 15 سالہ بہن انشو بھی ندی میں اتر گئی لیکن وہ بھی گہرے پانی کے سبب ڈوبنے لگی جسے بچانے کیلئے دوسری بہن 13 سالہ آنشو کمار گئی اور وہ بھی ڈوب گئی۔مسٹر احمد نے بتایا کہ مقامی غوطہ خوروں کی مدد سے بچوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ گھروالوں کی درخواست پر لاشیں بغیر پوسٹ مارٹم کرائے انہیں سونپ دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلاک ڈیولپمنٹ افسر (بی ڈی او) اویناش کمار متعلقہ تھانہ انچارج کے ساتھ موقع پر خیمہ زن ہیں۔


بوکارو میں رامنومی جلوس کے دوران ہنگامہ، لگا کرفیو

بوکارو۔16اپریل(فکروخبر/ذرائع )بوکارو میں رامنومی کے موقع پر نکالے جلوس پر پتھراؤ کیا گیا. پتھراؤ اور تشدد کے بعد شہر کے چار علاقوں میں کرفیو لگا دیا گیا. جلوس میں ہوئے تشدد میں ایک مجسٹریٹ، چار پولیس اہلکاروں سمیت 19 افراد زخمی ہو گئے.ڈپٹی کمشنر آر ایم پاترے نے کہا کہ شوانڈیہ کے نزدیک رامنومی کے جلوس پر حملہ کے بعد بالیڈیہ، ماراپھاری، سیکٹر 12 اور بوکارو سٹیل سٹی میں کرفیو لگا دیا گیا. انہوں نے کہا کہ پولیس کو صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے لاٹھی چارج کرنا پڑا اور آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے. سونڈیہ میں جمعہ کی شام چھ بجے نایاموڑ سے ریلوے پھاٹک کی طرف جا رہے رامنومی کے جلوس پر پتھراؤ کیا گیا. جلوس میں بوکارو ممبر اسمبلی ورچی نارائن بھی شامل تھے. جلوس جب ریلوے پھاٹک کی طرف جا رہا تھا، تبھی سونڈیہ میں کچھ لوگوں نے پولیس کی بیریکیڈنگ توڑ شاہراہ پر جلوس کو روک دیا. اس کے بعد ہنگامہ شروع ہو گیا. راستہ روک کر ان لوگوں نے پتھر بازی شروع کر دی. عینی شاہدین کا دعوی ہے کہ ہنگامہ بڑھنے کے بعد کچھ لوگوں نے ہوائی فائرنگ بھی کی. مقامی میڈیا میں پولیس گاڑی جلانے اور ایک ہوٹیل کو آگ کے حوالہ کرنے کی بھی بات کہی جا رہی ہے. وہیں بوکارو کے علاوہ ہزاری باغ میں بھی کچھ جگہوں پر رامنومی جلوس کے دوران آتش زنی اور پتھراؤ کی خبریں آ رہی ہیں.

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا