English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھونچال کے جھٹکوں سے اہلیان وادی میں خوف وہراس(مزید اہم ترین خبریں)

share with us

بھونچال کے زور دار جھٹکے افغانستان کے ساتھ ساتھ پاکستان و پورے شمالی ہندوستان میں بھی محسوس کئے گئے۔ این بی آئی خبررساں ایجنسی کے مطابق لائن آف کنٹرول کے آر پاراتوار اور سوموار کی درمیانی شب کو اُس وقت لوگ خوف و ڈر میں مبتلا ہوگئے جب رات کے 11بجکر46منٹ پرزلزلے کے زور دار جھٹکے آئے۔ ریاست جموں کشمیر میں بھی بھونچال کے جھٹکے محسوس کئے گئے جبکہ افغانستان، پاکستان کے علاوہ پورے شمالی ہندوستان میں بھی یہ جھٹکے محسوس کئے گئے۔ واضح رہے گذشتہ ماہ کے اکتوبر میں ہی افغانستان ، پاکستان اور شمالی ہندوستان میں7.1شدت کا شدید بھونچال آیا تھا جس میں افغانستان اور پاکستان میں ڈھیڑ سو کے قریب لوگ مارے گئے تھے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوگئے تھے اور بھاری مالی نقصان بھی ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اتوار اور سوموار کی درمیانی شب کو جیسے ہی بھونچال کے زور دار جھٹکے محسوس کئے گئے تو اُس وقت لوگ اپنے گھروں میں گہری نیند میں محو تھے جبکہ جھٹکے محسوس ہوتے ہی سرینگر شہر و وادی کے دوسرے علاقوں میں لوگ بستروں سے جلد ی جلدی اللہ کو یاد کرتے اور قرانی و کلمات پڑھتے ہوئے گھروں سے باہر آئے۔ زلزلے کے جھٹکوں سے عمارتیں ہلنے لگی جس سے لوگوں میں سخت خوف ہوا اور سال2005کے خوفناک بھونچال کی یادیں تازہ ہوگئی ۔ نمائندوں کے مطابق شہر سرینگر کے علاوہ وادی کے شمال و جنوب میں بھی لوگ جن میں مرد وخواتین اور بچے بھی شامل ہیں ڈر کے مارے گھروں سے باہر آئے جبکہ خواتین اور بچے رونے بھی لگے۔ریاست کے تینوں خطوں وادی کشمیر ، جموں اور لداخ میں بھی جھٹکے محسوس کئے گئے۔ جموں خطے کے سبھی علاقوں میں زلزلے کے زور دار جھٹکے محسوس کئے گئے۔ اس دوران امریکی ارضیات سروے کے مطابق اس تازہ زلزلے کی شدت 5.7تھی جبکہ اس کا مرکز افغانستان کے کوہ ہندو کُش پہاڑو ں میں تھا۔ اس زلزلے سے پورا افغانستان اور پاکستان بھی ہل گیا۔ ادھر زلزلے کے جھٹکوں سے شمالی ہندوستان کی سبھی ریاستیں بھی ہل گئی جبکہ راجدھانی دہلی میں بھی جھٹکے محسوس کئے گئے۔ اطلاعات کے مطابق زلزلے کے تازہ جھٹکوں سے کوئی مالی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔ پاکستان، افغانستان اور شمالی ہندوستان کی ریاستوں میں بھی لوگ جھٹکے محسوس ہوتے ہی اپنے گھروں سے باہر آئے۔واضح رہے پورا بر صغیر جس میں ہمالیائی خطے کے سبھی ملک ہندوستان، پاکستان، افغانستان، نیپال و دوسرے ملک زلزلے کے خطرناک زون میں شمار ہوتے ہیں۔ ماہرین ارضیات کے مطابق اس خطے میں کسی بھی وقت زلزلے آسکتے ہیں جن میں کئی تباہ کُن بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔


دہشت گردی کو مذہب سے نہ جوڑا جائے، داعش کے خلاف فوری طور متحد ہونے کی ضرورت

ان ملکوں کے خلاف بھی سخت کاروائی کی جائے جو انتہا پسندی کو فروغ دے رہے ہیں۔۔وزیر اعظم نریندر مودی

نئی دہلی ۔23نومبر(فکروخبر/ذرائع )وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے انتہا پسندی کو مذہب سے نہ جوڑنے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ داعش اور دوسری اتنہا پسند تنظیمیں جان بوجھکر اپنے آپکو مذہب سے جوڑ رہی ہے جبکہ ان دہشت گرد قوتوں کو مذہب سے پوری طرح الگ الگ تھلگ کرنے کیلئے بھی کوششیں کی جانی چاہیے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے داعش اور دوسری قسم کی انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے دنیاکے سبھی امن پسند ملکوں کو متحد ہوکر پوری قوت سے لڑنا چاہیے۔ پاکستان کا نام لئے بغیر وزیر اعظم نے اپنے ملیشیا کے دورے پر وہاں مقیم ہندوستانیوں کے ایک بڑے مجموعے سے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو گذشتہ کئی دہائیو ں سے سرحد پار کی جنگجویانہ سرگرمیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے داعش کی طرف سے انٹر نیٹ کے غلط استعمال سے پڑنے والے خطرات اثرات کے خلاف بھی فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ جی این این مانٹیرنگ کے مطابق اپنے ملیشیا کے دورے کے موقعے پر وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے وہاں مقیم ہندوستانی عوام سے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ دنیاکو اس وقت دہشت گردی کا ہی سب سے بڑا خطرہ ہے جو داعش کی صورت میں ہے۔ اپنی تقریر میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ داعش کی سرگرمیاں خطرناک حد تک بڑھ رہی ہیں جس کی مثال حالیہ دنوں کے پیرس حملوں کی ہے جبکہ داعش مزید خطرناک حملوں کی دھمکی بھی دے رہی ہے۔ وزیر اعظم نے دنیاکے سبھی امن پسند ملکوں سے اپیل کی کہ وہ اس خطرناک دہشت گرد تنظیم کے خلاف پوری قوت کے ساتھ متحد ہوجائیں اور داعش کی ہر قسم کی سرگرمیوں کو ختم کرنے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں۔ اپنی تقریر میں وزیر اعظم نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ انتہا پسندی کو مذہب سے نہیں جوڑا جانا چاہیے اور سبھی امن پسند ملکوں کی یہ کوشش ہونی چاہیے کہ آئی ایس آئی ایس اور دوسرے انتہا پسندوں کو مذہب سے مکمل طور الگ تھلگ کردینا چاہیے۔نریندر مودی نے کہا کہ داعش جیسی خطرناک انتہا پسند تنظیم خود کو مذہب سے جوڈ کر لوگوں کو گمراہ کررہی ہے جبکہ اس بات کی سخت ضرورت ہے کہ داعش کو مذہب سے الگ تھلگ کیا جائے۔ وزیر اعظم نے خبردار کیا کہ جس تیزی کے ساتھ داعش اپنی سرگرمیوں کو بڑھا رہا ہے اس کو نظر میں رکھتے ہوئے اب سبھی ملکوں کو اپنی پوری طاقت سے داعش کے خطروں کا روکنا ہوگا۔ آئی ایس آئی ایس کی طرف سے سائبر نیٹ ورک کے بڑے پیمانے پر کئے جارہے غلط استعمال کے بارے میں وزیر اعظم نے خبردار کیا کہ اب داعش نئی بھرتیوں اور مدد کیلئے انٹر نیٹ کا سہا را لے رہی ہے کہ دنیاکیلئے ایک بڑا چلینج ہے اور اس چلینج سے نمٹنے کیلئے سبھی امن پسند ملکوں کو بھی سائبر سیکورٹی کو مزید موثر بنانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ انٹر نیٹ کے غلط استعمال سے اب دوسرے ملکوں کے نوجوان داعش کے گمراہ کُن پروپگنڈے کے بہکاوے میں آرہے ہیں اور اگر اس طرح کی صورتحال کو نہ روکا گیا تو یہ سنگین صورتحال اختیار کرے گا جبکہ اس سے دوسرے ملکوں کیلئے بھی سیکورٹی کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں کہا کہ داعش کا خطرہ اب جنوبی ایشیا کی طرف بھی بڑھ رہا ہے جبکہ تنظیم انٹر نیٹ کے غلط استعمال سے تنظیم اپنی سرگرمیوں کا پھیلا رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ دوسرے ملکوں کے لوگ داعش کے گمراہ کُن پروپگنڈے میں آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس ضمن میں فوری نوعیت کے اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو پھر صورتحال سے نمٹنا پیچیدہ بن جائے گا۔ وزیر اعظم ہند نے کہا کہ ہندوستان داعش کے کسی بھی طرح کے خطرات سے نمٹنے کا اہل ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ سبھی ملک اس کے خلاف ملکر لڑائی لڑیں تاکہ داعش کو ختم کیا جائے اور اس کیلئے داعش کی سرگرمیوں کو مذہب سے الگ تھلگ کیا جانا چاہیے۔ اپنی تقریر میں وزیر اعظم نے اگر چہ پاکستان کا نام نہیں لیا لیکن بتایا کہ ہندوستان کو گذشتہ کئی دہائیوں سے سرحد پار کی انتہا پسندی کی سرگرمیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ ہندوستان ان گرمیوں سے اکیلے نمٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا مگر داعش جیسی تنظیم سے نمٹنے کیلئے سبھی ملکوں کو متحد ہوکر لڑنا چاہیے۔ وزیر اعظم نے پاکستان کا نام لیے بغیر کہا کہ جو ملک انتہا پسندی کو فروغ دے رہے ہیں ان کے خلاف بھی کاروائی کی جانی چاہیے۔



کشمیر میں حالات خراب کرنے کیلئے سرحد پار ہی منصوبے بنائے جارہے ہیں۔۔کرن رجیجو

نئی دہلی ۔23نومبر(فکروخبر/ذرائع )مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ کرن رجیجو نے کشمیر میں جنگجووں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی جاری کامیاب کاروائیوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر پولیس کے ساتھ ساتھ فوج اور دوسی سیکورٹی ایجنسیاں سرحد پار کے تمام منصوبوں اور حالات خراب کرنے کے حربوں کو پوری قوت کے ساتھ ناکام بنا رہی ہیں۔ بین الاقوامی سرحد پر جاری بد امنی کے حالات کے بار ے میں انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کا ایک اور ثبوت ہے کہ کس طرح پاکستان سے ہی کشمیر میں جنگجویانہ سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے بار بار سیز فائر بندی کی خلاف ورزی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امن کی صورتحال کو بگاڑنے کیلئے سرحد پار سے نئے نئے حربوں کو استعمال کیا جارہا ہے۔ رجیجو نے کہا کہ پاکستان اس طرح کی کاروائیوں سے ہندوستان کے صبر کا امتحان لے رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کشمیر میں امن کی صورتحال کو بگاڑنے کیلئے سرحد پار کے عناصر کو زمہ دار قرار دیتے ہوئے امور داخلہ کے مرکزی وزیر مملکت کرن رجیجو نے کہا کہ پاکستان کی پشت پناہی سے ہی کشمیر میں جنگجویانہ سرگرمیوں کو ہوا دی جارہی ہے جس کیلئے بار بار در اندازوں کو کشمیر میں داخل کرنے کی کوششیں بھی لگاتار جاری ہیں۔نئی دلی میں مرکزی نیم فوجی فورس ایس ایس بی کی طرف سے منعقد کی گئی ایک تقریب میں شرکت کرنے کے حاشیے کے موقعے پر کرن رجیجو نے کہا کہ جموں کشمیر میں تعینات سیکورٹی فورسز پوری طرح مضبوط ہیں اور سیکورٹی ایجنسیاں جن میں پولیس، فوج اور دوسری نیم فوجی دستے شامل ہیں کامیابی کے ساتھ جنگجووں کے ساتھ نمٹ رہی ہیں جبکہ سیکورٹی فورسز کو جنگجووں کے خلاف خاطر خواہ کامیابی مل رہی ہے۔ امور داخلہ کے وزیر مملکت نے کہا کہ جس طرح سیکورٹی فورسز پاکستان کے منصوبوں کو ناکام بنا رہی ہیں اس سے سرحد کے جنگجو عناصر بھی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور پاکستان کی پشت پناہی سے ہی سرحد پار ہی کشمیر میں جنگجویانہ کاروائیوں کو جاری رکھنے کیلئے نئے منصوبہ بنائے جارہے ہیں۔ 


بیوی کے قتل میں نامزد شوہر گرفتار 

لکھنؤ۔23نومبر(فکروخبر/ذرائع ) بیوی کو موت کے گھاٹ کے اتارنے والے شوہر رجن لال کو گوسائیں گنج پولیس نے گرفتارکرلیا۔متوفیہ کے کنبہ والوں نے دامادپر شک ظاہر کرتے ہوئے پولیس کو تحریر دی تھی جس کے بعد پولیس نے معاملہ کی جانچ شروع کردی تھی ۔ بیوی کو مارنے میں ملزم پائے گئے شوہر کو پولیس نے جمعہ کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیاہے۔ واضح ہوکہ گزشتہ ۳۱ نومبر کو بسریہاگاؤں باشندہ رجن لال کی بیوی شکنتلا مشتبہ حالت میں لاپتہ ہوگئی تھی۔ جب شکنتلا کے مائکے والوں کواس بات کی خبر ملی تو ان لوگوں نے گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی ۔ دوسرے دن شکنتلا کی لاش لونی کٹرا بہٹا کے پاس گومتی ندی میں تیرتی ملی تھی ۔ گاؤں والوں نے ندی میں لاش دیکھ کر اطلاع پولیس کودی تھی ۔ پولیس نے لاش کی شناخت کراکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیاتھا ۔ جس کے بعد شکنتلا کے والد کیدار ناتھ نے داماد رجن لال پر شک ظاہر کرتے ہوئے پولیس کو تحریر دی تھی ۔ شکایت ملنے کے بعد پولیس نے معاملہ کی تفتیش شروع کی جس میں رجن لال کی بیوی کے قتل میں ملزم پایا گیا جسے گرفتار کرلیاگیاہے۔ 


موبائل کی دکان کا شٹر کاٹ کر چوری 

لکھنؤ۔23نومبر(فکروخبر/ذرائع )مڑیاؤں علاقے میں ایک موبائل دکان کا شٹر کاٹ کر چور نقد روپئے اور لاکھوں کا مال چوری کرلے گئے ۔ موقع پر پہنچی پولیس نے تفتیش کے بعد اس معاملہ میں چوری کی رپورٹ درج کرلی ۔ حسن گنج سدھارتھ نگر کے رہنے والے سمت کی سیتاپور روڈ واقع تاڑی خانہ میں موبائل کی دکان ہے۔بتایا جاتاہے کہ یومیہ کی طرح جمعرات کی شب سمت اپنی دکان بند کرکے گھر چلاگیا تھا۔جمعہ کی صبح جب وہ دکان پہنچا تو دکان کا شٹر کٹا ملا ۔ اس نے جب دکان کا پورا شٹر اٹھاکر دیکھا تو دکان میں رکھاسامان بکھرا پڑا تھا ۔ چور اس کی دکان سے ۰۰۵۲ روپئے نقد اور لاکھوں کا موبائل اور دیگر سامان چوری کرلے گئے تھے ۔ دکاندارکی اطلاع پرپہنچی پولیس نے تفتیش کے بعد اس معاملے میں چوری کی رپورٹ درج کرلی ۔ 


بیت الخلاء کی تعمیر میں رکاوٹوں کو دور کئے جانے کی ہدایت

لکھنؤ۔23نومبر(فکروخبر/ذرائع )چیف سکریٹری آلوک رنجن نے ریاست کے منطقائی کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ ڈاکٹر رام منوہر لوہیا سمگر ترقیاتی اسکیم کے تحت ریاست کو کھلے میں رفع حاجت کرنے سے پاک بنانے کے لئے بیت الخلاء کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیکر سالانہ کام اسکیم میں مجوزہ ہدف کے مطابق مقررہ وقت میں پوراکرائیں ۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ منطقائی کمشنر جائزہ رپورٹ حکومت ہرحالت میں دستیاب کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کھلے میں رفع حاجت سے پاک کرانے کے لئے ہربرس زیادہ سے زیادہ سے زیادہ بیت الخلاء کی تعمیر کرائی جائے ۔ 


ٹرین کے سامنے کود کر کسان نے دی جان 

لکھنؤ۔23نومبر(فکروخبر/ذرائع ) ملیح آباد علاقے میں گزشتہ شب ایک کسان نے ٹرین کے سامنے کود کر اپنی جان دے دی ۔کسان کے پاس سے پولیس کو ایک خودکشی نامہ ملاہے ۔ جس کی بنیاد پر پولیس کا مانناہے کہ کسان نے گھریلو جھگڑے کے سبب خودکشی کی ہے۔ ملیح آباد نامہ نگار نے بتایاکہ جمعہ کی صبح رحیم آباد کے جالامؤ گاؤں کے پاس ریلوے لائن پر ایک۰۳ سالہ نوجوان کی لاش پڑی ملی ۔ موقع پر پہنچی پولیس کوتلاشی کے دوران نوجوان کے پاس سے ایک خودکشی نامہ ملا ۔جس کی مدد سے اس کی شناخت ہردوئی باشندہ راجیش کے طورپرہوئی ۔ خبر ملتے ہی کنبہ کے لوگ پہنچے ۔ ان لوگوں نے لاش کی شناخت راجیش کی شکل میں کی ۔ تفتیش کے بعد پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ۔ خودکشی نامہ میں راجیش نے گھریلو جھگڑا سے پریشان ہوکر اپنی جان دینے کی بات لکھی تھی ۔کنبہ والوں نے بتایاکہ راجیش جمعرات کی شام کو گھر سے نکلاتھا ۔ راجیش کے کنبہ میں بیوری اور چھ بچے ہیں ۔ 


موٹرسائیکل سوار نوجوانوں نے سپاہی اور ہوم گارڈ کو پیٹا 

لکھنؤ۔23نومبر(فکروخبر/ذرائع)وکاس نگر علاقے میں کار اور موٹرسائیکل کی ٹکر کے بعد دونوں فریق میں جھگڑا ہونے لگا ۔ موقع پر پہنچے ٹریفک سپاہی اور ہوم گارٖڈ نے جب اس کوسمجھانے کی کوشش کی تو وہ لوگ نہیں مانے ۔ اس پر سپاہی اپنے موبائل فون سے ویڈیو بنانے لگا ۔ بس اسی بات پر موٹرسائیکل سوار نوجوان بھڑک اٹھے اور ان لوگوں نے سپاہی اور ہوم گارڈ کی پٹائی کردی ۔ اطلاع پر پہنچی پولیس نے دونوں نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ۔ وکاس نگر کے سیکٹر ۷ میں رہنے والے ایک ڈاکٹر آج صبح اپنی کار سے اسپتال جارہے تھے ۔ بتایاجاتاہے کہ راستے میں خرم نگر چوراہے کے پاس ان کی کار اچانک ایک موٹرسائیکل سے ٹکرارگئی ۔ اس پر موٹرسائیکل سوار دونوں نوجوان ڈاکٹر سے جھگڑا کرنے لگے ۔ اس وقت ڈیوٹی پرتعینات سپاہی سنتوش اور ہوم گارڈ پروین نے یہ منظر دیکھا تو وہ لوگ وہاں پہنچ گئے اور دونوں نوجوانوں کو سمجھانے لگے ۔ سپاہی اور ہوم گارڈ کے سمجھانے کے باوجود وہ ماننے کیلئے تیار نہیں تھے ۔اس پر سپاہی نے اپنا موبائل فون نکالا اور ان کی ویڈیو بنانے لگا ۔ سپاہی کاویڈیو بنانا دونوں نوجوانوں کوناگوار گزر گیااور وہ بھڑک اٹھے ۔ اس کے بعد دونوں نے سپاہی کی پٹائی کردی ۔اس درمیان جب ہوم گارڈ نے بیچ بچاؤکرنے کی کوشش کی تو نوجوانوں نے اس کے ساتھ بھی مارپیٹ کی ۔جھگڑے کو دیکھ کر کار سوار ڈاکٹر نے پولیس کواطلاع دے دی ۔ اطلاع پاکر موقع پر وکاس نگر پولیس پہنچ گئی ۔ پولیس نے دونوں نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا